ماہ رمضان کی بہار

اﷲ پاک اپنی مخلوق پر حد درجہ مہربان ہے قدم بقدم اپنی مخلوق پر لطف وکرم کرتے رہتے ہیں۔کبھی روحانی طور پر اور کبھی مادی طور پر ...لیکن ان مہربانیوں و اکرامات کا احساس ان لوگوں کو ہوتاہے جو کسی نہ کسی درجے میں اﷲ پاک کے ساتھ اسکی وابستگی ہوتی ہے۔اور جب ان کو احساس ہوتاہے ان انعامات واحسانات کا تو وہ اسی وقت بے اختیاری کے عالم برجستہ زبان یہی صدا گونجتی ہے
یارب لک الحمد ،یارب لک الحمد

اسی طرح رمضان شریف کا مبارک مہینہ بھی ایک اہم گھڑی ہے کہ اﷲ پاک نے ایک بار پھر ہماری زندگیوں میں یہ موقع ہمیں مہیا فرمایا اس میں ہم سب کو چاہئے کہ ہم اﷲ پاک کی بارگاہ عالیہ میں سر بسجود ہو کر تہہ دل سے اﷲ پاک کا شکریہ بجا لائیں۔اور اس کے ساتھ اس بات کا بھی مکمل عزم کریں کہ اس مبارک مہینہ کے ایک ایک منٹ کوہم ضائع ہونے سے بچائیں گے اور ہر ایک منٹ میں خوب نیکیاں کمائیں گے، اور اس کے کمانے کی صورت یہی ہے کہ ہر وقت ہماری زبان پر اﷲ پاک کامبارک ذکر ہو،درود شریف،اور قرآن مجید کی تلاوت ہو،فضول باتیں ،گالم گلوچ، غیبت، گانا بجانا وغیرہ بالکل نہ ہو،بلکہ ہمارے اکابر اپنے متعلقین کو اکثر فرمایا کرتے تھے کہ اس مہینہ سے گل دستہ بنانے کی کوشش کریں جو اس میں نوافل کے گل، ذکر کے گل، تلاوت کے گل، درود شریف اور خیرات وصداقات کے گل ہو اسی طرح ہر انسان چوبیس گھنٹے یہ دھیان رکھے کہ نامہ اعمال میں نیکیاں ہی نیکیاں ہوں اور اگر اس طریقے سے ہم سب رمضان گذاریں گے تو یہ رمضان ہم سب کے لئے ایک نئی زندگی دے کر گزار جائے گا۔

حضرت مجدد الف ثانی ؒنے اپنے شاہکار مکتوبات میں لکھا ہے: ’’جس کا رمضان منتشر اور بے ترتیب گزرے گا، اس کا پورا سال انتشار وبے ترتیبی کا شکار رہے گا اور جس کا رمضان مجتمع اور قیمتی گزرے گا اس کا پورا سال ایسا ہی ہوگا۔‘‘

احادیث مبارکہ کی روایات سے بھی پتا چلتا ہے کہ رمضان المبارک کے معمولات پورے سال پر اثرانداز رہتے ہیں۔ جیسا رمضان ویسا سال۔ اس لیے ان گھڑیوں کی بہت قدر اور حد درجہ حفاظت کرنی چاہیے۔ رمضان المبارک کو اپنی اصلاح، فکر آخرت اور تعلق مع اﷲ کے لیے خاص کردینا چاہیے۔ اﷲ تعالیٰ ہم سب کو اس مبارک مہینے میں خوش بخت اورسعادت مندوں کی فہرست میں شامل کردے اور بداعمالیوں کی نحوست وشقاوت کو ہمارے نامہ اعمال سے دھودے، اﷲ پاک ہمیں ادب عظمت اور شوق سے رمضان مبارک کا مہینہ خوب خوب کمانے کی توفیق نصیب فرمائے۔
آمین یارب العالمین
 

Hafeez Ch
About the Author: Hafeez Ch Read More Articles by Hafeez Ch: 11 Articles with 9191 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.