صرف ایک دوست۔۔۔

 پچھلے کچھ دنوں سے معصوم سی خواہشات ذہن میں ابھرتی ہیں سوچتا ہوں آپ سے شئیر کر لی جائیں۔میں سمجھتا ہوں اگر زندگی میں مسائل دن بہ دن بڑھتے چلے جائیں۔آپ کا باس اچھے مزاج کا نہ ہو،آپ کا ادارہ تنخواہ دو ماہ بعد دیتا ہو،گاڑی سٹارٹ ہونے سے پہلے دھکا مانگتی ہو،گرل فرینڈ ملنے سے پہلے خرچہ مانگتی ہو،دوست اکٹھے ہونے پر ٹریٹ لیتے ہوں،بہن بھائی گھر پہنچنے پر فرمائشیں ڈالتے ہوں،ابا جی آپ کی تنخواہ کا زیادہ تر حصہ گھر کے کچن کے لیے مختص کردیتے ہوں۔آپ نے پچھلے دو سال سے کوئی سیروسیاحت نہ کی ہو۔سینما میں فلم دیکھے ہوئے کئی مہینے گزر چکے ہوں۔پندرہ دنوں میں فیس بک پر) (feeling happy کا کوئی سٹیٹس نہ دیا ہو۔آپ ہر دوسرے دن وہی چیک والی پرانی شرٹ پہن رہے ہوں،گاڑی چلتے چلتے عجیب و غریب آوازیں نکال رہی ہو،آپ کی آفس اسائنمنٹ کی ٹائم لائن ہر بار کی طرح ختم ہورہی ہو،آپ کو یہ احساس ستانے لگے کہ زندگی میں کچھ ٹھیک نہیں تو سمجھیے یہ کالم آپ کے لیے ہے۔ان سب مسئلوں کو ایک لمحے کے لیے بھول جائیں ۔ صرف ایک پل کے لیے زندگی کی فلم ریوائنڈ کر کے دیکھیں آپ نے آج تک کتنے دوست بنائے؟ پھر ذہن پر زور ڈال کر ان دوستوں کے نام یاد کیجیے جو ابھی تک آپ کے دوست ہیں۔آپ کے ذہن میں بہت سے نام آرہے ہوں گے ،ملک صاحب،گجرصاحب،میاں صاحب،حاجی صاحب،شکیل،عابد،زین،ناصر،شفیق،دانیال،عماد،خاور،ہارون،ساجد،ماجدمنا،سنی،وکی وغیرہ وغیرہ۔ اب ذرا ٹھنڈے دماغ سے سوچیے اگر یہ سب دوست آپ کے واقعی دوست ہیں تو آپ کی زندگی میں اتنے مسئلے کہاں سے پیدا ہوئے ہیں۔جی بالکل آپ ٹھیک سوچ رہے ہیں آپ کی زندگی میں صرف ایک کمی ہے وہ ہے اچھے دوست کی ۔جی ہاں! وہ دوست جو سکول میں ہو تو آپ کے ہوم ورک کو اپنا کلاس ورک سمجھ کر کرے،وہ دوست جو کالج میں ،یونیورسٹی میں آپ کے ساتھ ہو یا نہ ہو آپ کی اسائنمنٹ میں شراکت دار ضرور ہو۔وہ دوست جو ہر ہفتے نئی فلم کی ٹکٹس لے کر آپ کے دروازے پر پہنچ جائے،وہ دوست جو آپ کی شرٹ دیکھ کر کہے یار چل میرے ساتھ نئی شرٹ لیتے ہیں،وہ دوست جو فلم دکھانے کے بعد ہارڈیز سے ڈبل ٹکی والا برگر کھلانے کے بعد پوچھے یار آئسکریم نہ ہوجائے۔وہ دوست جس کی گاڑی اس کی کم آپ کی زیادہ ہو،جو ہمیشہ آپ کے مانگے بغیر اپنی گاڑی آپ کے حوالے کر دے اور کبھی نہ پوچھے کہ پٹرول ڈلوایا تھا؟،وہ دوست جو آپ کو پاؤں سمیت سیٹ پر بیٹھنے پر بھی کچھ نہ کہے بلکہ سیٹ پیچھے کر کہے ’’ریلیکس ہو کر بیٹھو‘‘۔وہ دوست جو پوچھے بغیرتھائی لینڈ کے دو ہوائی ٹکٹس بک کرواچکا ہو ،جب آپ اسے بتائیں کہ آفس سے غیر حاضری کی صورت میں آپ کی تنخواہ سے 2600 روپے کی کٹوتی ہوگی تو وہ جھٹ سے پانچ ہزار کا نوٹ کا نکال کر آپ کی خدمت میں پیش کردے۔وہ دوست جو ہر دوسرے ہفتے برینڈڈ جوتے،گھڑیاں،پرفیومز آپ کو گفٹ کرتا ہو۔ ایسا دوست جب بھی آپ گھر سے لیٹ ہوں تو اس کا نام استعمال کر کے آپ آرام سے گھر جاسکیں۔ایسا دوست جویہ جذبہ رکھتا ہوضرورت پڑنے پر اس کے کسی بزرگ کی فرضی وفات کی خبر گھر سنا کر ویک اینڈ آرام سے گھر سے باہر گزارا جاسکے۔

ایسا دوست جس کی پلیٹ میں سے اچھی بوٹیاں کھانے پر وہ خونخوار نظروں سے دیکھنے کی بجائے مسکرا کر اپنی پلیٹ آپ کے سامنے سرکا دے۔ ایسا دوست جسے آپ کی گرل فرینڈبھی اپنا بھائی سمجھے جب بھی کوئی نازک صورتحال ہو تو دوست بیچ میں پڑکر سب گتھیاں سلجھا دے۔ جب بھی گھر میں کالی توریاں یا کریلے پکیں وہ دوست کہیں سے نمودار ہو اور آپ کوزبردستی پیزا ہٹ سے کلاسک پیزا کھلانے لے جائے۔ہمیشہ دوست جہاں بھی کھانا کھائیں وہ چپکے سے اٹھے اور جاکر کاؤنٹر پر بل اداکردے۔ایسا دوست جوہمیشہ آپ کی سالگرہ کا اہتمام کسی فائیو سٹار ہوٹل میں کرے اور اپنی سالگرہ سادگی سے منائے۔ایسا دوست جوآپ کے ہر پھڈے میں بغیر پوچھے کود جائے،جو ہر مشکل گھڑی میں سب سے آگے ہو،جو ہرمسئلے کو آسانی سے حل کرنا جانتا ہو۔ صرف یہ ایک دوست اگر آپ کی زندگی میں آجائے تو میں یقین سے کہہ سکتا ہوں آپ کی زندگی کو پرسکون ہونے سے کوئی نہیں روک سکتا۔

Farrukh Shahbaz Warraich
About the Author: Farrukh Shahbaz Warraich Read More Articles by Farrukh Shahbaz Warraich: 119 Articles with 126924 views


فرخ شہباز

پنجاب یونیورسٹی سے جرنلزم میں گریجوایٹ ہیں۔انٹرنیشنل افئیرز میں مختلف کورسز کر رکھے ہیں۔رائل میڈیا گروپ ،دن میڈیا گروپ اور مختلف ہ
.. View More