’ادبی تحقیق‘ مرتبہ ندیم احمد انصاری تحقیق کے تمام اہم پہلوؤں کے مطالعے کو آسان بنانے والی کتاب ہے

تحریر: پروفیسر صاحب علی (صدر شعبۂ اردو، ممبئی یونی ورسٹی)
تحقیق کو عموماً خشک اور معلومات افزا موضوع تصور کیا جاتا ہے‘ اس سے ہماری زندگی مسرتوں سے ہمکنار بھی ہوتی ہے اور تابناک بھی۔ غالباً اسی لیے تحقیق کی طرف لوگ گامزن ہوتے ہیں۔ اُردو زبان و ادب میں تحقیق کی روایت کافی قدیم ہے اور اس موضوع سے متعلق کتابیں بھی موجود ہیں، جس سے ریسرچ اسکالرس استفادہ کرتے ہیں۔ ایم فل کے دوران ندیم احمد انصاری نے محسوس کیا کہ طلباے تحقیق کے لیے تمام ضروری مواد کسی ایک کتاب میں جمع کر دیا جائے تو اُن کی بہتر رہنمائی ہوسکتی ہے، اسی جذبے کے تحت انھوں نے ’ادبی تحقیق‘ نامی کتاب ترتیب دی، جو اس وقت آپ کے ہاتھوں میں ہے۔

اصل میں ندیم احمد انصاری کو لکھنے پڑھنے سے یارا ہے۔ ان کے خصوصی مطالعے کا دائرہ ادب، مذہب، سماج اور سیاست ہے، اِنھیں موضوعات پر وہ اکثر اخبارات وغیرہ میں بھی لکھتے رہتے ہیں۔ ان کی اب تک ایک درجن کتابیںمنظرِ عام پر آکر اہلِ نظر سے داد و تحسین حاصل کر چکی ہیں، جن میں ’تعلیمِ اسلام‘، ’مومن اور اسلامی سال‘، ’قرآنیات‘،’رسائلِ ابنِ یامین‘، ’خلع کا نظام‘، ’معارفِ دعوت و تبلیغ‘،’ نمازِ احمد‘،’نمازِ محمود‘، ’صومِ محمود‘اور ’شبِ محمود‘ دینیات سے متعلق اور ’ذوقِ ادب‘ اُردو زبان و ادب کے ضمن میں ہے۔

زیرِ نظر کتاب ’ادبی تحقیق‘ ندیم احمد انصاری کی تازہ ترین کاوش ہے،جس میں تحقیق کے فن، اصول و تقاضے، طریق اور مسائل وغیرہ کے علاوہ تحقیق کی روایت سے متعلق ایسے مضامین پیش کیے گئے ہیں جو مختلف کتب و رسائل میں بکھرے ہوئے تھے۔ ان مضامین کو ندیم احمد انصاری نے بڑی تلاش و جستجو سے حاصل کیا اور پھر انھیں سلیقے سے ترتیب دے کر کتابی شکل میں قارئین کے سامنے پیش کیا ہے۔ تحقیق کے تمام اہم پہلوؤں کے مطالعے کو آسان بنانے کے لیے ’ادبی تحقیق‘ کو چھ ابواب- فن و روایت، اصول و تقاضے، طریقِ کار، فراہمیِ مواد کے ذرائع، لوازمات اور بعض مسائل اور ان کا حل-میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان ابواب کے تحت کُل پچیس مضامین شامل کیے گئے ہیں، جو اہلِ نظر کے رشحاتِ قلم کا نتیجہ ہیں۔ ان مصنفین میں سے بعض کی خدمات وسیع و وقیع ہیںاور اُردو زبان و ادب میں ان کے نمایاں مقام و مرتبے سے اُردو کے اکثر قارئین واقف ہیں، اور بعض قلم کار ایسے ہیں جن کی تحریروں اور تحقیقی آرا سے ہم اس کتاب کے ذریعے متعارف ہو رہے ہیں۔خواہ مندرجات کے بعض حصے حذف و ترمیم کرنے سے رہ گئے ہیں، اس کے باوجود کتاب کے مشمولات با معنی اور اہم ہیں، جن سے تحقیق کے طلبہ ہی نہیں اساتذہ بھی استفادہ کریں گے۔

اُردو زبان و ادب سے متعلق تمام موضوعات پر ہر سال کثیر تعداد میں کتابیں شائع ہوتی ہیں، اس کے باوجود تحقیق کے فن، اصول، طریقۂ کار اور مسائل وغیرہ پر کتابیں کم دستیاب ہیں، اِسی کمی اور طالبِ علموں کی ضرورت کو پورا کرنے کی خاطر ندیم احمد انصاری نے نہایت خلوص اور محنت سے ’ادبی تحقیق‘ نامی یہ کتاب مرتب کی ہے، جو اپنے مشمولات کے لحاظ سے کافی اہم ہے۔ اس حقیقت کا اعتراف کرنا ضروری ہے کہ اس میں شامل بعض مضامین کار آمد ہیں، بعض کم کار آمد، مگر بے کار کوئی نہیں ہے۔ کتاب میں شامل ضمیمہ بھی خصوصی مطالعے کی دعوت دیتا ہے۔ مختصر یہ کہ ندیم احمد انصاری کی یہ پُر خلوص کوشش اپنے موضوع اور پیش کش کے لحاظ سے ایک مبارک پیش رفت ہے اور اس کے لیے وہ مبارک باد کے مستحق ہیں۔
کتاب حاصل کرنے کے لیے رابطہ کریں: 9022278319
 

Maulana Nadeem Ahmed Ansari
About the Author: Maulana Nadeem Ahmed Ansari Read More Articles by Maulana Nadeem Ahmed Ansari: 285 Articles with 307226 views (M.A., Journalist).. View More