معروف برطانوی سائنسدان سٹیفن ہاکنگ چل بسے

معروف برطانوی سائنسدان سٹیفن ہاکنگ 76 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

سٹیفن ہاکنگ بلیک ہولز اور نظریہ اضافیت کے بارے میں گراں قدر خدمات کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔ انھوں نے سائنس کے موضوع پر کئی کتابیں لکھیں جن میں ’اے بریف ہسٹری آف ٹائم‘ بھی شامل ہے۔

سٹیفن ہاکنگ کے خاندان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہمارے پیارے والد آج چل بسے ہیں جس پر ہمیں دلی افسوس ہے۔‘
 

image


سنہ 1963 میں 22 برس کی عمر میں جب انھیں موٹر نیورون کا مرض لاحق ہوا تو اس وقت طبی ماہرین نے پیش گوئی کی تھی کہ وہ صرف چند ماہ ہی زندہ رہ سکیں گے۔

اس بیماری کے شکار صرف پانچ فیصد لوگ بھی مرض کی تشخیص کے بعد ایک دہائی سے زیادہ عرصہ زندہ نہیں رہ سکے۔ زیادہ تر لوگ اس بیماری کی تشخیص کے چند سالوں کے اندر اندر مر جاتے ہیں۔

اس بیماری کے باعث سٹیفن ہاکنگ ویل چیئر تک محدود ہو گئے اور بول چال کے لیے طبی آلات کا استعمال کرتے رہے۔

حقیقت یہ ہے کہ پروفیسر ہاکنگ اس بیماری کے ساتھ تقریباً نصف صدی تک زندہ رہے جو آہستہ آہستہ جسم کے ان پٹھوں کو کمزور کرتی ہے جو اعصاب کو کنٹرول کرتے ہیں اور ان کا اس طرح زندہ رہنا ایک ’معجزہ‘ تھا۔

سٹیفن ہاکنگ کو نظریاتی فزکس میں آئن سٹائن کے بعد سے سب سے باصلاحیت سائنسدانوں میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے۔

ان کے بچوں لوسی، رابرٹ اور ٹم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’وہ ایک عظیم سائنسدان اور ایک غیرمعمولی آدمی تھے جن کا کام اور وراثت آنے والے سالوں میں زندہ رہے گی۔‘
 

image


بیان میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے ایک بار کہا تھا: 'اگر یہ کائنات ان لوگوں کا گھر نہ ہوتی جن سے آپ محبت کرتے ہیں تو یہ ایسی نہ ہوتی۔‘ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ہم ہمیشہ ان کی کمی محسوس کریں گے۔‘

2016 میں انھوں نے کہا تھا کہ ’انسانیت کو انسان کی اپنی تخلیقات کی وجہ سے خطرات کا سامنا ہے‘۔

سٹیفن ہاکنگ: مختصر تعارف
پیدائش: آٹھ جنوری 1942، آکسفرڈ، انگلینڈ
سنہ 1959 میں نیچرل سائنس کی تعلیم کے لیے آکسفرڈ میں داخلہ لیا، کیمبرج یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی۔
سنہ 1963 میں موٹر نیورون مرض کی تشخیص ہوئی اور انھیں دو سال مزید زندہ رہنے کا وقت دیا گیا تھا۔
سنہ 1974 میں نظریہ پیش کیا کہ خلا میں بلیک ہولز ’ہاکنگ ریڈی ایشن‘ خارج کرتے ہیں۔
سنہ 1988 میں اپنی کتاب ’اے بریف ہسٹری آف ٹائم‘ شائع کی جس کی ایک کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت ہوئیں۔
سنہ2014 میں ان کی زندگی پر فلم ’دی تھیوری آف ایوریتھنگ‘ بنائی گئی جس میں مرکزی کردار ایڈی ریڈمیئر نے ادا کیا۔


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Stephen Hawking, the brightest star in the firmament of science, whose insights shaped modern cosmology and inspired global audiences in the millions, has died aged 76. His family released a statement in the early hours of Wednesday morning confirming his death at his home in Cambridge.