محمود ایک شرارتی لڑکا تھا۔وہ پڑھائی میں بالکل دلچسپی نہ
لیتا ۔دن بھر وہ نت نئی شرارتوں کے منصوبے بنایاکرتا۔کبھی کسی کے دروازے کی
گھنٹی بجاکربھاگ جانا،کبھی کسی جانور کواذیتیں دینا،کسی خوانچہ فروش کی نقل
کرنا ،کسی بھکاری کو زچ کرنا۔حتی کہ اسکول میں بھی اس کا ذہن شرارتوں ہی کی
طرف مائل رہتا۔وہ کبھی ایک طالب علم کی چیزیں چھپاکر کسی دوسرے کے بستے میں
ڈال دیتا،کلاس میں ہوٹنگ کرتا ،اسکول کے چوکیدار کو تنگ کرتا،الغرض نت نئی
سازشیں،نت نئی چالیں۔
اگراس کے اساتذہ اور والدین اس کی توجہ تعلیم کی طرف دلاتے تو انہیں سہانے
خواب دکھادیتا۔اپنی فرضی محنت کوبڑھاچڑھاکربیان کرتا۔وہ امتحانات کے سلسلے
میں بہت پرامید بلکہ پراعتماد تھا۔اس کا خیال تھا کہ وہ بہت ذہین ہے اورنقل
کے لئے نئے نئے حربے جانتا ہے جس سے نہ صرف وہ پاس ہوجائے گا بلکہ اعلیٰ
نمبر حاصل کرلے گا۔
سالانہ امتحان کے آغازسے قبل جب اس کے ایک دوست نے امتحان کی تیاری کے
متعلق استفسارکیا تو اس نے استہزائیہ انداز سے کہا کہ مکمل تیاری ہے ۔
نیایونیفارم، نئے جوتے،نیاقلم الغرض تمام اشیاء بالکل نئی خرید چکا ہوں ۔اب
صرف امتحان کا انتظار ہے۔
جب امتحان کا باقاعدہ آغاز ہوا تو پہلے پرچے کے دوران مکمل تیاری کے ساتھ
گیا لیکن پرچہ اس کی توقعات کے برعکس نکلا یعنی اس کے لائے ہوئے کارتوس
ناکارہ ثابت ہوئے۔ جب پرچہ توقع کے برعکس دیکھا تو اس کے ہاتھوں کے طوطے
اڑگئے ۔اس نے ادھر ادھر جھانکنا شروع کردیا۔ کبھی کسی سے سوال کرے کبھی کسی
سے کچھ مانگے، التجاکرے۔ اس کے استاذ نے جب اسے اس طرح التجاء کرتے
اوردوسروں سے مانگتے دیکھا تو کہا تم اگر سال بھر محنت کرتے تو آج دوسرو ں
سے بھیک نہ مانگ رہے ہوتے بلکہ اپنی محنت کے بل بوتے پر اب امتحان دے رہے
ہوتے۔یوں محمود کو سب کے سامنے خفگی اور شرمندگی کا سامنا کرناپڑا۔ لیکن اس
کے باوجوداس عمل سے توبہ کرنے کے بجائے وہ اپنے ذہن میں کوئی اورہی منصوبہ
بنارہاتھا۔ کہ کل میں مزید تیاری سے آؤں گا اورمجھے کسی سے کچھ مانگنا نہ
پڑے گا ۔
اگلے دن وہ فخریہ انداز سے ہر طرح کی بوٹی اورکارتوسوں سے لیس کمرہ امتحان
میں داخل ہو۔ پرچہ سامنے آتے ہی اس کا ذہن بڑی تیزی سے کام کرنے لگا کہ کون
سا سوال کہاں رکھا ہواہے۔ ابھی وہ بمشکل سوالوں کے جواب ہی ڈھونڈ پایا تھا
کہ اچانک معلوم ہوا کہ آج اچانک بورڈ سے انسپیکشن کی ٹیم آگئی ہے۔ اب اس نے
سوچا کیاکیاجائے۔ انتظار کے سوا کوئی چارہ نہ تھا ۔ٹیم نے اس کے کمرے میں
بہت وقت لگایا۔ نگران بھی بہت مستعد اورچوکس تھے۔ اس کا قیمتی وقت برف کی
مانندبڑی تیزی سے اس کے ہاتھوں سے پھسلتارہا۔ جب اس نے وقت ہاتھ سے
نکلتادیکھا تو اس نے تمام ترخوف کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بڑی رازداری
اورخاموشی سے نقل کرناشروع کی۔ یہ کیا ابھی وہ پہلا سوال ہی کررہاتھا کہ
نگران نے اسے آڑے ہاتھوں لیا اور اسے رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔
وہیں پر انہوں نے ہیڈ ماسٹرصاحب کو بلالیا۔ وہ نفسیات دان اور قابل،لائق
اور محنتی طلباء بہت سے محبت کرنے والے تھے۔ انہوں نے کچھ عجیب سے لہجے میں
کہا کہ محمود تم چور کب سے بن گئے؟ اس نے کہا میں نے توکبھی چوری نہیں کی۔
انہوں نے کہا یہ چوری نہیں تو اور کیا ہے۔
پھر نے انہوں نے مزید فرمایا کہ چوری کرنے کےباوجود تم جھوٹ بھی بولتے ہو ۔
اور جھوٹ بھی ایسا جو پوری زندگی پر محیط ہوکیونکہ جب تم کہتے ہو کہ میں نے
اتنے نمبر حاصل کیے ہیں تو یہ صریح جھوٹ ہے کیوں کہ تم ان نمبروں کے اہل
توقطعا نہ تھے۔ مزید سحرانگیز الفاظ میں کہا کہ تم تو جھوٹے بھی ہو ،
بھکاری بھی اور چور بھی ۔یہ تمام الفاظ محمود کے دل پر ہتھوڑے برسارہے تھے
۔پوری کلاس کے سامنے اس طرح کی شرمندگی ،رسوائی،بے وقعتی کا اس نے کبھی
خواب میں بھی تصورنہ کیاتھا! لیکن اس کا ضمیربیدارہوچکا تھااور اسے کچوکے
لگارہاتھا کہ واقعی استاد محترم صحیح فرمارہے ہیں۔ اس کے لیے تمہیں دائمی
جھوٹ کا بھی سہارالیناپڑتاہے۔ یعنی یہ ایک برائی کئی برائیوں کو جنم دے رہی
ہے۔ اگر تھوڑی سی محنت کرلیتا تو یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ ان کے بصیرت افروز
واقعات اورحکیمانہ درس نے اس کی دل کی دنیا بدل دی۔ اب یہ سب باتیں سن کر
وہ رونے لگا اوراس نے عہد کیا کہ آئندہ کبھی ایسا نہ کرے گا بلکہ خوب محنت
کرے گا۔
اورواقعی اگلے سال اس نے ابتداء ہی سے انتہائی منظم انداز سے تعلیم کو وقت
دیا۔ تمام شرارتوں سے توبہ کی ۔ اور پھر جب سالانہ نتیجہ آیا تو واقعی وہ
نہ صرف اعلیٰ نمبروں سے پاس تھا بلکہ پورے اسکول نے اس نے پہلی پوزیشن حاصل
کی تھی۔ اب تو اس کی خوشی دیدنی تھی۔
ہیڈماسٹر صاحب نے کہا بیٹا اب آپ کو سچی خوشی حاصل ہوئی ہے۔ اس مقام کو آپ
نے اپنی محنت سے حاصل کیا ہے اب آپ فخر سے کہہ سکتے ہو کہ میں نے امتحان
میں پہلی پوزیشن لی ہو اور آپ کا ضمیر آپ کو کچوکے نہیں مارے گا کہ تم جھوٹ
بول رہے ہو۔
محمود نے دل کی گہرائی سے ہیڈماسٹرصاحب کا شکریہ اداکیا کہ انہوں نے اسے
ڈانٹنے یا مارنے کے بجائے اس کی اصلاح کی اورآج کی اس کامیابی کاذریعہ بنے۔
|