یادیں باقی ہیں

محمد معین الدین کمالی:یادیں باقی ہیں،مکتبۂ دگر گلشن اقبال ،کراچی،سال اشاعت ،2018

 قحط الرجال کے موجودہ دور میں زندگی کی اقدار< عالیہ او ردرخشاں روایات پر جان کنی کا عالم ہے ۔پیہم شکستِ دِل کے نتیجے میں جان لیوا سکوت اور اعصا ب شکن بے حسی نے افراد کو حرص و ہوس کا اسیر بنا دیا ہے ۔ پیمان شکن، محسن کش، کینہ پرور ،حاسد ، ابن الوقت عناصر اور مرغانِ باد نما کے فکر ی افلاس کا یہ حال ہے کہ ایثار ،خلوص او ردردمندی کے مظہر کسی بھی قابلِ قدر کام کو لائق اعتنا نہیں سمجھتے او رکسی معمولی سی فروگزاشت کو نظر انداز کرنے پر آمادہ نہیں ہوتے ۔ اس عالم ِ آب و گِل کے آئینہ خانے میں یادوں کو سدا کلیدی مقام حاصل رہاہے ۔ یادوں کے بین السطور زندگی کے اہم واقعات کا ایسا معتبر حوالہ مستور ہوتا ہے جسے انسانی تجربات و مشاہدات کا بہا اثاثہ سمجھا جاتاہے ۔ افراد کے لیے یادوں کی مثال ایسی حسین فردوس ِ معانی کی ہے جس سے انخلا کی کوئی تدبیر کارگرہو سکتی ۔ عالمی ادبیات میں یاد نگاری کو ایک منفرد صنف ِادب کی حیثیت سے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔ علم بشریات،عمرانیات اور نفسیات کے ماہرین کا خیال ہے کہ زندگی کے تلخ و شیریں واقعات سے وابستہ یادیں حقائق کا ایسا معدن ہیں جو گنجینہ ٔ معانی کے طلسم کی صور ت میں لوح َ دِل پر انمٹ نقوش ثبت کرتی ہیں ۔یہ زندگی کے نشیب و فراز اور حیات و کائنات کے معمولات کا ایسا دھنک رنگ منظرنامہ پیش کرتی ہیں جن کا کرشمہ دامن دل کھینچتا ہے ۔عملی زندگی میں بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ ماضی کے متعدد ایسے سانحات جوروح کو زخم زخم اور دِل کو کِرچی کِرچی کرنے کا باعث بن جاتے ہیں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی یادیں زخموں کے اندمال کا وسیلہ ثابت ہوتی ہیں ۔حیران کن بات یہ ہے کہ وفا،ایثار ، رنگ ،خوشبو،حسن ،خوبی ،کردار اور وقارکے تمام استعارے انہی یادوں سے نمو پاتے ہیں ۔فضاؤں میں یادیں اس انداز میں پھیل جاتی ہیں کہ جس وسمت بھی نگاہ دوڑائیں یادوں کی باز گشت سنائی دیتی ہے ۔ حال ہی میں متاز ادیب محمد معین الدین کمالی کی معرکہ آرا تصنیف ’’ یادیں باقی ہیں ‘‘ پڑھنے کے بعد یادوں کی اہمیت اور افادیت کھل کر سامنے آ گئی۔اس وقیع کتاب میں شامل یادیں در اصل تخلیقی فعالیت کے مظہر ایسے ادب پارے ہیں جن میں مصنف کی نجی زندگی کے تمام معتبر حوالے قاری کے قلب و نظر کو مسخر کر لیتے ہیں۔مصنف نے اس کتاب میں درج ذیل شخصیات کے بارے میں اپنی یادوں کو زیب قرطاس کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی مصنف نے اپنے منفرد اسلوب میں اس امر کی صراحت کر دی ہے کہ ان نابغۂ روزگار ہستیوں اور یادگار زمانہ لوگوں سے وابستہ ہر یاد ناقابلِ تردید حقائق او رناقابلِ فراموش واقعات پر مبنی ہے ۔

اسلم مجاہد، اسرار احمد ڈاکٹر ،انور انصاری ، ایک گلوکارہ ( نو رجہاں )، ایک نو جوان مجاہد ، جی ۔ایم سید ، حاجی نجم الدین سریوال ،حسرت موہانی ( سید فضل الحسن ) ، حسن الاعظمی پروفیسر، حمید گل (جنرل) ، رفیق عزیزی سید ، سجاد ظہیر سید ،سلمان ندوی ڈاکٹر سید ، سلطان ٹیپو کا مشغلۂ بے کار ، شاکرہ ضیا ، شریف الدین پیرزادہ ، شیخ عمر ،شیر محمد مری ( جنرل شیروف) ،شین عین ( شفیع عقیل ) ،صباحت علی خان ، عبدالسلام نیازی مولانا ،عبدا لکریم عابد ،عرفان غازی ،عطا الرحیم سید ،غلام احمد اسماعیل،فضل الباری،قابل اجمیری ،قاضی محمد اکبر ،کمال کے آدمی ( تحریر: ڈاکٹر محمد محسن )،کمال کے بیٹے ( تحریر: ڈاکٹر محمد محسن )،کنور محمد امین چوہان ،محمد صلاح الدین شہید، محمد شریف اختر ، مدر ٹریسا، مرسلین شمسی ،معروف حسین مفتی ، مہر ؔ فوقی بدایونی ( ایثار محمد عبداﷲ ) ،معین اختر ،مشفق خواجہ ،میری شریک حیات ،میری غلطی اُن کا انتقام ، نثار احمد صالحی مولانا ،نعیم عارفی ، نعیم صدیقی ،نواب محمد یامین خان ،نیر علوی،وصی اﷲ قدوائی،وہ پو چھتے ہیں معین کمالی کون ہے ؟

یہ کتاب جن ممتاز شخصیات کی یادوں سے مزین ہے ان میں سے چالیس شخصیات کی رنگین تصاویر بھی کتاب کی زینت ہیں جو دو صفحات پر شائع کی گئی ہیں ۔ کتاب کے آخر میں شخصیات اور واقعات کا اشاریہ شامل ہے جو سات صفحات پر مشتمل ہے ۔مصنف نے ان شخصیات کی لائق صد رشک و تحسین زندگی کے اہم واقعات پیش کرتے وقت اپنے ذاتی تجربات کو اولیت دی ہے اور ان سے اپنے مراسم کا اپنے لیے لائق صد افتخار قرار دیا ہے ۔تحلیل نفسی کے ماہرین کی رائے ہے کہ جب کوئی بے کمال شخص کسی با کمال شخص کی فقید المثال کامرانیوں پر کڑھتاہے تو یہ اس کے احسا س کم تری کی دلیل ہے ۔اس قماش کا ابلہ اپنی بد اندیشی سے خود اپنی توہین ،تذلیل اور بے توقیر ی کا مر تکب ہوتا ہے ۔

ایسا محسوس ہوتا ہے کہ گردش ِ ایام سدامعین کمالی کے تعاقب میں رہی اوربہاروں کی جستجو میں اُسے خزاں کے سمے کے سم کا ثمر بھی مشیتِ ایزدی کی صورت میں نا گوار نہ گزرا او ر د س محرم اکسٹھ ہجری میں شہسوارِ کر بلا کی استقامت اس مردِ خود آگاہ کے پیش نظررہی ۔اس کے گلشنِ ہستی میں جب بہار کے اِمکان پیدا ہوئے تونہ جانے کس حاسد کی نظر نے اُس کے ہنستے ،مسکراتے اور بولتے باغ کی رعنائیوں ،رنگینیوں اور عطر بیزیوں کو نگل لیا کہ یہ عنبر فشاں سدا بہار چمن وقفِ خزاں ہو گیااور سکوتِ مرگ میں گل افشانیٔ گفتار سے وابستہ حقائق کے مظہر سب منظر خیال و خواب اور یادوں کے سراب بن گئے ۔ اہلیہ کے انتقال کے بعد یاد نگاری ہی معین کمالی کے اسلوب کا محور رہا۔آتش زدگی کے ایک سانحے میں ان کی وفا شعار اہلیہ دائمی مفارقت دے گئیں ۔’ ’ میری شریک حیات ‘ ‘ کے عنوان سے اس کتاب میں تین انتہائی پر تاثیر مضامین شامل ہیں ۔ ان مضامین کے مطالعہ سے یہ حقیقت واضح ہو جاتی ہے کہ مصنف اپنی اہلیہ سے وابستہ یادوں کے سہارے زندگی بسر کر رہا ہے ۔ان یادوں میں وہ اپنے مستقبل کو دیکھ دیکھ کر جیتا اور مرحومہ کے لیے دعا کرتا ہے ۔ مجھے یہ کہنے میں کوئی تامل نہیں کہ اس کتاب میں شامل یہ تین مضامین مصنف کی یاد نگاری کے کمال کے مظہر ہیں ۔انسانی نفسیات ،جذبات نگاری اور زبان و بیان پر خلاقانہ دسترس کے اعجاز سے یہ مضامین قلب اورر وح کی اتھاہ گہرائیوں میں اتر جانے والی اثر آفرینی سے لبریزہیں ۔ گُل چِین اَجل نے خدمت ، وفا اور ایثار کی اس عطر بیز شگفتہ کلی کو توڑ کرمعین کمالی کے نہاں خانہ ٔ دِل میں نمو پانے والے گلشن ہستی کو بے ثمر ،منزلیں در بہ در ،اُمنگیں زیر وزبر،زیست کے بقیہ لمحات کو مختصراور اُمنگوں کے گلشن کو حسرتوں کے خوں میں ترکر دیا ۔زندگی کی رنگینی ،رعنائی اور بُو قلمونی بلا شبہ ایک خوش گوار طرز عمل اور لائقِ تحسین احساس کی امین ہے اس کے بر عکس موت ایک ایسے روح فرسا المیے اور جان لیوا صدمے کی علامت ہے جس کا تصور ہی ا ذیت ناک ،اعصاب شکن اور لرزہ خیز المیہ ہے ۔وفا شعار اہلیہ کی ناگہانی وفات نے معین کمالی کی روح کو زخم زخم اور دِل کو کرچی کرچی کر دیا مگر وہ اسوۂ شبیرؓ پر عمل پیر اہو کر اﷲ کی رضا پر راضی ہے۔ بادی النظر میں موت کی قربت انسان کو زندگی کی کلفت سے بیگانہ کر دیتی ہے ۔مصنف نے صبر کی روایت میں مشیتِ ایزدی کے سامنے سر تسلیم خم کر دیا ،ضبط کے منشور پر عمل کرتے ہوئے اپنے آنسو پلکوں میں تھام لیے اور لب اظہارکو مقفل کر کے جامد و ساکت بنا بیٹھا ہے۔وہ اس راز سے آگاہ ہے کہ خالق کائنات اُس کے حالِ زبوں پر نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کے دِل سے نکلنے والے درد انگیز نالے بھی اس کی سماعت کی زد میں ہیں۔بلند ہمتی،شجاعت،صبر و تحمل اور خالق کائنات کی حکمت پر یقینِ محکم کی اس سے بڑی دلیل اور کیا ہو گی کہ انسان اُس مر حلے پر بھی زندگی کے لیے جد و جہد کرتا رہے جب محرومیوں ،مایوسیوں اور حسرتوں کا عفریت ہر سُو منڈلانے لگے اور موت کے سائے اس کی طرف بڑھ ر ہے ہوں ۔موت کی آ نکھوں میں آنکھیں ڈال کر رفتگاں کاسوگ منانا دلوں کو رفتگاں کی یاد سے آباد رکھنے کا ایک موثر وسیلہ سمجھا جاتا ہے ۔ یہ گردشِ ایام کا جبر اور حالات کی ستم ظریفی نہیں تو اور کیا ہے کہ حجازی نسب کا یہ مدینہ مزاج مستغنی و متقی شخص کُوفے جیسے ماحول میں زندگی کے دِن پُورے کرنے پر مجبور ہو گیا ۔

موت یاس و ہراس کے سو اکچھ نہیں جو محض ایک آغاز کے انجام کا اعلان ہے کہ اب حشر تک کا دائمی سکوت ہی ہمارے خالق کا فرمان ہے ۔ عزیزہستیوں کی رحلت سے ان کے اجسام آنکھوں سے اوجھل ہو جاتے ہیں اور یہ عنبرفشاں پھول شہر ِخموشاں میں تہہ خاک نہاں ہو جاتے ہیں ۔ ان کی روح عالم بالا میں پہنچ جا تی ہے اس کے بعد فضاؤ ں میں ہر سُو ان کی یادیں بکھر جاتی ہیں اور قلوب میں اُن کی محبت مستقل طور پر قیام پذیر ہو جاتی ہے۔ ذہن و ذکاوت میں ان کی سوچیں ڈیرہ ڈال دیتی ہیں۔ الم نصیب پس ماندگان کے لیے موت کے جان لیوا صدمات برداشت کرنا بہت کٹھن اور صبر آزما مرحلہ ہے ۔ ایسا محسوس ہوتاہے کہ اجل کے بے رحم ہاتھوں نے ہمارے جسم کا ایک حصہ کاٹ کر الگ کر دیا ہے اور ہم اس کے بغیرسانس گِن گِن کر زندگی کے دِن پُورے کرنے پر مجبور ہیں ۔ اپنے رفتگان کا الوداعی دیدار کرتے وقت ہماری چیخ پکار اور آہ و فغاں اُن کے لیے نہیں بل کہ اپنی حسرت ناک بے بسی ، اذیت ناک محرومی اور عبر ت ناک احساس ِزیاں کے باعث ہوتی ہے ۔غم بھی ایک متلاطم بحرِ زخار کے مانند ہے جس کے مدو جزر میں الم نصیب انسانوں کی کشتی ٔجاں سدا ہچکولے کھاتی رہتی ہے ۔ غم و آلا م کے اس مہیب طوفان کی منھ زور لہریں سوگوار پس ماندگان کی راحت ومسرت کو خس و خاشاک کے مانند بہا لے جاتی ہیں۔ روح ،ذہن اورقلب کی اتھاہ گہرائیوں میں سما جانے والے غم کا یہ جوار بھاٹا حد درجہ لرزہ خیز اور اعصاب شکن ثابت ہوتا ہے ۔کبھی غم کے اس طوفان کی لہروں میں سکوت ہوتا ہے تو کبھی مصائب و آلام کی یہ بلاخیز موجیں جب حد سے گزر جاتی ہیں تو صبر و تحمل اور ہوش و خرد کو غرقاب کر دیتی ہیں۔ یاس و ہراس ،ابتلا وآزمائش اور روحانی کرب و ذہنی اذیت کے اِن تباہ کن شب و روزمیں دِ ل گرفتہ پس ماندگان کے پاس اِس کے سوا کوئی چارہ ٔ کار نہیں کہ وہ مصائب و آلام کی آگ سے دہکتے اس متلاطم سمندر کو تیر کر عبور کرنے اور موہوم کنارہ ٔ عافیت پر پہنچنے کے لیے ہاتھ پاؤ ں مارتے رہیں ۔ ہمارے عزیز رفتگاں ہماری بے قراری ، بے چینی اور اضطراب کو دیکھ کر عالم خواب میں ہماری ڈھارس بندھا تے ہیں کہ اب دوبارہ ملاقات یقیناًہو گی مگر حشر تلک انتظار کرنا ہوگا۔سینۂ وقت سے پُھوٹنے والی موجِ حوادث نرم و نازک ،کومل اورعطر بیز غنچوں کو اس طرح سفاکی سے پیوندِ خاک کر دیتی ہے جس طرح گرد آلود آندھی کے تند و تیز بگولے پھول پر بیٹھی سہمی ہوئی نحیف و ناتواں تتلی کو زمین پر پٹخ دیتے ہیں ۔پیہم حادثات کے بعد فضا میں شب و روز ایسے نوحے سنائی دیتے ہیں جو سننے والوں کے قلبِ حزیں کو مکمل انہدام کے قریب پہنچا دیتے ہیں ۔کہکشاں پر چاند ستاروں کے ایاغ دیکھ کردائمی مفارقت دینے والوں کی یاد سُلگ اُٹھتی ہے ۔تقدیر کے ہاتھوں آرزووں کے شگفتہ سمن زار جب وقفِ خزاں ہو جاتے ہیں تو رنگ، خوشبو،رُوپ ، چھب اور حُسن و خُوبی سے وابستہ تمام حقائق پلک جھپکتے میں خیال و خواب بن جاتے ہیں۔ روح کے قرطاس پر دائمی مفارقت دینے والوں کی یادوں کے انمٹ نقوش اور گہرے ہونے لگتے ہیں ۔ان حالات میں قصرِ دِل کے شکستہ دروازے پر لگا صبر و رضا کا قفل بھی کُھل جاتاہے ۔سیلابِ گریہ کی تباہ کاریوں،من کے روگ،جذبات ِ حزیں کے سوگ اور خانہ بربادیوں کی کیفیات روزنِ اِدراک سے سامنے آ کر کارِ جہاں کے ہیچ ہونے کا سبق دیتی ہیں ۔
 
مصنف نے اس جانب متوجہ کیا ہے کہ یادوں کے معجز نما اثر سے زندگی کی حقیقی معنویت کو اجاگرکرنے میں بے پناہ مدد ملتی ہے ۔ ان کے وسیلے سے انسان ایام گزشتہ کی کتاب کے اوراق میں پنہاں سبق آموز واقعات کی تفہیم کے قابل ہو جاتا ہے ۔یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ ذہن و ذکاوت کی رفعت ،فہم و فراست کی پختگی اور حکمت و دانش کی ندرت کے سوتے یادوں ہی سے پھوٹتے ہیں ۔ اس کتاب میں مصنف نے اپنے ان احباب کو یاد کیا جنھیں دیکھ دیکھ کر اس نے زندگی کے دن گزارے تھے مگر اب ہمیشہ کے لیے آ نکھوں سے اوجھل ہو چکے ہیں حسین یادیں لوحِ دِل پر انمٹ نقوش ثبت کرتی ہیں اور ان یادوں کی تابندگی سے زندگی میں نکھا ر پیدا ہوتا ہے ۔ اس کے برعکس تلخ یادیں زندگی کا سارا منظر نامہ گہنا دیتی ہیں جس کے نتیجے میں ان کے ساتھ بیتے لمحات کی رودادیں حسرتوں کی فریادیں بن جاتی ہیں ۔ اپنے عزیزوں کو لحد میں اُتارکر الم نصیب پس ماندگان زندہ لاش بن جاتے ہیں جن کی آوازیں بھرا جاتی ہیں اور گریہ و زاری کے باعث آنکھیں پتھر ا جاتی ہیں ۔جن عنبر فشاں پھولوں کی مہک قریۂ جاں کو معطر کرنے کا وسیلہ تھی جب گُل چینِ ازل انھیں توڑ لیتا ہے تو ہجوم ِ غم سے گھبرائے ہوئے پس ماندگان کوپُور ی بستی سُونی سُونی دکھائی دیتی ہے اور پُور ا ماحول سائیں سائیں کرتا محسوس ہوتا ہے ۔ حیا ت ِ مستعار کی کم مائیگی ، مر گِ نا گہانی کے جان لیوا صدمات ،کارِ جہاں کی بے وقعتی اور سیلِ زماں کے تھپیڑوں کے لرزہ خیز اور اعصاب شکن خوف کے سوتے کارِ جہاں میں زندگی کی بے ثباتی ہی سے پُھوٹتے ہیں۔ کسی جان سے بھی پیاری شخصیت کا زینۂ ہستی سے اُتر کر شہرِ خموشاں میں تہہِ ظلمات پہنچ جانا پس ماندگان کے لیے بلا شبہ ایک بہت بڑ ا سانحہ ہے مگراس سے بھی بڑھ کر روح فرسا المیہ یہ ہے کہ ہمارے دِل کی انجمن کو تابانی ، ذہن کو سکون و راحت ،روح کو شادمانی ،فکر و خیال کو ندرت ،تنوع ،تازگی اور نیرنگی عطا کرنے والے یہ گل ہائے صد رنگ جب ہماری بزم ِ وفا سے اُٹھ کر ہمیں دائمی مفارقت دے جاتے ہیں تو یہ جانکاہ صدمہ دیکھنے کے بعد ہم زندہ کیسے رہ جاتے ہیں؟عدم کے کُوچ کے لیے رخت ِ سفر باندھنے والوں کی دائمی مفارقت کے بعدالم نصیب لواحقین پر زندگی کی جو تہمت لگتی ہے وہ خفتگانِ خاک پر دِل نذر کر نے اور جان وارنے والے لواحقین کو زندہ در گو رکر دیتی ہے اور اس سانحہ کے بعد وہ سانس گِن گِن کر زندگی کے دِن پُورے کرتے ہیں۔ مصنف نے جس خوش اسلوبی سے اپنے قلب حزیں اوردل و نگاہ کی گہرائیوں میں نمو پانے والے جذبات کی لفظی مرقع نگاری کی ہے اس کے معجز نما اثر قاری چشمِ تصور سے وہ تمام واقعات دیکھ لیتا ہے جن کا احوال اس کتاب میں ان شخصیات کے بارے میں مذکور ہے ۔

’’ یادیں باقی ہیں ‘‘ ایک ایسی کتاب ہے جس میں علم و ادب ،سیاست ،فنون لطیفہ،تنقید و تحقیق ،فلسفہ ،عمرانیات ،تدریس اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ان اہم شخصیات کی یادیں محفوظ کی گئی ہیں جنھوں نے اپنی بے مثال کارکردگی کی بنا پر جریدۂ عالم پر اپنا دوام ثبت کر دیا ۔مصنف نے یاد نگاری میں التزامِ دیدۂ خوش خواب کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے تخلیق فن کے لمحوں میں عجز و انکسار اور خلوص و دردمندی کو اپنا شعار بنایا ہے ۔ مصنف نے تعلّی اور خود نمائی کرنے والوں کو اپنی حقیقت سے آگاہ رہنے کی تلقین کی ہے ۔با کمال افراد کے درپئے پندا ر رہنے والوں کے ساتھ مقدر عجب کھیل کھیلتا ہے ۔دوسروں کی تضحیک کرنے والوں کو برادرانِ یوسف کے ہاتھوں ایسے حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کہ رو سیاہی اور جگ ہنسائی نوشتۂ دیوار کی صورت میں ان کی منتظر رہتی ہے ۔ اس کے بعد اس قماش کے مسخروں کے لیے شہر ِ آرزو کا سوگ منانے کے سوا کچھ باقی نہیں بچتا ۔یہی تلخ یادیں ان کے لیے سوہانِ روح بن جاتی ہیں ۔اپنی تسبیحِ روز و شب کا دانہ دانہ شمار کرتے ہوئے اورآئینۂ ایام میں اپنی ہر ادا کا احتساب کرتے وقت مصنف نے ماہ و سال پر نہیں بل کہ ساعتوں پر اپنی نظر مرکوز رکھنے پر اصرار کیا ہے ۔مصنف نے اس امر کا یقین دلایا ہے کہ ارتکازِ توجہ ید بیضا کا معجزہ دکھانے پر قادر ہے ۔ا س کے ثمر بار ہونے کی دلیل یہ ہے کہ جب یہ سدا بہا ریادوں کو اپنے دامن میں چھپا لیتی ہے تو گلشن ہستی کو دائمی نکھار نصیب ہوتا ہے ۔

Ghulam Ibn-e-Sultan
About the Author: Ghulam Ibn-e-Sultan Read More Articles by Ghulam Ibn-e-Sultan: 277 Articles with 608851 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.