چین کے شہر Guiyang میں تعمیر ایک بلند وبالا عمارت سے
گرتے آبشار کو دیکھ کر ایسا معلوم ہوتا ہے جیسے یہ کوئی سائنس فکشن مووی کا
منظر ہو لیکن آپ کی آنکھیں یہ سب کچھ حقیقت میں دیکھ رہی ہوتی ہیں-
|
|
354 فٹ کی بلندی سے گرتے اس آبشار کی ویڈیو انتہائی شاندار ہے اور اس نے
سوشل میڈیا کے لاکھوں صارفین کو حیرت میں مبتلا کردیا ہے- درحقیقت یہ دنیا
کا سب سے بلند ترین مصنوعی آبشار ہے جو کہ Liebian International Plaza
نامی عمارت سے گرتا ہے- اور اسے ٹیکنالوجی کی دنیا کا دلچسپ کارنامہ بھی
قرار دیا جارہا ہے-
پہلی بار جب اس مصنوعی آبشار کو چلایا گیا تو مقامی افراد نے یہ تصور کیا
کہ شاید عمارت کی پانی کی کوئی پائپ لائن پھٹ گئی اور پانی تیزی سے بہنا
شروع ہوگیا ہے- حقیقت میں اس مصنوعی آبشار کے انتہائی طاقتور پمپ استعمال
کیے جاتے ہیں- اس عمارت کے زیرِ زمین چار منزلوں میں پانی کے ذخیرے اور
نکاسی آب کا ایک پورا نظام موجود ہے-
|
|
جہاں ایک جانب اس مصنوعی آبشار سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہوئی دوسری
طرف اکثر لوگوں نے اسے پانی و بجلی کا ضیاع اور غیر ضروری قرار دیا- لوگوں
کے نزدیک توانائی کی بچت کرنا زیادہ ضروری ہے نہ کہ اسے ضائع کیا جائے-
اس آبشار کو چلانے کے لیے چار 185 کلوواٹ کے حامل پمپ استعمال کیے جاتے ہیں
جو پانی کو بلندی تک لے جاتے ہیں- اس آبشار کو صرف ایک گھنٹہ چلانے پر 118
ڈالر کی لاگت آتی ہے- تاہم اس آبشار کو خاص مواقع پر ہی چلایا جاتا ہے اور
وہ بھی صرف 15 سے 20 منٹ کے لیے-
|
|
جس عمارت سے یہ مصنوعی آبشار گرتا ہے اس کی اپنی بلندی 121 میٹر ہے اور اس
میں ہوٹل٬ شاپنگ مال اور دفاتر بنائے گئے ہیں- |