ڈیفالٹروں اوردوہری شہریت والوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے

 الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق ملک بھر میں امیدواروں کی طرف سے جمع کروائے گئے کاغذات ِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہوچکا ہے جس میں ہمیشہ کی طرح اسٹیٹ بنک نے اُن امیدواروں کی فہرست الیکشن کمیشن کے حوالے کردی ہے جو نادہندہ ہیں کل2368امیدواروں میں چند نام ایسے بھی ہیں جو اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے ہیں اِن میں سابق وزیراعظم ظفر اﷲ جمالی،سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا ،سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویزخٹک ،سابق وزیراعلیٰ پنجاب منظور احمد وٹو اور سابقہ وفاقی و صوبائی وزراء سمیت کئی اہم شخصیات قابل ذکر ہیں اِن ناموں میں شامل سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے اپنا نام نادہندگان کی فہرست میں شامل کیے جانے پر ایک پریس کانفرنس کے دوران اِس کی تردید کی اور کہا کہ میں نے کبھی قرضہ نہ لیا تو معافی کیسی؟اِن کے علاوہ اب تک ایسا کوئی اور دعویدار سامنے نہیں آیا۔

دوسری طرف الیکشن کمیشن نے پہلی بار اِس جانچ پڑتال کے عمل میں ایف آئی اے کو بھی شامل کیا ہے جس نے دوہری شہریت رکھنے والوں کی ایک فہرست الیکشن کمیشن کو فراہم کی ہے اِس کے مطابق 122امیدوار شامل ہیں اِن میں بھی چند انتہائی اہم سیاسی رہنماؤں جن میں سابقہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور احمد یار ہراج کینیڈاکے شہری ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے فیصل واڈا، نادر اکمل لغاری اورپی ٹی آئی کی سابقہ رہنمافوزیہ قصوری امریکی شہریت کے حامل ہیں جبکہ سابقہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی اِس بات کی وضاحت کی ہے کہ وہ اپنی کینیڈا کی شہریت چھوڑ چکے ہیں اور اِس سلسلے میں انہوں نے ایک بیان حلفی بھی سپریم کورٹ میں جمع کروایا تھا۔

ایف آئی اے نے تو رپورٹ فراہم کرکے اپنا کام پورا کردیا ہے مگر اب دیکھنا یہ ہے الیکشن کمیشن کس طرح اِ ن نادہندگان اور دوہری شہریت کے حامل امیدواروں کوالیکشن2018سے آؤٹ کرتا ہے یہی وجہ تھی کہ اِن تمام سیاسی جماعتوں جن کی نمائندگی پاریمان میں تھی نے ہر طرح کے اختلافات سے بالاتر ہوکر ایک نیا فارم کاغذاتِ نامزدگی ترتیب دیا تھا جس میں اِن تمام معلومات کو نکال دیا گیا تھا مگر سپریم کورٹ کی طرف سے نئے فارم کے ساتھ دیگر معلومات کے لئے بیان حلفی کا اضافہ کیا گیا جس سے چوروں اور لٹیروں کاالیکشن2018میں حصہّ لینے کا خواب چکنا چور ہوگیاہے ویسے بھی دوہری شہریت والوں سمیت ڈیفالٹروں کو کسی قسم کے قومی عہدے پر فائز نہیں ہونا چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 

Shahzad Imran Rana Advocate
About the Author: Shahzad Imran Rana Advocate Read More Articles by Shahzad Imran Rana Advocate: 68 Articles with 50827 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.