نومولود کو دعا دینے کا مسنون طریقہ

اولاد اﷲ کی طرف سے بڑی نعمت ہے، اس نعمت پرخوش ہونا فطری امر ہے اوراﷲ رب العالمین کا شکریہ بجالانا نعمت کا تقاضہ ہے ۔ صاحب اولاد کی خوشی میں دوسرے مسلمان بھائیوں کو بھی شریک ہونا چاہئے اور اس کے بچے کی صحت وعافیت اور خیروبرکت کے لئے دعا کرنی چاہئیاس لئے تو نبیﷺصحابہ کے یہاں بچوں کی پیدائش پر دعائیں دیتے ہیں ۔ دعا کا باب وسیع ہے جس قدر مناسب ہو نومولود کے حق میں خیروبرکت کی دعا کی جائے لیکن یاد رہے نومولود کے لئے دعا دینے میں سنت کا دامن تھاما جائے ۔ نبی ﷺ کی سنت یہ ہے کہ جب کوئی بچہ آپ کی خدمت میں پیش کیا جاتا تو آپ اس کے لئے دعائے برکت کرتے ۔ اس سلسلے میں چند احادیث آپ کی خدمت میں پیش کرتا ہوں تاکہ نومولود کو دعا دینے کے لئے مسنون طریقہ معلوم ہوسکے ۔
پہلی حدیث :
عَنْ أَسْمَاء َ بِنْتِ أَبِی بَکْرٍ رَضِیَ اللَّہُ عَنْہُمَا: أَنَّہَا حَمَلَتْ بِعَبْدِ اللَّہِ بْنِ الزُّبَیْرِ بِمَکَّۃَ، قَالَتْ: فَخَرَجْتُ وَأَنَا مُتِمٌّ، فَأَتَیْتُ المَدِینَۃَ فَنَزَلْتُ قُبَاء ً، فَوَلَدْتُ بِقُبَاء ٍ، ثُمَّ أَتَیْتُ بِہِ رَسُولَ اللَّہِ صَلَّی اﷲُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَوَضَعْتُہُ فِی حَجْرِہِ، ثُمَّ دَعَا بِتَمْرَۃٍ فَمَضَغَہَا، ثُمَّ تَفَلَ فِی فِیہِ، فَکَانَ أَوَّلَ شَیْء ٍ دَخَلَ جَوْفَہُ رِیقُ رَسُولِ اللَّہِ صَلَّی اﷲُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ، ثُمَّ حَنَّکَہُ بِالتَّمْرَۃِ، ثُمَّ دَعَا لَہُ فَبَرَّکَ عَلَیْہِ وَکَانَ أَوَّلَ مَوْلُودٍ وُلِدَ فِی الإِسْلاَمِ، فَفَرِحُوا بِہِ فَرَحًا شَدِیدًا، لِأَنَّہُمْ قِیلَ لَہُمْ: إِنَّ الیَہُودَ قَدْ سَحَرَتْکُمْ فَلاَ یُولَدُ لَکُمْ(صحیح البخاری:5512)
ترجمہ: سیدہ اسماء بنت ابی بکر رضی اﷲ عنہا سے روایت ہے کہ وہ مکہ مکرمہ میں عبداﷲ بن زبیر کی امید سے تھیں انہوں نے ہا کہ جب میں وہاں سے ہجرت کے لیے نکلی تو ولادت کا وقت قریب تھا۔ مدینہ طیبہ پہنچ کر میں نے قباء میں رہائش اختیار کی۔ پھر قباء میں ہی عبداﷲ بن زبیر پیدا ہوا۔ میں اسے لے کر رسول اﷲ ? کی خدمت میں حاضر ہوئی اور اسے آپ کی گود میں رکھ دیا۔ آپ نے کھجور طلب فرمائی اسے چبایا اور بچے کے منہ میں لعاب مبارک ڈال دیا، چنانچہ پہلی چیز جو بچے کے پیٹ میں گئی وہ رسول اﷲ ? کا لعاب مبارک تھا۔ پھر آپ نے اسے کھجور سے گھٹی دی اور اس کے لیے برکت کی دعا فرمائی۔ یہ سب سے پہلا بچہ تھا جو (ہجرت کے بعد) دور اسلام میں پیدا ہوا۔ صحابہ کرام رضی اﷲ عنہم اس سے بہت خوش ہوئے کیونکہ ان کے ہاں یہ افواہ پھیلائی گئی تھی کہ یہودیوں نے تم پر جادو کردیا ہے لہذا تمہارے ہاں اب کوئی بچہ پیدا نہیں ہوگا۔
ہجرت کے بعد دور اسلام میں پیدا ہونے والا پہلا بچہ عبداﷲ بن زبیر کی پیدائش پر نبی ﷺ نے ان کے لئے برکت کی دعا کی ۔
دوسری حدیث :
عَنْ أَبِی مُوسَی رَضِیَ اللَّہُ عَنْہُ، قَالَ: وُلِدَ لِی غُلاَمٌ، فَأَتَیْتُ بِہِ النَّبِیَّ صَلَّی اﷲُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَسَمَّاہُ إِبْرَاہِیمَ، فَحَنَّکَہُ بِتَمْرَۃٍ، وَدَعَا لَہُ بِالْبَرَکَۃِ، وَدَفَعَہُ إِلَیَّ، وَکَانَ أَکْبَرَ وَلَدِ أَبِی مُوسَی(صحیح البخاری:5510)
ترجمہ: سیدنا ابو موسیٰ اشعری ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا: میرے یہاں لڑکا پیدا ہوا تو میں اسے لے کر نبی ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آپ نے اس کا نام ابراہیم رکھا اور کھجور کو چبا کر اس کی گھٹی دی نیز اس کے لیے خیر وبرکت کی دعا فرمائی پھر وہ مجھے دے دیا یہ سیدنا ابو موسیٰ ؓ کے سب سے بڑے لڑکے تھے.
تیسری حدیث :
عَنْ عَائِشَۃَ رَضِیَ اللَّہُ عَنْہَا، قَالَتْ: کَانَ رَسُولُ اللَّہِ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ یُؤْتَی بِالصِّبْیَانِ فَیَدْعُو لَہُمْ بِالْبَرَکَۃِ.(صحیح أبی داود:5127)
ترجمہ: ام المؤمنین سیدہ عائشہ ؓا نے بیان کیا کہ رسول اﷲ ﷺ کے پاس چھوٹے بچوں کو لایا جاتا تھا تو آپ ﷺ ان کے لیے برکت کی دعا فرمایا کرتے تھے ۔
اولاد کے لئے برکت کی دعائیں :
ان تینوں احادیث سے ہمیں معلوم ہوا کہ نبی ﷺ نومولود کے لئے برکت کی دعا کرتے تھے ، اکثر احادیث میں اسی طرح برکت کی دعا کرنا مذکور ہے ۔ مسند بزار (ح:7310) میں انس بن مالک رضی اﷲ عنہ کے حوالے سے رسول اﷲ ﷺ کی برکت کی ایک خصوصی دعا بھی مجھے ملی ۔ آپ ? نیبچہ کی پیدائش پر انس رضی اﷲ عنہ سے کہا کہ اپنی والدہ کے پاس جاؤ اور یہ دعا کہو:
بَارَکَ اللَّہُ لَکِ فِیہِ، وَجَعَلَہُ بَرًّا تَقِیًّا.
علامہ ہیثمی نے اس حدیث پر حکم لگاتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے رجال صحیح کے رجال ہیں سوائے احمد بن منصور الرمادی کے اور وہ ثقہ ہیں ۔ (مجمع الزوائد: 9/264)
لہذا ہم یہ دعا بھی کرسکتے ہیں اور اس کے علاوہ ماثورہ دعاؤں میں سے برکت کی ہر وہ دعا بھی کرسکتے ہیں جو اولاد کو شامل ہو مثلا
*اﷲم أکثِرْ مالَہ، وولدَہ، وبارِکْ لہ فیما أعطَیتَہ(صحیح البخاری:6344)
ترجمہ: اے اﷲ !اس کے مال اور اس کی اولاد میں اضافہ کردے اور جو کچھ تو نے اسے دیا ہے اس میں برکت عطا فرما۔
* اﷲمَّ ! بارِکْ لہم فی ما رزقتَہم واغفرْ لہم وارحمْہم(صحیح مسلم:2042)
ترجمہ: اے اﷲ !تونے انھیں جو رزق دیا ہے اس میں ان کے لیے برکت ڈال دے اور ان کے گناہ بخش دے اور ان پر رحم فرما۔
اولاد کے لئے دعا کا اثر :
صالح اولاد کیحصول کے لئے اﷲ سے دعا کرنی چاہئے ، اولاد نصیب ہوجائے تو پھر اس کی خیر وبرکت کے لئے مزید دعا کرنی چاہئے کیونکہ دعا کا اثر ہوتا ہے ۔ جس طرح ایک انسان اپنی اولاد کے لئے دعا کرے اسی طرح دوسرے مسلمان کی اولاد کے لئیبھی دعا کرے ، یہاں بچے کی موت پر صبر اور دعا کی تاثیرسے متعلق ایک عبرت آموز واقعہ بیان کرنا مفید ہوگا ۔
حضرت انس بن مالک رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے۔انھوں نے فرمایا:
اشتکی ابنٌ لأبی طلحۃَ ، قال : فمات وأبو طلحۃَ خارجٌ ، فلمَّا رَأَتِ امرأتُہُ أنَّہُ قد ماتَ ، ہَیَّأَتْ شیئًا ، ونَحَّتْہُ فی جانبِ البیتِ ، فلمَّا جاء َ أبو طلحۃَ قال : کیف الغلامُ ؟ قالت : قد ہَدَأَتْ نَفْسُہُ ، وأرجو أن یکونَ قد استراحَ . وظَنَّ أبو طلحۃَ أنَّہا صادقۃٌ . قال : فبَاتَ ، فلمَّا أصبحَ اغتسلَ ، فلمَّا أراد أن یخرجَ أَعْلَمَتْہُ أنَّہُ قد ماتَ ، فصلَّی مع النبیِّ صلَّی اﷲُ علیہِ وسلَّمَ ، ثم أَخْبَرَ النبیَّ صلَّی اﷲُ علیہِ وسلَّمَ بما کان منہا ، فقال رسولُ اﷲِ صلَّی اﷲُ علیہِ وسلَّمَ : لعلَّ اﷲَ أن یُبَارِکَ لکما فی لیلتکما . قال سفیانٌ : فقال رجلٌ من الأنصارِ : فرأیتُ لہما تسعۃَ أولادٍ ، کلُّہم قد قرأَ القرآنَ .(صحیح البخاری:1301)
ترجمہ: حضرت ابو طلحہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کا ایک بیٹا بیمارتھا وہ فوت ہو گیا جبکہ حضرت ابوطلحہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ اس وقت گھر پر موجود نہیں تھے۔ ان کی بیوی نے بچیکو غسل وکفن دے کر اسے گھر کے ایک گوشے میں رکھ دیا۔ جب حضرت ابوطلحہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ گھر تشریف لائے تو پوچھا:لڑکے کا کیا حال ہے؟ان کی بیوی نے جواب دیا:اسے آرام ہے اور مجھے امید ہے کہ اسے سکون میسر ہوا ہے۔حضرت ابوطلحہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے سمجھا کہ وہ صحیح کہہ رہی ہیں(بچہ اب ٹھیک ہے) پھر وہ رات بھر اپنی کے پاس رہے اور صبح کو غسل کر کے باہر جانے لگے تو بیوی نے انھیں بتایا کہ لڑکا تو فوت ہو چکا ہے۔حضرت ابو طلحہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے نبی ﷺ کے ہمرا صبح کی نماز ادا کی پھر رات کے ماجرے کی نبی ﷺ کو خبردی جس پر رسول اﷲ ﷺ نے فرمایا:"اﷲ تعالیٰ تم دونوں میاں بیوی کو تمھاری اس رات میں برکت دے گا۔" ایک انصاری شخص کا بیان ہے کہ میں نے حضرت ابوطلحہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ (کی نسل) سے نولڑکے دیکھے جو سارے کے سارے حافظ قرآن تھے۔
ایک دوسرا واقعہ معاویہ بن قرۃ رحمہ اﷲ کا ہے وہ بیان کرتے ہیں :
لمَّا وُلِدَ لی إِیاسٌ دَعَوْتُ نَفَرًا من أصحابِ النبیِّ صلَّی اﷲُ علیہِ وسلَّمَ ؛ فَأَطْعَمْتُہُمْ ، فَدَعَوْا ، فقُلْتُ : إِنَّکُمْ قد دَعَوْتُمْ فَبارَکَ اﷲُ لَکُمْ فیما دَعَوْتُمْ ، وإنِّی إنْ أَدْعُو بِدُعَاء ٍ فَأَمِّنُوا ، قال : فَدَعَوْتُ لہُ بِدُعَاء ٍ کَثِیرٍ فی دِینِہِ ، وعَقْلِہ وکذا ، قال : فإنی لأَتَعَرَّفُ فیہِ دُعَاء َ یومئذٍ(صحیح الأدب المفرد:950)
ترجمہ: میرے یہاں میرا بیٹا ایاس پیدا ہوا تو میں نے نبی کریم ﷺ کے اصحاب میں سے چند آدمیوں کی دعوت کی اور انہیں کھانا کھلایا ، پھر انہوں نے دعا مانگی تو میں نے کہا ، بے شک تم نے دعا کی ہے اﷲ تعالی تمہاری اس دعا میں برکت دے جو تم نے مانگی ہے اور اب اگر میں دعا کروں تو تم آمین کہنا۔ فرماتے ہیں پھر میں نے اس کے لئے اس کے دین اور اس کی عقل وغیرہ کے لئے ڈھیروں دعائیں مانگیں ، فرماتے ہیں بے شک میں اس (بچہ ایاس) میں اس دن کی دعاؤں کا اثر پہچانتا ہوں ۔
قابل توجہ ایک بات عرض کرتا چلوں کہ والد کی دعا اولاد کے حق میں قبول ہوتی ہے اس لئے اپنی اولاد کو بددعا نہ دے کیونکہ یہ بد دعا بھی قبول ہوسکتی ہے ۔
نومولود کے حق میں اسلاف سے منقول صحیح یا ضعیف دعائیں :
بعض اسلاف سے نومولود کے لئے مختلف دعائیں اور آثاروارد ہیں جن کا درج ذیل سطور میں خلاصہ بیان کیا جاتا ہے ۔
حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہ کا عمل : کثیر بن عبید بیان کرتے ہیں :
کانت عائشۃُ رضی اﷲُ عنہا إذا وُلِدَ فیہم مولودٌ ( یعنی من أہلِہا ) لا تسألْ : غلامًا ولا جاریۃً ، تقول : خُلِقَ سویًّا ؟ فإذا قیل : نعم ، قالت : الحمدُ ﷲ ربِّ العالمینَ(صحیح الأدب المفرد:951)
ترجمہ: عائشہ رضی اﷲ عنہا کے یہاں اپنے گھر والوں میں کوئی بچہ پیدا ہوتا تو یہ نہ پوچھتیں کہ لڑکا ہے یا لڑکی بلکہ پوچھتیں کہ صحیح و سالم پیدا ہوا ؟ اگر کہا جاتا ہاں تو کہتیں : الحمدُ ﷲ ربِّ العالمینَ (ساری تعریف اﷲ رب العالمین کے لئے ہے)۔
ہمارے معاشرہ میں پیدائش پر سب سے پہلے یہ پوچھا جاتا ہے کہ لڑکا یا لڑکی ہے اس حدیث میں اس بابت ہمارے لئیبڑی عبرت ہے ۔
حسن بصری ؒ اور ایوب سختیانی سے منقول صحیح دعا:
ایوب سختیانی سے منقول ہے کہ بچے کی پیدائش پر اس طرح اسے مبارکبادی پیش کرتے : "جعلہ اﷲ مبارکا علیک وعلی أمۃ محمد "
اسے ابن ابی الدنیا نے النفقۃ علی العیال میں (رقم؍202) میں ذکر کیا ہے ۔
یہی صیغہ حسن بصری سے بھی منقول ہے ، سری بن یحی بیان کرتے ہیں کہ حسن کی مجلس میں بیٹھنے والے ایک شخص کے یہاں بچہ پیدا ہوا تو ایک دوسرے شخص نے بچے کی پیدائش پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا :آپ کو یہ فارس ( گھڑ سوار) مبارک ہو۔ حسن بصری رحمہ اﷲ نے کہا کہ آپ کو کیا پتہ کہ یہ فارس ہوگا؟ شاید وہ بڑھی ہو یا درزی ہو۔ انہوں پوچھا تو کیسے کہیں تو آپ نے کہایوں کہو:
جَعَلَہُ اللَّہُ مُبَارَکًا عَلَیْکَ وَعَلَی أُمَّۃِ مُحَمَّدٍ صَلَّی اللَّہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ(الدعاء للطبرانی , باب : کَیْفَ التَّہْنِئَۃُ بِالْمَوْلُودِ، رقم الحدیث: 872)
اس دعا کو بعض اہل علم نے سلف کی جانب سے منقول صحیح دعا قرار دیا ہے جیساکہ شیخ یحی بن علی حجوری یمنی اور شیخ ابوخالد ولید بن ادریس اسکندری وغیرہ
لوگوں میں مشہور ایک ضعیف دعا :
الاذکار للنووی کے حوالے سے لوگوں میں یہ دعا بہت مشہورو معروف ہے : " بَارَکَ اللَّہُ لَکَ فِی الـمَوْہُوبِ لَکَ، وَشَکَرْتَ الوَاہِبَ، وبَلَغَ أشُدَّہُ، وَرُزِقْتَ بِرَّہُ"
ترجمہ: اﷲ آپکی اولاد میں برکت دے مضبوط بنائے اور آپکو انکی بھلائی حاصل ہو اور آپ اسکا شکر ادا کریں۔
یہ دعا حسن بصری کی طرف منسوب ہے مگر اس کی سند میں شدید ضعف ہونے کے باعث ضعیف ہے ۔
تاریخ اصبھان کی ایک اور ضعیف روایت :
ابونعیم نے اپنی تاریخ اصبھان کے اندر حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہا کے واسطہ سیذکر کیا ہے کہ نبی ﷺ کے پاس جب کوئی بچہ پیدائش کے بعد لایا جاتا تو کہتے :
"اللَّہُمَّ اجْعَلْہُ بَارًّا تَقِیًّا رَشِیدًا ، وَأَنْبِتْہُ فِی الإِسْلامِ نَبَاتًا حَسَنًا" (أخبار أصبہان لأبی نعیم, وَہَذَا کِتَابُ صُلْحِ إَصْبَہَانَ, بَابُ الْعَیْنِ: رقم الحدیث: 1717)
اس کی سند میں بھی ضعیف راوی ہونے کے سبب یہ روایت بھی حجت کے قابل نہیں ہے ۔
مضمون کا لب لباب :
پورے مضمون کا خلاصہ یہ ہوا کہ نبی ﷺ بچہ کی پیدائش پراس کے لئے برکت کی دعا کرتے تھے اس لئے ہم بھی اپنے سماج میں اس سنت کو زندہ کریں جو صرف کتابوں میں نظر آتی ہے اور بغیر تخصیص کے برکت کی ہر وہ مسنون دعا کرسکتے ہیں جو اولاد کے حق میں مفید ہو صرف نظر اس سے کہ لڑکا ہے یا لڑکی ۔کم ازکم "اللھم بارک فیہ" یا "بارک اﷲ فیہ" بھی کہہ سکتے ہیں حتی کہ اپنی زبان میں بھی دعا کرسکتے ہیں ۔ مضمون میں جن دعاؤں کا ضعیف ہونا اجاگر کیا گیا ہے انہیں ضعیف مانتے ہوئے کبھی کبھار پڑھ لینے میں حرج نہیں ہے کیونکہ اس میں کوئی معنوی خرابی نہیں ہے البتہ اسے نومولود کی مبارکبادی کے لئے خاص نہ مانا جائے ۔ نیز ایسے موقع سے اسراف خواہ دعوت کے نام پہ ہو یا تحائف کے نام پہ ، یا غیرشرعی امور مثلا گانے بجانے اوراظہار مسرت میں اہل کفر کی مشابہت اختیار کرنے سے بچا جائے ۔ اسی طرح لڑکے کی پیدائش پہ خوشی منانا اور لڑکی کی پیدائش کو باعث غم سمجھ کر غمگین ہونا یا کسی قسم کی بدفالی لینا کفار کا شیوہ ہے ۔

Maqubool Ahmad
About the Author: Maqubool Ahmad Read More Articles by Maqubool Ahmad: 315 Articles with 312552 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.