گورنمنٹ فاطمہ جناح ویمن ڈگری کالج گلگت میں عید میلادالنبی کا پروگرام
(Amir jan haqqani, Gilgit)
تعلیمات نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر عمل پیرا ہوکر ہی فساد فی الارض سے بچنا ممکن ہے۔ حافظ حفیظ الرحمان سیکرٹری ایجوکیشن سید عبدالوحید شاہ نے تمام مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا |
|
|
گلگت(نیوز رپورٹ: امیرجان حقانی) گورنمنٹ فاطمہ جناح ویمن ڈگری کالج گلگت میں عید میلادالنبی کے پروگرام میںوزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنے سے ہی فسادفی الارض سے بچنا ممکن ہے۔ آپ ۖ نے حکمرانی کے گُر سکھائے، اخلاقیات کا درس دیا، تہذیب کا راستہ دکھایا اور علم کی نور سے جہالت کے اندھیروں کو منور کیا۔معاشرتی زندگی کے ہر پہلو پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور سنت نبوی موجود ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں آپ ﷺ کے نام پر فساد فی الارض کا بازار گرم کیا جاتاہے۔ کوئی اس کے نام پر اپنی سیاسی دکانداری چلاتا ہے۔ ہمارا معاشرتی ڈھانچہ برباد ہوچکا ہے۔مسلمانوں کے لیے سب سے اہم وہ بات ہے جس کا حکم آپ نے دیا ہے ،اور خود عمل کرکے دکھایا ہے۔آپ ﷺ ، آپ کے صحابہ کرام اور اہل بیت عظام کے نام پر غلو کرنے کی ضرورت ہے اور نہ انہیں تقسیم کرنے کی ضرورت ہے۔یہ سب مسلمانوں کے متفقہ اثاثے ہیں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہم مسلمانوں کا متفقہ عقیدہ ہے کہ جو انسان آپ ﷺ کی توہین کرے گا وہ دائرہ اسلام میں نہیں رہتا، اس کی سزا پھانسی ہے۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ جو لوگ یورپ میں پناہ لینا چاہتے ہیں اور کلیساوں کا فنڈ کھانا چاہتے ہیں وہ ایسی غلیظ حرکتیں کرتے ہیں جس سے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ایک اور المیہ یہ ہے کہ مذہب کے نام پر خصوصی برانڈ لگا کر فیکٹریاں لگائی جاتی ہے،فتوے دیے جاتے ہیں اور دیگر انسانوں کی تضحیک کی جاتی ہے جو بہر صورت انتہائی مکروہ عمل ہے۔حافظ حفیظ الرحمان کی خصوصی درخواست پر عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم پروگرام کے تمام شرکاء نے کھڑے ہوکر آپ صلی اللہ علیہ وسلم پردورد و سلام پیش کیا ۔وزیراعلیٰ نے احترام انسانیت کی تعلیمات کو اپنانے پر زور دیا۔عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کا پروگرا م محکمہ ایجوکیشن کالجز کے زیرانتظام منعقد ہوا جس میں گلگت اور دیامر ڈویژن کے آٹھ کالجز کے طلبہ و طالبات نے نعتیہ مقابلے میں حصہ لیا۔گورنمنٹ انٹرکالج چھلت کے طالب علم شاہد حسین نے پہلی، فاطمہ جناح ویمن کالج گلگت کی ارم پرویز نے دوسری اور گورنمنٹ بوائز کالج ہنز ہ کے طالب علم سجاد حیدر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔پوسٹ گریجویٹ کالج گلگت مناور کے طالب علم حسنین قاسمی نے سیرت الرسول ۖ پر خصوصی تقریر کی جبکہ وویمن ڈگری کالج کی عابدہ پروین نے تلاوت کلام الہی اور طالبہ نمرہ نے نعت شریف پیش کیا۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض پوسٹ گریجویٹ ڈگری کالج کے لیکچرار احمد سلیم سلیمی کے ساتھ ویمن ڈگری کالج گلگت کی طالبات ،طوبیٰ بہرام اور ثریا ملک نے انجام دیے۔سیکرٹری ایجوکیشن سید عبدالوحید شاہ نے تمام مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔جبکہ پوسٹ گریجویٹ کالج گلگت کے پرنسپل پروفیسر مولانا محمد عالم نے اس بابرکت محفل میں اختتامی دعا کروائی۔عیدمیلادالنبی کے پروگرام میں ڈپٹی سپیکر جعفراللہ ،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ حاجی ثناء اللہ، سیکرٹری ٹورزم عاصم ٹوانہ،سیکرٹری ورکس بلال میمن، چیف انجینئر رشید ، کالجز کے پرنسپل اور گلگت بلتستان پروفیسر اینڈلیکچرار ایسوسی ایشن کی کابینہ ، کالجز کے فیکلٹی ممبران اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔پوزیشن ہولڈ ر طلبہ و طالبات کو خصوصی انعام اور اسناد دیے گئے اور مقابلے میں حصہ لینے والے انٹر کالج استور کے طالب علم انعام اللہ،گرلز کالج ہنزہ کی طالبہ علینہ،انٹرکالج دنیور کے طالب علم ملک مظاہر، انٹرکالج بسین کے طالب علم آفاق احمد، پوسٹ گریجویٹ کالج مناور گلگت کے طالب علم محمد آمین کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے تعارفی اسناد دیے۔ |
|