مغربی ملکوں کے 10 اہم مسلمان سیاستدان

ساجد جاوید
لنکاشائیر میں پیدا ہونے والے پاکستانی نژاد برطانوی سیاست دان ساجد جاوید برطانیہ کے وزیر داخلہ ہیں۔ ساجد جاوید اس سے پہلے ڈوچے بینک کے مینجنگ ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں۔ اپنے عہدے پر تقرری کے بعد ساجد نے امیگریشن پر زیادہ لبرل موقف اختیار کیا۔ اگرچہ حالیہ دنوں میں ساجد خان نے ایک تنازعہ کھڑا کر دیا جب انہوں نے یہ بیان دیا کہ برطانیہ میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے مقدمات میں زیادہ تر ملوث افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔

image


صادق خان
ساؤتھ لندن میں پیدا ہونے والے اڑتالیس برس کے صادق خان تاریخی شہر لندن کے پہلے مسلمان مئیر ہیں۔ صادق خان ساوتھ لندن کے علاقے ٹوٹنگ میں پیدا ہوئے اور 2005 سے 2016 تک یہاں سے برطانوی پارلیمنٹ کے ممبر رہے۔

اس برس صادق خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ میں سخت بیانات کا تبادلہ ہوا جب ڈونلڈ ٹرمپ نے ان پر جرائم اور دہشت گردی پر کمزور اقدامات کا الزام لگایا۔ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لندن سمیت پیرس، نیس، برلن اور امریکی شہروں میں بھی دہشت گرد حملے ہو چکے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ بتانا ہوگا کہ انہوں نے مجھے ہی کیوں نشانہ بنایا۔

image


لارڈ طارق محمود احمد
پچاس برس کے پاکستانی نژاد برطانوی سیاست دان لارڈ طارق محمود احمد لندن میں پیدا ہوئے اور اس وقت برطانیہ میں وزیر مملکت برائے کامن ویلتھ اور اقوام متحدہ کی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

لارڈ طارق احمد اس سے پہلے منسٹر آف سکلز اینڈ ایوی ایشن سیکیورٹی، منسٹر آف کاؤنٹر ٹیررازم اور منسٹر آف انٹرنیشنل ٹریڈ اینڈ یورپ بھی رہ چکے ہیں۔ لارڈ طارق احمد کا تعلق احمدیہ مسلم کمیونٹی سے ہے۔

image


رشیدہ دتی
تریپن برس کی رشیدہ دتی یورپی پارلیمنٹ کی ممبر اور فرانس کی سابقہ وزیر انصاف ہیں۔ ان کے والد مراکشی اور والدہ الجیریا سے تعلق رکھتی ہیں۔ رشیدہ اس سے پہلے پیرس کے ایک انتظامی یونٹ کی مئیر بھی منتخب ہو چکی ہیں۔

رشیدہ یورپی پارلیمنٹ کی شہری حقوق، انصاف اور داخلہ امور کی کمیٹیوں کی بھی رکن ہیں۔

image


مونا دزدار
مونا دزدار، آسٹریا کی حکومت کی 2016، 17 میں سٹیٹ سیکریٹری رہی ہیں۔ فلسطینی والدین کے ہاں پیدا ہونے والی مونا دزدار پہلی مسلمان ہیں جو آسٹریا کی انتظامیہ کی عہدے دار رہی ہیں۔

image


مریم منصف
ایران میں افغان مہاجرین کے ہاں پیدا ہونے والی 34 برس کی مریم منصف جنوری 2017 سے کینیڈا کی سٹیٹس آف وومن منسٹری کی وزیر ہیں۔ اس سے پہلے وہ 2015 سے جمہوری اداروں کی وزیر تھیں۔

مریم کینیڈا میں جنسی بنیادوں پر ہونے والے تشدد کے خلاف کام کر رہی ہیں اور اس کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے ایک پچاس ملین کا فنڈ بھی انہوں نے متعارف کروایا ہے جو ایسے متاثرہ افراد کی مدد کرے گا۔

image


مہرین سعید فاروقی
آسٹریلیا کی سیںیٹ میں منتخب ہونے والی پہلی مسلمان خاتون مہرین سعید فاروقی لاہور میں پیدا ہوئیں۔ مہرین فاروقی نے لاہور کی یونیورسٹی آف انجنئیرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے سول انجنئیرنگ کی اور اپنے شوہر کے ساتھ 1992 میں آسٹریلیا منتقل ہو گئیں۔

حلف اٹھانے کے بعد اپنی پہلے تقریب میں مہرین نے کہا کہ وہ اپنے ’’براؤن، مسلمان، مہاجر اور فیمنسٹ خاتون‘‘ ہونے پر قطعاً شرمندہ نہیں ہیں اور جو لوگ سمجھتے ہیں کہ انہیں وہاں واپس چلے جانا چاہئے جہاں سے وہ آئی ہیں تو انہیں میرا جواب ہے کہ ’’معذرت، مگر بغیر کسی معذرت کے، یہ میرا گھر ہے اور میں یہاں سے کہیں نہیں جا رہی۔‘‘

image


الہان عمر
امریکی ریاست منی سوٹا سے کانگریس کی ممبر منتخب ہونے والی 36 برس کی الہان عمر کی پیدائش صومالیہ میں ہوئی۔ الہان پہلی صومالوی نژاد امریکی ہیں جو امریکی کانگریس کے لئے منتخب ہوئیں۔

الہان عمر 4 اکتوبر 1981 میں صومالیہ کے دارلحکومت موغادیشو میں پیدا ہوئیں۔ صومالیہ میں خانہ جنگی کے بعد ان کا خاندان 1995 میں امریکہ منتقل ہو گیا۔ الہان عمر امریکہ میں زیادہ منصفانہ اور مساویانہ نظام کا خواب دیکھتی ہیں، ان کے مطابق ایسا معاشرہ جو امریکی وعدے کے زیادہ قریب ہے۔

image


رشیدہ طلیب
42 برس کی رشیدہ طلیب، الہان عمر کے ساتھ پہلی مسلمان خاتون ہیں جو امریکی کانگریس میں منتخب ہوئیں۔ ان کا خاندان فلسطینی مہاجرین پر مشتمل ہے۔ رشیدہ ریاست مشی گن سے بلا مقابلہ منتخب ہوئی ہیں اور امریکہ میں شہری حقوق کے لئے کام کر رہی ہیں۔ وہ جسٹس فار آل سول رائٹس ایکٹ کے لئے کام کر رہی ہیں جس میں LGBT کمیونٹی کے لئے اور زیادہ حقوق کی بات کی گئی ہے۔

image

لیلیٰ علی علمی
تیس برس کی لیلی علی علمی پہلی صومالی مہاجر ہیں جو 2018 میں سویڈن کی پارلیمنٹ کی رکن بنیں۔ لیلی کے والدین 1990 میں صومالیہ سے سویڈن منتقل ہوئے۔ لیلی سویڈن کے دوسرے بڑے شہر گوٹن برگ کے اینگرڈ ڈسٹرکٹ کی نمائندگی کر رہی ہیں جہاں چودہ ہزار کے قریب صومالی مہاجرین آباد ہیں۔

لیلیٰ علی سویڈن میں مہاجرین کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کے خلاف کام کر رہی ہیں اور مہاجرین کی فلاح و بہبود کے لئے آواز اٹھا رہی ہیں۔

image
 


Partner Content: VOA

YOU MAY ALSO LIKE:

Sajid Javid is a British politician and a former managing director at Deutsche Bank. A member of the Conservative Party, he was appointed Home Secretary in April 2018. He has been the Member of Parliament for Bromsgrove in Worcestershire since the general election of 2010.