فاؤنٹین ہاؤس ۔۔ بے گھروں کا اپنا گھر
فاؤنٹین ہاؤس کے زیراہتمام افطار ڈنر کا انعقاد/مخیر حضرات سے تعاون کی
اپیل
امجد السلام امجد ،ڈاکٹر امجد ثاقب ، ڈاکٹر سید مرتضیٰ، ڈاکٹر عمیر
رشید،عدیل ہاشمی ،آصف سرور اور قمر ذہرہ کا اظہار خیال
تحریر: حسیب اعجاز عاشرؔ
کوئی انسانیت کی قلم سے خدمت کر رہا ہے تو کوئی تلوار سے، کوئی اپنے قول سے
تو کوئی عمل سے، کوئی صاحب استطاعت اپنے مال کا سہارا لیتا ہے تو کوئی تسلی
کے چند الفاظ کا، کوئی زخموں پر مرہم رکھتا ہے اور کوئی زخم لگنے نہیں
دیتا۔کسی کے پاس اقتدار ہے تو کسی کے پاس اقدار، کوئی انفرادی طور پر پیش
پیش ہے تو کوئی ادارے کی صورت میں، مذہب کے اعتبار سے دیکھا جائے تو دنیا
میں سب سے زیادہ متحرک و فعال خدمتِ خلق کے سرکاری و غیر سرکاری فلاحی
ادارے اسلامی ہیں جسے دیگر مذاہب میں ہر سطح پر تسلیم بھی کیا گیا ہے اور
سراہا بھی جاتا ہے۔سب سے بڑھ کر، ہمارے اسلامی معاشرے میں خلق خدا کی خدمت
کے انداز اور طریقہ کارکاخاموش سمندر اتنا ووسیع و عریض ہے کہ اِسے چند
جملوں یا صفحات کے کوذے میں قید نہیں کیا جاسکتا۔
ہر غم اور ہر خوشی بانٹ لینی چاہیے
آپس میں زندگی بانٹ لینی چاہیے
خلق خدا کی خدمت پر وقف انہیں قافلوں کے سمندر میں ایک دریا فاؤنٹین ہاوس
کابھی روانی سے بہہ رہا ہے، فاؤنٹین ہاؤس اُن ذہنی مریضوں کا گھر ہے جن کا
اپنا گھر نہیں، جو آنکھوں میں روشنی تو رکھتے ہیں مگر دنیا دیکھ نہیں سکتے،
دماغ تو رکھتے ہیں مگر سوچنے سے قاصر ہیں، منہ میں زبان تو ہے مگر اپنے
حقیقی جذبات و احساسات کو الفاظ نہیں دے سکتے ، جو سینے میں دل تو رکھتے
ہیں مگر اُس کی دھڑکن میں بسے درد کو سُنا نہیں سکتے ۔جو جی تو رہے ہیں مگر
جینے سے نا واقف ہیں۔اور فاؤنٹین ہاؤس انہیں بے سہاروں کا سہارا بنا ہوا ہے
اور انہیں زندگیوں کو زندہ دلی سے جینے کیلئے حوصلہ اور ہمت دے رہا ہے ۔
یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ معاشرے میں بڑھتے ہوئے ذہنی امراض ہمارے لئے
لمحہ فکریہ ہیں ،ہردس افراد میں سے ایک فرد تو ضرور ہی زندگی میں ایک مرتبہ
کسی نہ کسی مرض سے دوچارہوسکتا ہے۔ ماہرین نفسیات کے مطابق ذہنی امراض کے
اسباب ہرانسان کے دماغ میں کسی حد تک موجود ہوتے ہیں جن پر یہ اسباب مختلف
وجوہات کی بناء پر غالب آجاتے ہیں اور وہ اس مرض سے مغلوب ہوجاتے ہیں ۔ اس
طرح وہ دوسروں کا بوجھ اٹھانے کی بجائے خوددوسروں پر بوجھ بن جاتے ہیں -
فاؤنٹین ہاؤس 1971سے اب تک 50000سے زائد ذہنی امراض میں مبتلا افراد کی
معاشرے میں دوبارہ بحالی کے فرائض انجام دے چکا ہے ،لاہور، فاروق
آباد،سرگودھا میں ذہنی مریضوں کی بحالی کے لئے مخیر حضرات کی مدد سے چلنے
والا ایشیا کا سب سے بڑا ادارہ ہے ۔ صرف سال 2017-18کی نمایاں کامیابیوں پر
ذکر کیا جائے تو فاؤنٹین ہاؤس لاہور، فاروق آباد اور سرگودھا میں تقریباً
6000بشمول مردوخواتین ممبران (مریضوں) کو اِن ڈور بنیادوں پر علاج معالجے
اور بحالی کی سہولیات فراہم کی گئیں ،جبکہ تقریباً 32000ممبران(مریضوں) کی
آؤٹ بنیادوں پر علاج معالجے اور بحالی کی سہولیات فراہم کی گئیں، آٹھ سال
کی قلیل عرصہ میں 6000سالانہ مریضوں سے بڑھ کر پچھلے سال 35000مریضوں کو
علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ زکوۃ اور صدقات کی مد میں قریباً
11000مستحق مریضوں میں فری ماہانہ ادویات فراہم کی گئیں جن میں سے 8000زکوۃ
اور 3000صدقات فنڈ میں سے فراہم کی گئیں۔ 10000سے زائد پسماندہ علاقوں میں
افراد کو نفسیاتی و طبی امداد دی گئی۔پنجاب ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے
فاؤنٹین ہاؤس کے دونوں اسکولوں کی زیرنگرانی، قریباً 300ذہنی طور پر
پسماندہ بچوں کو تعلیم ،تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت دی گئیں جن میں 75طالب
علم یہاں تعلیم حاصل کرنے کے بعد ریگولر اسکولوں میں عام بچوں کے ساتھ
تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔جبکہ 60طالب علموں کو ان کے گھروں میں جا کر ہماری
ٹیم کی جانب سے تعلیم ،تربیت اور کونسلینگ کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں
۔ہینڈز کے تعاون سے بیس گاؤں کے تقریباً15000سے زاہد لوگوں کو فری ادویات
کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچاؤ کی تربیت دی گئی۔
اخوت۔فاؤنٹین ہاؤس خواجہ سراء سپورٹ پروگرام کے تحت لاہور کے چارونگز اور
سرگودھا کے ایک ونگ میں خواجہ سراء کو رجسٹرکیاگیا۔اب ان پانچ ونگز کے تحت
رجسٹرڈ خواجہ سراؤں کی مکمل تعداد تقریباً 700سے تجاوز ہوگئی ہے جنہیں
ماہانہ 1250روپے کے جیب خرچ کے ساتھ ساتھ مفت علاج معالجے، بیماریوں سے
بچاؤ اور پیشہ ورانہ مہارت کی تربیت دی جاتی ہیں۔ ان میں سے 8خواجہ سراء
فاؤنڈیشن ہاؤس اور اخوت کلاتھ بینک میں ملازمت جبکہ 8سے زاید اخوت کے قرضہِ
حسنہ کی سہولت سے اپنا کاروبار شروع کرچکے ہیں ۔
فاؤنٹین ہاؤس ہر طرح کے نشے کے خاتمے کے لئے بھی کوشاں ہے اور اپنے اس
پروگرام کے تحت پچھلے سال کے دوران 1200سے زاید مریضوں کا علاج کر کے
معاشرے میں بھیج چکا ہے ۔ فاؤنٹین ہاؤس فارمیسی کے پروگرام کے تحت ادارے
میں علاج معالجے کی غرض سے آنے والے تمام 35000ممبران(مریضوں) کو معیاری
ادویات بازار سے 10فیصد رعایتی نرخوں پرمہیا کرچکا ہے ۔ مزیدبراں فاؤنٹین
ہاؤس سائکو ایجوکیشن پروگرام بھی متعارف کرچکا ہے ، گزشتہ برس 1000سے زاید
طلبہ کو فری پروفیشنل ٹریننگ بھی مہیا کی گئی ۔ ممبران کی پیشنٹ کیئر اور
ری ہیبلی لیٹیشن کے نظام کو بین الاقوامی معیار اور اصولوں کے مطابق تبدیل
کیا گیا۔
فاؤنٹین ہاؤس کی جانب سے اپنے کلائنٹس، اور ممبران کے لئے ایک پُرتپاک و
پُرتکلف افطاری کا اہتمام کیا گیا جس کا مقصدتھا کہ رمضان کی بابرکت ساعتوں
میں مخیر حضرات کی اِس کار خیر کے حوالے سے توجہ حاصل کی جا سکے تقریب کے
سٹیج سیکریٹری کی خدمات عدیل ہاشمی نے پیش کی ۔ نعت رسول مقبولﷺ کی سعادت
افتخار حسین نے حاصل کی ۔ فاؤنٹین ہاوس کے ممبران آصف سرور اور قمر ذہرہ نے
اظہار خیال کرتے ہوئے اپنی زندگی میں آنے والے نشیب و فراز کے حوالے سے
بتایا اور وہ وجوہات و محرکات کا بھی تذکرہ کیا جس کے باعث وہ فاؤنٹین ہاؤس
آئے اور یہاں سے ملنے والی اُمید، ہمت و حوصلہ اور نئی زندگی کا بھرپورذکر
کیا ۔ اس موقع پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں فاؤنٹین ہاؤس کی
کاوشوں پر جامع روشی ڈالی گئی تھی ۔ ڈاکٹر سید مرتضیٰ اور ڈاکٹر عمیر رشید
نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے فاؤنٹین ہاؤس کی اب تک کی کامیابیوں کو
سماعتوں کی نذرکیا کہ کیسے زندگی کے ہارے ہوئے افراد کو اس ادارے نے نئی
روشنی دی، نئی زندگی دی، اور جینے کی اُمنگ بھی دی امجد السلام امجد نے
ادارے کی کاوشوں کو سراہااور اپنا کلام بھی پیش کیا
محبت ایسا دریا ہے کہ
بارش روٹھ بھی جائے
تو پانی کم نہیں ہوتا
ڈاکٹر امجد ثاقب نے تما شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور مخیرحضرات سے
اِس کارخیر میں دل کھول کے عطیات دینے کی اپیل بھی کی۔
’’آئیں خوشیاں بانٹیں ‘‘خوشیاں بانٹنے سے دوبالا ہوجاتی ہیں۔
قارئین متوجہ ہوں !۔۔یہاں یہ بات بھی قابل غو رہے کہ فاؤنٹین ہاؤس کے
ماہانہ اخراجات اوسطً ایک کروڑ 25لاکھ روپے ہیں جن میں سے تقریباً 5لاکھ
روپے گورنمنٹ تقریباً 20لاکھ روپے صاحب استطاعت ممبران(مریضوں) کی ادائیگی
سے حاصل ہوتے ہیں جبکہ بقایا 1کروڑ روپے کو پورا کرنے کے لئے تگ و دو کرنی
پڑرہی ہے ۔ یہ واحد ادارہ ہے جہاں پورے پاکستان اور بیرون ملک پاکستان سے
مریض آتے ہیں ۔ مگر افسوس کہ فاؤنٹین ہاؤس کے پاس کوالٹی سروسز دینے کے لئے
ہمیشہ فنڈز کی کمی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس سلسلے میں اہل درددل سے وقتاً
فوقتاً درخواست کی جاتی ہے کہ وہ اپنے زکوۃ، خیرات، عطیات اور امداد سے ان
مریضوں سے تعاون کریں جو صحت یاب ہو کر دوبارہ جینے کی خواہش رکھتے ہیں ۔
ذہنی بیماریوں کی وجہ سے جو افراد زندگی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے ہیں
فاؤنٹین ہاؤس اُن کی بحالی کے لئے کوشاں ہیں آئیے اِ ن کے قدم سے قدم اور
کندھے سے کندھا ملا ئیں۔اور اپنی استطاعت کے مطابق ہرممکن مالی تعاون
کریں،فاؤنٹین ہاؤس کے رابطہ نمبر اور اکاؤنٹ تفصیلات زیل میں دی گئی ہیں ۔
جو احباب صاحب حیثیت نہیں وہ اِس ادارے کی بہتری اور یہاں زیرعلاج مریضوں
کو ماہِ رمضان میں اپنی خصوصی دعاؤں میں کم از اکم ضرور شامل رکھیں ۔ممکن
ہے کہ کوئی مریض آپ کی دعا کا ہی منتظر ہو۔
مسلم کمرشل بنک، اکاؤئنٹ ٹائٹل: فاؤنٹین ہاؤس اکاؤنٹ نمبر
131702010055315برانچ کوڈ1317(سیشن کورٹ) ،لاہورمیں جمع کرائے جاسکتے ہیں
۔مسلم کمرشل بنک، اکاؤئنٹ ٹائٹل: فاؤنٹین ہاؤس اکاؤنٹ نمبر
128101010030923برانچ کوڈ1281(میلاد چوک)،فاروق آباد میں جمع کرائے جاسکتے
ہیں ۔الائیڈ بنک لمیٹڈ، اکاؤئنٹ ٹائٹل: فاؤنٹین ہاؤس اکاؤنٹ نمبر
10500550050010برانچ کوڈ1050(لور مال لاہور) ،سرگودھامیں جمع کرائے جاسکتے
ہیں ۔۔مزید معلومات کے لئے ان نمبرز پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے
0092-42-37110798-9 / UAN: +9242111346873
|