انسانی حقوق کا علمبردار امریکا اور بلیک جیل

’ آج سے پانچ سو سال قبل اٹلی کے سیاسی مفکر میکا ولی نے اپنے پڑھنے والے کو یہ بات ہمیشہ زہن نشین کرنے کو کہا تھا کہ کسی قوم پر غلبہ حاصل کرنے کے لینے کے بعد اس سے کسی قسم کا درگزر اور اچھا برتاؤ نہیں کرنا چاہیے بلکہ اس سے پورا انتقام اس طرح کے سبق آموز واقعات سے لینا چاہیے کہ موجودہ نسل کو پوری طرح نیست و نابود کر دیا جائے تاکہ دشمن کی آئندہ نسلیں آپ پر حملہ آور ہونے سے پہلے ایک سے زیادہ بار سوچیں کہ کہیں انہیں بھی اپنے سے پہلی نسل جیسے انجام سے دوچار نہ ہونا پڑے‘

یہ اقتباس امریکی سی آئی اے کے افسر’ مائیکل شویئر‘ کی کتاب Marching Towards Hell کے عنوان America and Islam after Iraq سے لیا گیا ہے۔ امریکا جو انسانی حقوق کا علمبردار ہے اسکی زہنیت کا اندازہ اس اقتباس سے لگایا جاسکتا ہے، اسی زہنیت کے تحت امریکا نے دنیا بھر میں سینکڑوں جیلیں قائم کی ہوئی ہیں۔ نائن الیون کے واقعے کو بنیاد بنا کر امریکا نے سامراجی طرز عمل اختیار کرتے ہوئے عالمی قوانین کو کیسے کیسے پامال کیا ہر کوئی جانتا ہے اور پھر پکڑے جانے والے قیدیوں کے لیے جیلیں تشکیل دی، حیران کن بات یہ ہے کہ کچھ جیلیں تو دستاویزی وجود رکھتی ہیں مگر کچھ جیلیں خفیہ ہیں جن کا کوئی دستاویزی وجود نہیں ہے جہاں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جاتی ہیں ایسی ہی ایک جیل کا نام بلیک جیل ہے۔
ۛ
کابل سے 60 کلو میٹر کی دوری پر چاریکا شہر کے نزدیک پرانا اور تاریخی شہر بگرام واقع ہے۔ بگرام امریکا کی سب سے بڑی ملڑی ایئر بیس ہے، کابل پر قبضے کے بعد بگرام کو ملڑی ایئر بیس بنایا گیا جو کہ چاریکا سے گیارہ کلومیڑ کی دوری پر واقع ہے۔ بگرام میں بھی گوانتا ناموبے کی طرح ایک جیل واقع ہے، جہاں قیدیوں کو طرح طرح کے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، اذیت ناک سزائیں دی جاتی ہیں اور زہنی، جنسی اور جسمانی ہر طرح کی تکلیف دی جاتی ہے۔ بگرام کی اس جیل میں 670 افراد قید ہیں۔ ان قیدیوں کو وہ حقوق بھی نہیں دیے جاتے تو جنیوا کنونشن میں دیے گئے تھے اور جو خود مغرب نے بنائے تھے۔ عقل حیران رہ جاتی ہے کہ کیا انسان بھی انسان کے ساتھ ایسا سلوک کرسکتا ہے؟

بگرام ایئر بیس کی یہ جیل دستاویزی وجود رکھتی ہے مگر حال ہی میں ایک ایسی جیل کا انکشاف ہوا ہے جسکا وجود غیر دستاویزی ہے۔ امریکی تھنک ٹینک ’ اوپن سوسائٹی فاونڈیشن‘ کی جانب سے سولہ سو صفحات پر مشتمل ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس میں افغانستان میں بگرام ایئر بیس میں قائم ایک خفیہ جیل کا انکشاف کیا گیا ہے اور اس جیل کو بلیک جیل کا نام دیا گیا ہے۔ اس جیل میں قیدیوں کو خوراک میسر ہے نہ رہنے کے لیے چھت فراہم کی گئی ہے اور ان کے ساتھ ہونے والا سلوک انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ بی بی سی اور دوسرے نشریاتی اداروں نے اس خفیہ جیل میں اذیت ناک قید کانٹے والے کئی قیدیوں کا انٹرویو کرنے کے بعد اس بلیک جیل کی تصدیق کی ہے جبکہ نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار امریکا اور اسکے دفاعی ادارے اس کو تسلیم کرنے سے انکاری ہیں۔

’ اوپن فاونڈیشن سوسائٹی‘ کی رپورٹ میں 18 افغان قیدیوں کے انٹرویو ہیں۔ ان قیدیوں میں سے زیادہ تر کا کہنا یہ کہ انہیں 2009 اور 2010 کے دوران اس جیل میں رکھا گیا اور اس جیل کے حالات دوسری افغان جیلوں سے انتہائی سخت ہیں۔ وہاں سخت سردی،قدرتی روشنی سے محرومی، کم خوراک اور نیند کی کمی کے ساتھ ساتھ برہنہ میڈیکل معاینوں جیسی سزائیں دی جاتی ہیں۔ وہاں کی کوٹھریاں اتنی ٹھنڈی ہیں کہ ان کے دانت بجتے اور وہ سو نہیں سکتے، چوبیس گھٹنے انہیں تیزمصنوعی روشنیوں میں رکھا جاتا، سردی روکنے کے لیے کچھ نہ دیا جاتا تھا، سونا ایسے تھا جیسے فریج میں پڑے ہوں۔

یہ رپورٹ امریکی ادارے کی ہے جس کے متعلق یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس میں کوئی مبالغہ آرائی کی جاری ہے۔ ’ پینٹا گون‘ اور افغانستان میں امریکی جیلوں کی نگرانی کے لیے قائم ٹاسک فورس کی ترجمان ’ پامیلا کونز‘ نے بلیک جیل کے وجود سے انکار کیا ہے اور کہا ہے کہ تمام جیلیں عالمی ضابطہ اخلاق کے مطابق کام کر رہی ہیں اور قیدیوں کی عارضی اسکریننگ کے لیے قائم کیے گئے حراستی کیمپ بین الاقوامی قوانیں کے تحت کام کررہے ہیں۔ مگر عراق میں ابو غریب جیل میں قیدیوں پر تشدد کی ویڈیو کلپس اور تصاویر نے انسانی حقوق کے سب سے بڑے علمبردار امریکا کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے رکھ چکی ہیں۔

کہاں گئے انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور اقوام متحدہ؟ کیوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں؟ کیوں ایسے معاملات کو اہمیت دینے کے لیے تیار نہیں؟ کیا صرف اس لیے کہ ’ جس کی لاٹھی اس کی بھینس‘ آج رائج الوقت قانون ہے۔ بے گناہ کو ’ دشمن جنگجو‘ کا نام دے کر پہلے قید کیا جاتا ہے اور پھر قیدیوں کے بینادی حقوق سے بھی محروم رکھا جاتا ہے انہیں عدالت میں بے گناہی ثابت کرنے کے حق سے بھی محروم رکھا جاتا ہے۔ عالمی امن کے ٹھیکداروں، انسانی حقوق کے علمبرداروں اور دہشت گردی، دہشت گردی چلانے والوں سے کوئی یہ تو پوچھے کہ کیا یہ دہشت گردی نہیں ہے؟ ان ہولناک مظالم پر چپ کیوں سادھے ہوئے ہیں؟
ظالم کو جو نہ روکے وہ شامل ہے ظلم میں
قاتل کو جو نہ ٹوکے، وہ قاتل کے ساتھ ہے
Mahmud Ayaz
About the Author: Mahmud Ayaz Read More Articles by Mahmud Ayaz: 4 Articles with 3591 views مجھے ایسا باغ نہیں ملا‘جہاں گل ہوں میری پسند کے
جہاں زندہ رہنے کا شوق ہو مجھے وہ سماج نہیں ملا

میرے نزدیک۔۔۔
مذہب اور قوم
اپنی ملت پر قیاس اقوام
.. View More