نیند كا قانون یا قانون کی نیند

صحت کا دارومدار نیند غزا اور ورزش پر ہوتا ہے جو صدیوں پہلے دریافت کیا جاچُکا ہے لیکن نیند کس عمر میں کن لوگوں کے لئے کتنی ہونی چاہیے یہ اب تک تحقیق کے مراحل میں ہے مگر اس وقت تو مجھے اپنی نیند کی فکر ہے جونہ جانے کن مراحل سے گُزر رہی ہے۔

کہتے ہیں کہ فکر اور پریشانی میں اُڑ بھی جاتی ہے لیکن یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ کسی کی نیند پر کوئ فرق نہیں پڑتا بلکہ ڈپریشن میں زیادہ بڑھ بھی جاتی ہے-

میں ازلی طور پر محبت کا ڈسا ہوا ہوں اور محبت میں میری نیند بھی اُڑ جاتی ہے اور اُڑ کر کس منڈیر پر جا کر بیٹھ جاے کچھ پتہ نہیں ہوتا لیکن عام دنوں میں میں گھوڑے بیچ کر بلکہ سب ہی کچھ بیچ کر سات گھنٹے لگاتار سوتا ہوں جو اس وقت پانچ گھنٹے ہو چکی ہے اور وہ بھی تین ٹکڑوں میں پوری ہوتی ہے۔ سینیما ہاؤس کی طرح انٹر ویل آتے ہیں جس میں کچھ نہ کچھ کھا بھی لیتا ہوں جو چنے یا خُشک آلو کے چپس وغیرہ جو برابر میں رکھ کر سوتا ہوں -

لیکن اب انجیر کھانے لگا ہوں جس کے بے شمار فوائد ہیں اور خُدا کے فضل کو تلاش کر رہا ہوں جس کی وجہ سے کم نیند کے باوجود طبیعت پر کوئ برا اثر نہیں ہو رہا اور ہشاش بھی ہوں اور بشاش بھی ہوں اور سرگرمِ تلاشِ معاش بھی ہوں ۔

جہاں میں تحریر لکھ رہا ہوں وہاں برابر میں ایک منگیتر جوڑا اپنی باتوں میں مگن بیٹھا ہے ۔ میں نے اُن سے پوچھا کہ آپ کی نیند کتنی ہے تو معلوم ہوا کہ اُس کی نیند پانچ گھنٹہ ہے اور وہ مطمئن ہے اور جِم بھی جاتا ہے۔ ساتھ ہی اُس نے بتایا کہ بہت چھوٹی عمر میں اُس نے اپنا چھوٹا سا کاروبار بھی شروع کیا کیونکہ کسی مجبوری سے گھر کی ساری زمہ داری اُس پر آگئ ہے جو وہ بخوبی نباہ رہا تھا مگر اچانک تبدیلی کے نام پر جو سارے شھر میں چھوٹے چھوٹے کاروبار کو بغیر کسی متبادل فراہم کئے تکبر اور رعونت سے اُکھاڑ کر پھینکا جا رہا ہے جو کئ خاندانوں کی عزت کی روٹی ہے۔
ہم دونوں نے ایک دوسرے کو دعا دی اور مسکراتے ہوے ہم تینوں رخصت ہو گئے
اُن کا کام تو وہ جانیں اور خُدا جانے مگر مجھے مفت میں دو قاری ہاتھ لگ گۓ

کئ دکانوں کے کاغزات درست بھی ہیں مگر کسی پرانی معمولی قانونی کمزوری جو کئ سال پہلے خود اہلکاروں کی پیدا کردہ تھی ، کی وجہ سے دکان والوں کو پریشان کیا جا رہا ہے جو اس کو درست
کرنے اور فیس ادا کرنے کو تیار بھی ہیں ۔

کچھ احمق محلوں میں بیٹھ کر فیصلے کر رہے ہیں جن کے اپنے فیصلے اکثر تبدیل ہوتے رہتے ہیں اور تبدیلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
ساری دنیا میں بھیک مانگنا اور اپنوں کا کاروبار برباد کر کے اُن کو بھیک مانگنے پر مجبور کرنا کونسی تبدیلی ہے؟

بات نیند کی ہو رہی تھی اور حکمرانوں کی غفلت کی نیند تک جا پہنچی اور اگر اُنہوں نے اپنی روش نہ بدلی تو اُن کی نیندیں اُڑنے کے دن زیادہ دور نہیں رہیں گے اور تبدیلی کا راگ الاپنے والے کہیں خود تبدیل نہ ہو جائیں اور اُن کو لانے والے اُن کو بھی تجاوزات سمجھ کر مسمار نہ کر دیں ۔

آج کل میں بھی کچھ اسی قسم کی پریشانی سے دوچار تھا اور کاروبار میں دو سے چار کرنے والا فارمولا بھولا بیٹھا ہوں اور میں صبح کا بھولا شام کو گھر واپس نہیں آ پا رہا ہوں ۔

قانون پر عمل درآمد اچھی بات ہے مگر یہ بھی سوچنا ہے کہ قانون لوگوں کی بہتری کے لئے بنتا ہے اُن کو خوفزدہ کرنے کے لئے نہیں ۔ قانون اتنا بھی اندھا نہیں ہونا چاہیے کہ وہ کسی کی خوشی میں کسی پر نثار ہوتا چلا جاے ۔

میرے والد بھی قانون کے سخت داعی سرکاری افسر تھے جو بڑے بڑوں کو قانون سکھا دیتے تھے مگر مسجد اور کسی غریب کے لیئے قانون کو پس پشت ڈال کر پہلے اُس کا جائز کام اور ضرورت پوری کر دیتے تھے پھر سوچتے تھے کہ اس کا قانونی جواز کیا تلاش کیا جاے ۔

لگتا ہے ہمارے وزیر خزانہ کی نیند بھی اُڑ گئ ہے اور وہ ڈالر کو اُڑتا ہوا دیکھتے رہتے ہیں۔ ڈالر کو وزیر خزانہ نے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھیجا ہے اور وہ اپنے عقل کے چشمہ سے معائنہ فرما رہے ہیں کہ اس کی رفتار زیادہ ہے یا حکومت کے بدلتے ہوے بیانات کی یا بھارت کی طرف بڑھتے ہوے دوستی کے ہاتھ کی یا عوام کی طرف بڑھتے ہوے قانون کے لمبے ہاتھ کی یا تیزی سے گرتی دُکانوں کی۔

بے شک کچھ اقدامات درست ضرور ہیں مگر ان کا وقت درست نہیں ۔ کہتے ہیں کہ درست فیصلہ غلط وقت پر اور غلط فیصلہ درست وقت پر ہو تو انجام دونوں کا نقصان کی صورت سامنےآتا ہے

اگر پارسائ کے دعویداروں نے اپنی پارسای کے گھمنڈ میں عوام پر چڑھائ اور عوام کے بجاۓ مہنگائ کی کمر نہ توڑی تو لوگ چوروں کو یاد کرنے نہ لگ جائیں۔

Noman Baqi Siddiqi
About the Author: Noman Baqi Siddiqi Read More Articles by Noman Baqi Siddiqi: 255 Articles with 258946 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.