فضیلت شب نصف شعبان المعظم وعبادات

اعوذ باﷲ من الشیطن الرجیم 0 بسم اﷲ الرحمن الرحیم۔ حم0 وَالْکِتٰبِ الْمُبِیْنoاِنَّا اَنْزَلْنٰہُ فِیْ لَیْلَۃٍ مُبٰرَکَۃٍ اِنَّا کُنَّا مُنْذِرِیْنo فِیْھَا یُفْرَقُ کُلُّ اَمْرٍ حَکِیْمo اَمْراً مِّنْ عِنْدِنَا ط اِنَّا کُنَّا مُرْسِلِیْنo رَحْمَۃً مِّنْ رَّبِّکَ ط اِنَّہ‘ ھُوَالسَّمِیْعُ الْعَلِیْمo
(سورہ دخان آیات ۱ تا ۶)
مفھوم:( قسم اس روشن کتاب کی۔ بے شک ہم نے اسے برکت والی رات میں اتارابے شک ہم ڈر سنانے والے ہیں۔ اس میں بانٹ دیا جاتا ہے ہر حکمت والا کام۔ ہمارے پاس کے حکم سے۔ بے شک ہم بھیجنے والے ہیں۔ تمہارے رب کی طرف سے رحمت ، بے شک وہی سنتا جانتا ہے)سورہ دخان کی ان آیات میں اس رات سے مراد شب برات ہے یا شب قدر۔ اس رات میں تمام قرآن پاک لوح محفوظ سے آسمان دنیا کی طرف اتارا گیا پھر وہاں سے حضرت جبریل علیہ السلام ۲۳ سال کے عرصہ میں تھوڑا تھوڑا لیکر کر نازل ہوئے۔ اس شب کو شب مبارکہ اس لیئے فرمایا گیا کہ اس میں قرآن پاک نازل ہوا اور ہمیشہ اس شب میں خیر و برکت نازل ہوتی ہے اور دعائیں قبول ہوتی ہیں۔اس رات کو لیلۃ البراء ۃ بھی فرمایا گیا ہے۔ عام طور پر ہمارے ہاں شب برات مشہور ہے۔یہ رات 14 اور 15 شعبان کی درمیانی رات ہے۔
حضرت السید شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اﷲ علیہ نے غنیہ الطالبین میں لکھا ہے کہ حضرت انس بن مالک رضی اﷲ عنھما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا کہ رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا کہ اس ماہ کا نام شعبان اس لیئے رکھا گیا کہ اس ماہ میں رمضان کے لیئے بیشمار نیکیاں تقسیم کی جاتی ہیں اور رمضان اس لیئے رکھا گیا کہ یہ مہینہ گناہوں کو جلا دیتا ہے۔
اس مقدس رات میں دیدہ دانستہ خلاف شریعت اعمال کا ارتکاب اﷲ اور رسول ﷺ کی ناراضگی کا سبب بنے گا۔ اور عذاب الہی سے کون چھڑائے گا؟ استغفار کریں اور اپنے رب کریم کی رحمت اور اسکے فضل کے حصول کے لیئے کمر بستہ ہوں۔
حدیث شریف: وعن عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنھاان النبی ﷺ قال ھل تدرین ما فی ھذہ لیلۃ یعنی لیلۃ النصف من شعبان رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا کہ اے عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنھا کیا تو جانتی ہے کہ اس رات میں کیا ہے یعنی برکتیں جو نازل ہوتی ہیں نصف شعبان کی رات میں قالت ما فیھا یا رسول اﷲ ﷺ عرض کیا یا رسول اﷲ صلی اﷲ علیک وسلم وہ کیا ہیں؟ فقال فیھا ان یکتب کل مولود من بنی آدم فی ھذہ السنۃ فرمایا کہ ایک تو یہ کہ اس رات میں اولاد آدم میں ہر پیدا ہونے والا لکھ دیا جاتا ہے وفیھا ان یکتب کل ھالک من بنی آدم فی ھذہ السنۃ دیگر یہ کہ اس سال اولاد آدم میں سے ہر مرنے والے کا نام لکھ دیا جاتا ہے وفیھا ترفع اعمالھم اور اس میں اولاد آدم کے اعمال اٹھائے جاتے ہیں ۔
علامہ طیبی نے کہا کہ اس سے مراد اعمال لکھے جاتے ہیں اور سال میں روزانہ لکھے کے مطابق اٹھائے جاتے ہیں و فیھا تنزل ارزاقھم و دیگر یہ کہ بنی آدم کا رزق جو سال میں اﷲ نے اسکو دینا ہے لکھ دیا جاتا ہے۔ اس سے مراد رزق ہر فرد کا نازل کیا جاتا ہے فقالت یا رسول اﷲ ﷺ ما من احد یدخل الجنۃ الا برحمۃ اﷲ تعالی حضرت ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا نے عرض کیا یا رسول اﷲ صلی اﷲ علیک وسلم کیا کوئی ایسا فردنہیں ہے کہ جو جنت میں بغیر اﷲ پاک کی رحمت کے داخل ہو فقال مامن احد یدخل الجنۃ الا برحمۃ اﷲ تعالی ثلثا آپ ﷺ نے فرمایا کہ کوئی ایسا نہیں جو جنت میں داخل ہو مگر اﷲ کی رحمت سے یہ آپ ﷺ نے تین دفعہ فرمایا قلت ولا انت میں نے عرض کیا کہ آپ بھی نہیں فوضع یدہ علی ھامتہ آپ ﷺ نے اپنا دست مبارک اپنے سر پر رکھا فقال ولا انا فرمایا اور میں بھی نہیں الا ان یتغمدنی اﷲ منہ برحمۃ مگر یہ کہ اﷲ پاک نے اپنی رحمت میں مجھ کو لپیٹ دیا ہے ( جیسا کہ اﷲ پاک نے آپ کو مخلوق کے لیئے اپنی جگہ رحمت سراپا بنا دیا اور فرمایا کہ آپ کو تمام جہانوں کے لیئے رحمت بنا کر ہم نے بھیجا ہے) یقولھا ثلث مرات یہ کلمات آپ ﷺ نے تین دفعہ ارشاد فرمائے(مشکوۃ شریف۔رواہ البہیقی فی الدعوات الکبیر)
حدیث شریف: و عن ابی موسی اشعری رضی اﷲ عنہ عن رسول اﷲ ﷺ قال ان اﷲ لیطلع فی لیلۃ النصف من شعبان فرمایا کہ بے شک اﷲ تعالی نصف شعبان کی رات کو نزول فرماتا ہے یعنی اسکی رحمت و مغفرت اور فضل غروب
آ فتاب سے صبح سورج نکلنے تک۔ فیغفر لجمیع خلقہ الاالمشرک او مشاحن پس اپنی تمام مخلوق کو معاف فرماتا ہے سوا مشرک کافر اور مسلمان سے بلاوجہ کینہ رکھنے والے کے (مشکوۃ شریف صفحہ۔۱۱۵۔ رواہ ابن ماجہ و رواہ احمد عن عبداﷲ بن عمرو بن العاص) امام احمد کی ایک روائت میں ہے کہ سب کی مغفرت فرماتا ہے سوادو آدمیوں کے ایک کینہ رکھنے والا اور دوسرا وہ جس نے ناحق قتل کیا ۔
حدیث شریف: و عن علی رضی اﷲ عنہ انہ قال قال رسول اﷲ ﷺ اذا کانت لیلۃ النصف من شعبان فقو موا لیلھا و صوموا یومھا فرمایا کہ جب نصف شعبان کی رات آئے تو رات کو قیام کرو یعنی نفل پڑھو۔رات کو جاگواور اس روز کا روزہ رکھو فان اﷲ تعالی ینزل فیھا لغروب الشمس الی السماء الدنیا اس لیئے کہ اﷲ تعالی اس رات کو غروب شمس کے ساتھ ہی آسمان دنیا پر اپنی بے حد رحمت کا نزول فرماتا ہے فیقول الا من مستغفر فاغفر لہ پس ارشاد فرماتا ہے کہ کیا کوئی نہیں بخشش طلب کرنے والا کہ میں اسے بخش دوں الا مسترزق فارزقہ ہے کوئی جو روزی مانگے اور میں اسکو عطا کروں الا مبتلی فاعا فیہ ہے کوئی تکلیف و بلا میں مبتلا کہ میں اسکی مصیبت دور کروں الا کذا لا کذا اسی طرح مختلف قسم کی حاجات بارے اﷲ پاک اعلان فرماتا ہے۔ حتی یطلع الفجر یہاں کہ صبح ہوجاتی ہے۔(مشکوۃ صفحہ ۱۱۵۔رواہ ابن ماجہ)
اﷲ تعالی کی رحمتوں اور فضل کے اسرارو رموز سے کوئی واقف نہیں سوا اس ذات کے جسے خالق و معبود کائنات نے رحمۃ للعلمین ﷺ کی یکتائی سے نوازا۔ سو رحمتوں اور حصول برکات کے مواقع سے آپ ﷺ نے امت کو مطلع فرمایا۔ جبکہ امم سابقہ میں سوائے چند مواقع کے ایسی سعادت کسی امت کو نصیب نہ ہوئی۔ آپ ﷺ نے رحمتوں کے اوقات سے آگاہ ہی نہیں کیا بلکہ خود ذات شفیع المذنبین ﷺ نے
اپنے رب کریم کے حضور بے مثل التجائیں فرماکر اس بات پر گواہی دی کہ ذات الہ حد درجہ کریم ہے۔ایک قرآنی آئت کریمہ اور ہر سہ احادیث کے حوالے تحریر کرنے سے صرف اظہار اہمیت و فضیلت ہے وگرنہ نصف شعبان کی شب کے فضائل طویل ہیں۔
سرور کون و مکاں ﷺ کے ارشادات کے مطابق اس رات کس کی مغفرت نہیں ہوتی: مشرک، کینہ ور، بدسلوک و قاطع رحم(رشتہ داروں سے قطع تعلقی کرنے والا)، پائنچے لٹکا کر چلنے والا(تہبند ،شلوار، پائجامہ یا پتلون ٹخنوں سے نیچے)، والدین کو ستانے والا،شراب نوش، زانی و زانیہ ، کچھ دے کر احسان جتلانے والا، باجے ،طنبورے، سارنگیاں ، طبلے بجانے والے، جھوٹی قسمیں کھا کر مال تجار ت کو رواج دینے والے اگر اس رات کو بھی توبہ نہ کریں اور اگر اپنے ان افعال پر نادم ہوکر ذات باری تعالی کے حضور روئیں تو اﷲ پاک بڑا کریم ہے۔ وہ لوگ جو ملکی خزانے ریاست اسلامیہ کی دولت کویہودی اور عیسائی بنکوں میں لے گئے۔ انہوں نے ریاست اسلامیہ کونقصان پہنچایا اور معیشت کو کمزور کیا جس کے نتیجہ میں عوام الناس مالی بدحالی کا شکار ہوئے۔اﷲ تعالیٰ نے ان کا پردہ فاش کردیا۔ آئیندہ ایسے بے دین اور بدیانت اور ختمِ نبوت کے قانون پر ڈاکہ ڈالنے قادیانیوں، مرزائی کافروں کا ساتھ دینے والوں اور مندروں میں مورتیوں کی نذر کیئے گئے کھانوں، کرسمس کے کیک کاٹنے والوں کو ووٹ دے کر اقتدار میں لانا بہت کفر اور حرام ہے۔
دوبراء تیں: اس رات کو شب برات اس لیئے کہا جاتا ہے کہ اس رات میں دو بیزاریاں ہیں۔ ۱۔ بد بخت لوگ اﷲ تعالی سے بیزار ہوتے ہیں اور دور ہو جاتے ہیں اور اولیاء اﷲ ذلت اور گمراہی سے دور ہوجاتے ہیں(غنیہ الطالبین)
اعمال: یہ رات اپنی فضیلت کے ساتھ اپنی جگہ لیکن حضور اکر م ﷺ نے فرمایا کہ شعبان میرا مہینہ ہے اور رمضان اﷲ پاک کا۔ احادیث میں بکثرت آیا ہے کہ آپ ﷺ پورا شعبان روزہ دار رہتے تھے ۔ حضرت ام المؤمنین عائشہ صدیقہ رضی اﷲ عنہا سے روائت ہے کہ رسول پاک ﷺ نے فرمایا کہ جن لوگوں کی روحیں قبض کرنا ہوتی ہیں انکے ناموں کی فہرست اسی ماہ شعبان میں ملک الموت کو دی جاتی ہے۔ اور میری دلی خواہش ہے کہ میرا نام اس حالت میں درج فہرست کیا جائے کہ میں روزہ دار ہوں۔ ایک حدیث شریف کے مطابق اﷲ پاک اپنے گنہگار بندوں کو جن کی تعداد بنی کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ کی مغفرت کرتا ہے۔
شب براء ت میں نماز: حضور نبی کریم علیہ الصلوۃ و السلام نے یہ ساری رات اﷲ کے ذکروفکر،استغفار اور دعا میں بسر فرمائی یہاں تک کہ آپکے پاؤں مبارک ورم کرگئے۔ پھر بھی اولیاء اﷲ سے منقول نماز یں یہ ہیں:
۱۔چودہ رکعت نفل پڑھ کر اسی جگہ بیٹھے بیٹھے سورہ فاتحہ ، سورہ اخلاص، سورہ فلق اور سورہ الناس چودہ چودہ مرتبہ پڑھے پھر آئت الکرسی اور یہ آئت کریمہ ایک دفعہ پڑھے، لقد جاء کم رسول من انفسکم عزیز علیہ ماعنتم حریص علیکم بالمؤ منین روف الرحیم o (سورۃ توبہ آئت نمبر 128 )بیس پسندیدہ حج، بیس سال کے مقبول روزوں کا اجر و ثواب ملے گا۔ صبح کو روزہ رکھنے کے سبب دوسال گزشتہ اور ایک سال آئندہ کے روزوں کا ثواب ملے گا۔ یہ دعا اس رات میں زیادہ پڑھیں: اَللّٰھُمَّ اِنَّکَ کَرِیْم’‘ تُحِبُّ الْعَفْوَ فَاعْفُ عَنَّیْ اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَسْئَلُکَ الْعَفْوَ وَالْعَافِیَۃَ وَالْمُعَافَاۃِ الَّدائِمَۃِفِی الدُّنْیَا وَالْآخِرَۃِ۔
صلوۃ الخیر: حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اﷲ علیہ نے غنیہ الطالبین میں لکھا ہے کہ: اس رات میں سو رکعتیں ہیں، ایک ہزار مرتبہ سورہ اخلاص کے ساتھ یعنی ہر رکعت میں دس مرتبہ قل ھواﷲ احد پڑھی جائے، اس نماز کا نام صلوۃ الخیر ہے اسکے پڑھنے سے برکتیں حاصل ہوتی ہیں۔ سلف صالحین یہ نماز باجماعت پڑھتے تھے ۔ حضرت خواجہ حسن بصری رضی اﷲ عنہ نے فرمایا کہ مجھ سے سرورکائنات ﷺ کے تیس صحابہ کرام رضی اﷲ عنھم نے بیان کیا کہ اس رات کو جو شخص یہ نماز پڑھتا ہے اﷲ تعالی اسکی طرف ستر بار دیکھتا ہے اور ہر بار کے دیکھنے میں ستر
حاجتیں اسکی پوری کرتا ہے جن میں سب سے ادنی حاجت اس کے گناہوں کی مغفرت ہے۔
غروب آفتاب کے ساتھ ہی رحمتوں اور برکت کا دوردورہ شروع ہو جاتاہے۔ فقیر کے نزدیک بزرگوں کے افعال مبارکہ کے مطالعہ سے یہی
بات سامنے آئی ہے کہ جب روح کلی طور پر اپنے رب کی طرف رجوع کرتی ہے تو جسم عبادت الہی میں اپنی تمام تر قوت صرف کرتا ہے۔اپنے گھرو ں کو ذکر الہی کی شوکت کے لیئے مزید صاف ستھراکیا جائے۔ شب بیداری کا اہتمام گھروں میں خواتین ، بچے اور ضعفاء کے لیئے ہونا چاہیئے۔ مساجد میں خصوصی انتظامات کیئے جائیں۔ علماء کرام اول رات میں اس رات کے فضائل بیان کریں۔ ، اشغال روحانی میں درود شریف کا ورد، قرآن کریم کی تلاوت، نوافل کی ادائیگی، رات کو زیارت قبور کہ سنت رسول اﷲ ﷺ ہے، استغفار، چوتھا کلمہ استغفار کا آتا ہو تو پڑھیں وگرنہ اَسْتَغْفِرُاللّٰہَ رَبِّیْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَّ اَتُوْبُ اِلَیْہِ پڑھیں۔ کچھ یاد نہ ہوتو کلمہ طیبہ تو ہر مسلمان کو یاد ہے اسی کا ورد جاری رکھیں۔ اگر آنکھ لگ جائے تو جاگنے پر وضو کر لیں ۔ بارگاہ رب العزت میں سجدہ ریز ہو کر رو رو کر اپنے لیئے ، والدین، اعزا و اقارب ،اساتذہ کرام و تمام مسلمین کے لیئے دعا کریں۔ فرعون وقت امریکہ خبیث اور یہودوہنود کی ذلت و خواری کی دعا کریں کہ اﷲ تعالی افغانستان، مقدس عراق، شام،کشمیراور فلسطین سے یہودو نصاری اور ہنودکے مظالم اور انکی انسانیت سوز کاروائیوں سے مسلمانوں کو نجات دے آمین۔حجازِ مقدس جو اسلام کا مرکز ہے اسے اﷲ تعالیٰ آلِ سعود کی فحاشی اور غیر شرعی اصلاحات سے محفوظ رکھے۔ اﷲ مسلمانوں کو خلافت برپا کرنے اور دستور اسلام کے نفاذ کی توفیق دے۔آمین ۔شہید ناموسِ رسالت حضرت غازی محمد ممتاز حسین قادری رحمۃ اﷲ علیہ کی بلندیء درجات کی دعا کریں۔ریاستِ اسلامی پاکستان کی دولت لوٹنے والوں سے خلاصی کی دعا کریں۔
تنبیہ: آتش بازی پٹاخے، مشعلیں وغیرہ دو طرح حرام ہیں یہ آتش پرستوں اور ہندؤں کا طریقہ ہے دوسرا یہ کہ اسراف و جان لیواہے اور رزق حلال کو دیدہ دانستہ نذر آتش کرنا گناہ کبیرہ ہے۔والدین اپنے بچوں کو اس قبیح حرکت سے دور رکھیں۔ اﷲ پاک سے دعا کریں کہ رب کریم اپنے حبیب کریم رؤف الرحیم ﷺ کے طفیل اس تبلیغی کاوش کا ثواب تمام مسلمین میرے اقربا ، آبا و اجداد، میرے برادران و خواہران با لخصوص میرے والد محترم اور اماں جی کو ثواب پہنچے کہ اماں جی رحمۃ اﷲ علیھا شب نصف شعبان المعظم کواس دار فانی سے دارامن و سلامتی میں تشریف لے گئیں۔ اﷲ پاک سب کے والدین کو اور میرے والدین کو جنت الفردوس میں
قرب اور زیارت مصطفے کریم علیہ الصلوۃ والسلام سے سرفراز فرمائے۔ آمین۔

AKBAR HUSAIN HASHMI
About the Author: AKBAR HUSAIN HASHMI Read More Articles by AKBAR HUSAIN HASHMI: 146 Articles with 127822 views BELONG TO HASHMI FAMILY.. View More