دنیا کے طاقتور ترین ملک کے بارے میں زیادہ سوچنے کی
ضرورت نہیں کیونکہ امریکا ہی اس وقت واحد سپرپاور ہے لیکن کب تک؟ یہ کہنا
کچھ مشکل ہے۔ حال ہی میں ایک میڈیا ادارے یو ایس نیوز اور ورلڈ رپورٹ نے
اپنی سالانہ فہرست جاری کی، جس میں 80 ممالک کا جائزہ لے کر انہیں ثقافتی
تاریخ، شہریت اور معیار زندگی سمیت متعدد شعبوں کو مدنظر رکھ کر فہرست میں
جگہ دی گئی۔ تاہم ایک شعبہ طاقت یا پاور کا بھی تھا جس میں مختلف پہلوؤں کا
جائزہ لے کر ممالک کی درجہ بندی کی گئی۔ تو یہاں جانیں کہ اس فہرست کے
مطابق دنیا کے سب سے طاقتور 10 ممالک کون سے ہیں۔ یہاں ہم دنیا کے طاقتور
ترین ممالک میں پاکستان کی پوزیشن بھی واضح کرنے جارہے ہیں جو کہ رپورٹ کے
اختتام پر ہے:
|
متحدہ عرب امارات
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اسلحہ درآمد کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے جبکہ
تجارتی اہمیت کے باعث اسے عالمی سیاست میں اہم مقام حاصل ہے۔ طاقتور ترین
ممالک کی اس فہرست میں یہ ملک دسویں پوزیشن پر ہے- |
|
سعودی عرب
خام تیل کی دولت سے مالا مال یہ ملک مشرق وسطیٰ کے امیر اور طاقتور ترین
ممالک میں سے ایک ہے، جبکہ اسے امریکا، برطانیہ اور دیگر مغربی اقوام کا
قریبی اتحادی بھی سمجھا جاتا ہے۔ اس فہرست میں سعودی عرب کی نویں پوزیشن
ہے-
|
|
اسرائیل
اس کی آبادی تو محض 80 لاکھ سے کچھ زیادہ ہے مگر عالمی سطح پر اس کا اثر و
رسوخ حیران کن حد تک بہت زیادہ ہے۔ اسرائیل دنیا کے طاقتور ممالک کی فہرست
میں آٹھویں نمبر پر ہے-
|
|
جاپان
ٹیکنالوجی کے لحاظ سے سرفہرست چند ممالک میں سے ایک جاپان دنیا کی تیسری
بڑی معیشت ہے جو 2011 کے سونامی کی تباہی کے بعد سنبھلنے میں کامیاب رہا۔
طاقتور ممالک کی فہرست میں جاپان کو ساتویں نمبر پر رکھا گیا ہے-
|
|
فرانس
یورپ کی چند بڑی معیشتوں میں سے ایک اور دنیا میں سب سے زیادہ اسلحہ برآمد
کرنے والے ممالک میں سے ایک فرانس دنیا بھر میں اپنا اثررسوخ رکھتا ہے۔ اس
فہرست میں فرانس کی پوزیشن چھٹی ہے- |
|
برطانیہ
بین الاقوامی معیشت، سیاست، سائنسی اور ثقافتی اثر و رسوخ کے لحاظ سے
برطانیہ اہم ترین ممالک میں سے ایک ہے تاہم یورپی یونین سے اخراج کا عمل
شروع ہونے کے بعد اس کی فہرست میں ایک درجے تنزلی ہوئی ہے اور وہ اب
پانچویں پوزیشن پر ہے جبکہ آئندہ مزید نیچے گر سکتا ہے۔ |
|
جرمنی
چوتھے نمبر پر موجود جرمنی عالمی سطح پر ہر گزرتے برس کے ساتھ اہمیت اختیار
کررہا ہے جس سے انکار ممکن نہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس سال اس کی رینکنگ میں
ایک نمبر کی بہتری آئی ہے۔ |
|
چین
چین کی ترقی ناقابل یقین ہے، 1.4 ارب آبادی کے حامل اس ملک کو دنیا کی سب
سے بڑی فوج رکھنے کا اعزاز حاصل ہے اور یہ 2050 تک دنیا کی سب سے بڑی معیشت
بھی بن جائے گا۔ یہ اب دنیا کا تیسرا طاقتور ترین ملک بن چکا ہے- |
|
روس
قدرتی وسائل، فوجی طاقت اور مغربی ممالک کو مختلف معاملات میں نیچا دکھانے
والا یہ ملک فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے جو کہ حیران کن امر نہیں۔ |
|
امریکا
امریکا کو دنیا کی واحد سپرپاور سمجھا جاتا ہے لہذا دنیا کے طاقتور ترین
ملک کا اعزاز بھی تاحال اسی کے پاس ہے مگر یہ کب تک اس کے پاس رہتا ہے اس
کا فیصلہ وقت کرے گا۔ |
|
پاکستان
پاکستان گزشتہ سال اس فہرست میں 20 ویں نمبر پر تھا مگر اس بار 2 درجے کمی
سے 22ویں پر چلا گیا، جس کی وجہ عدم استحکام، کرپشن اور بھارت سے تنازع
قرار دیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سیاسی عدم استحکام، کرپشن اور
انتہاپسندی کے خلاف جدوجہد اس رینکنگ میں پاکستان کو آگے بڑھنے سے روکنے
والی رکاوٹیں ہیں۔ |
|