ہماری ویب اور ملتان سلطان آن لائن میڈیا پارٹنر بن گئے

پاکستان کے مقبول ترین ویب پورٹل “ ہماری ویب “ اور پی ایس ایل تھری میں شامل فرنچائز “ ملتان سلطان “ کے درمیان آن لائن میڈیا پارٹنر شپ طے پا گئی ہے- گزشتہ روز یعنی 19 فروری 2018 کو اس معاہدے پر دستخط کے لیے باقاعدہ طور پر ملتان سلطان کے آفس میں ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا-
 

image


ہماری ویب اس وقت ماہانہ 9 ملین مقامی آن لائن وزیٹر کے ساتھ پاکستان کا ایک معروف آن لائن پلیٹ فارم بن چکا ہے- اور اسی پلیٹ فارم کی طاقت کے ذریعے اب ہماری ویب ملتان سلطان کے فروغ کے لیے بھی اپنی خدمات سرانجام دے گی- ہماری ویب اپنے اس پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے ملتان سلطان کے ایونٹس کی بھرپور تشہیر کرے گی اور کرکٹ شائقین کو اس فرنچائز سے متعلق ہر قسم کی معلومات فراہم کرے گی-

اس شاندار موقع پر ویب بِز میڈیا پرائیوٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو جناب ابرار احمد کا کہنا تھا کہ “ کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جو ہر پاکستانی کی رگوں میں دوڑتا ہے- ہم ایک شاندار ماضی کے مالک ہیں اور ہمیں اپنے عظیم کرکٹرز پر فخر ہے- بدقسمتی سے گزشتہ چند سالوں کے دوران ہونے والی دہشت گردی نے پاکستان کی کرکٹ پر منفی اثرات مرتب کیے ہیں- تاہم ان مشکلات اور رکاوٹوں کے درمیان پاکستان سپر لیگ کا ابھر کر سامنے آنا پاکستانی کرکٹ کو محفوظ بنانے کے مترادف ہے- پاکستان سپر لیگ کے پہلے دو کامیاب ایڈیشن کے بعد یقیناً یہ تیسرا ایڈیشن پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے اسٹیڈیم میں آنے والے کرکٹ شائقین میں ایک نیا جوش اور ولولہ پیدا کرے گا- ہمیں پاکستان سپر لیگ کی چھٹی ٹیم “ ملتان سلطان “ کے ساتھ بحیثیتِ آن لائن میڈیا پارٹنر منسلک ہونے پر فخر ہے- ہم اپنے وسائل کو فرنچائز کے فروغ کے لیے استعمال کرنے کو حوالے سے نہ صرف خوش ہیں بلکہ یہ بھی خواہش رکھتے ہیں ملتان سلطان پی ایس ایل تھری 2018 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے“-
 

image


دوسری جانب ملتان سلطان کے صدر جناب اشعر شون کا اس پارٹنر شپ کے قیام پر خوشی کا اظہار اور ہماری ویب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہنا تھا کہ “ ہم ملتان سلطان اور ہماری ویب کے درمیان قائم ہونے والی اس ولولہ انگیز پارٹنرشپ کے حوالے سے انتہائی پرجوش ہیں- ہم پہلی بار رواں سال پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں شامل ہونے جارہے ہیں- اور وہ سب جو ملتان شہر اور کرکٹ کو سپورٹ کرتے ہیں ان کی نظریں ہم پر ہیں کہ ہم اس کھیل میں کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں- ہمیں امید ہے کہ ہماری یہ آن لائن میڈیا پارٹنر شپ ہم دونوں کے لیے بہترین ثمرات لائے گی“-

ملتان سلطان پاکستان سپر لیگ میں پہلی بار شامل ہونے جارہی ہے جس سے یہ مقابلہ یقیناً مزید دلچسپ اور سخت ہوجائے گا کیونکہ ملتان سلطان پی ایس ایل تھری 2018 میں شامل کسی بھی ٹیم کو پریشان کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے- وسیم اکرم ملتان سلطان 2018 کے کرکٹ آپریشن ڈائریکٹر ہوں گے جبکہ ٹام موڈی اس ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دیں گے- اس کے علاوہ کئی اور بڑے کھلاڑی جیسے کہ شعیب ملک٬ احمد شہزاد٬ ڈیرن بریوو٬ کیورین پولارڈ٬ کمار سنگا کارا٬ نکولس پورن٬ عمر گل٬ محمد عرفان اور جنید خان بھی ملتان سلطان سے وابستہ ہیں-

YOU MAY ALSO LIKE:

Pakistan’s leading online platform HamariWeb .com has signed an agreement with PSL 3 franchise “Multan Sultan” to become its Official Online Media Partner. The signing ceremony was held at Multan Sultan’s office on 19th February 2018.