میرا دبئی میں دوسرا دن تھا کہ مجھے پہلے انٹرویو کی کال
آگئی۔ کمپنی کو اکاؤنٹس مینیجر کی ضرورت تھی ۔میں اس وقت میٹرو پر سفر
کررہا تھا کہ مجھے کال آئی۔ میں نے پوچھا کہ کمپنی کا آفس کس جگہ ہے؟ تو
مجھے بتایا گیا کہ آپ کو لوکیشن میپ بھیجتے ہیں۔ میرے موبائل میں انٹرنیٹ
نہیں تھااس لیے میں نے اپنے بھائی عزیز احمد کو کال کی جس کا دفتر البرشا
میں تھا۔ اس نے دفتر میں میرا ای میل کھول کر لوکیشن میپ نکالا اور مجھے
بتایا کہ کمپنی دفتر الکوز انڈسٹریل ایریا میں ہے اور میرے دفتر سے تھوڑی
دور ہے تو میں آپ کو وہاں چھوڑ آتا ہوں۔ میں میٹرو پر ہی مال آف امیرٹس کے
سٹیشن تک پہنچ گیا جہاں سے مجھے میرے بھائی نے اپنی گاڑی پر کمپنی کے دفتر
پہنچا دیا۔
|
|
انٹرویو کا احوال تو جستجو کے قارئین کے لیئے بعد میں کسی کالم میں بیان
کروں گا۔ ابھی آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ آپ دبئی میں اچھی ملازمت کیسے حاصل
کر سکتے ہیں؟ دبئی اور وہاں کی رنگینیوں اور درہموں میں تنخواہ کا سن کر ہر
بندہ چاہتا ہے کہ جلد سے جلد دبئی پہنچ جائے اور لاکھوں روپے کمانا شروع کر
دے۔ لیکن حقیقت میں یہ سب کچھ اتنا آسان نہیں۔
بہت سے لوگ اسی لالچ میں اپنی تمام جمع پونجی لٹا بیٹھتے ہیں اور ایجنٹس کے
ہاتھوں بلیک میل ہوتے رہتے ہیں۔ اگر تو آپ نے دفتری ملازمت کے لیئے دبئی
جانا ہے تو کبھی بھی پاکستانی ایجنٹس کے ہتھے نہ چڑھیں۔ ایک ماہ یا تین ماہ
کا وزٹ ویزا لیں اور خود دبئی جا کر نوکری کی تلاش کریں۔ اکثر لوگ یہ کہتے
ہیں کہ اگر ہمیں وزٹ پر جاکر بھی نوکری نہ ملی تو پھر کیا کریں گے ۔ آپ
ہمیں کوئی ایسا حل بتائیں کہ ہمیں پاکستان میں ہی ملازمت کا ویزا مل جائے۔
تو دبئی جیسے ملک کے لیئے یہ ممکن نہیں ہے۔ ایجنٹ آپ کو جو بھی کچھ بتائے
گا وہ سب جھوٹ ہوگا اور اکثر ایجنٹ تو پاکستانیوں کو وزٹ ویزا دے کر یہ کہہ
دیتے ہیں کہ یہ ملازمت کا ویزا ہے اور چار پانچ لاکھ روپے بھی لے لیتے ہیں۔
جب وہ بندہ دبئی پہنچتا ہے تو پتہ چلتا ہے کہ یہ تو وزٹ ویزا ہے اور آپ نے
ابھی نوکری تلاش کرنی ہے۔
جس طر ح پاکستان میں ایجنٹس لوگوں کے ساتھ دھوکہ کرتے ہیں بالکل اسی طرح
دبئی میں قیام کے دوران بھی مجھے اکثر ایجنٹس کی کالز آتی تھیں کہ آپ ہمیں
دو سو درہم یا تین سو درہم دیں اور ہم آپ کی نوکری کروا دیں گے۔ جب آپ وہ
رقم دے دیتے ہیں تو وہ آپ کے ایک یا دو کمپنیوں میں انٹرویو کروا دیتے ہیں
جہاں ان کے اپنے ہی لوگ بیٹھے ہوتے ہیں اور پھر آپ اپنے کال لیٹر کا انتظار
کرتے رہیتے ہیں جو کبھی نہیں آتا۔ دبئی میں تقریباً تمام کمپنیاں براہ راست
انٹرویو کے بغیر آپ کو ملازمت نہیں دیتیں۔ اگر آپ پاکستان میں بیٹھ کر
اپلائی کر ہے ہیں اور آپ کی CV پر پاکستان کا نمبر ہے تو وہ کبھی بھی آپ سے
رابط نہیں کریں گے۔ اگر کوئی کمپنی آپ کو گھر بیٹھے ملازمت کی آفر کررہی ہے
تو یاد رکھیں کہ وہ کمپنی جعلی ہے اور جلد یا بدیر وہ آپ سے پیسوں کا
مطالبہ کرے گی اور جب آپ پیسے بھیج دیں گے تو اس کے بعد کوئی جواب نہیں آئے
گا۔
|
|
اگر آپ کا ارادہ دبئی میں ملازمت کا ہے تو ہمیشہ وہاں خود جاکر نوکری کی
تلاش کریں۔ ہاں یہ ضرور ہے کہ اپنی فلائٹ سے تقریباً دس سے پندرہ دن پہلے
آپ مختلف ملازمتوں پر انٹرنیٹ کے ذریعے اپلائی کرنا شروع کر دیں ۔آپ کو
اپنی CV پر نمبر بھی دبئی کا دینا چاہیے۔ یہ نمبر آپ اپنے کسی عزیز یا دوست
سے حاصل کرسکتے ہیں جو پہلے سے دبئی میں مقیم ہے یا آپ اپنے اس ایجنٹ سے
بھی حاصل کر سکتے ہیں جس سے آپ نے اپنا وزٹ ویزا حاصل کیا ہے۔ پہلے سے
اپلائی کرنے کا فائدہ یہ ہو گا کہ دبئی پہنچ کر آپ کو کالز آنے کے لئے
زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ جب بھی آپ آن لائن اپلائی کرتے ہیں تو آپ
کی درخواست کی باری عام طور پر دس سے بارہ دن کے بعد آتی ہے۔ چونکہ لوگ
لاکھوں کی تعداد میں اپلائی کررہے ہوتے ہیں اس لئے کمپنی کے لئے آپ کو فوراً
رابط کرنا ممکن نہیں ہوتا۔ آپ کو چاہیے کہ دبئی میں جتنی بھی آن لائن جابز
کی ویب سائٹس ہیں ان پر پہلے سے اپلائی کرنا شروع کردیں۔
بہت سے لوگ یہ بھی چاہتے ہیں کہ وہ دبئی جا کر اپنی CV کے بہت سے پرنٹ لے
کر تمام دفتروں میں جاکر تقسیم کریں تو یہ بھی ممکن نہیں ہے چونکہ بہت سی
کمپنیوں میں سیکیورٹی والے آپ کو آگے نہیں جانے دیتے اور بہت سی بلڈنگز
ایسی ہیں جن میں آپ اندر داخل ہی نہیں ہو سکتے یا ان کی لفٹ بھی استعمال
نہیں کر سکتے۔ اس لیے بہتر حل یہی ہے کہ آپ آں لائن اپلائی کریں۔ وہاں پر
آپ جمعہ کے دن کا اخبار بھی لے سکتے ہیں ۔ اس میں بھی بہت سے اشتہار ہوتے
ہیں ان کو بھی آپ صبح فجر کی نماز کے وقت اپنی CV ای میل کر دیں تو بھی آپ
کے ملازمت حاصل کرنے کے چانسز بڑھ جاتے ہیں۔ اگر آپ میٹرو ٹرین پر سفر کرتے
ہیں تو وہاں کے میٹرو سٹیشنز پر بھی ہر اتوار کو ایک فری میگزین پڑا ہوتا
ہے جس پر کافی زیادہ ملازمت کے اشتہار ہوتے ہیں۔ آپ ان پر بھی اپلائی کر
سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ آپ کے جتنے بھی عزیز یا رشتہ دار اور دوست دبئی کی
کسی بھی ریاست میں ملازمت کر رہے ہیں آپ ان کے دفاتر کے ای میل ایڈریس لے
کر ان کو بھی اپنی CV ای میل کر سکتے ہیں ۔اس کے علاوہ دبئی میں بہت سے جاب
فئیر بھی لگتے رہتے ہیں جہاں پر بہت سی کمپنیاں اپنے سٹال لگاتی ہیں اور آپ
کو وہاں سے بھی خالی آسامیوں کی معلومات مل سکتی ہے۔ اگر آپ کا رزق دبئی
میں لکھا ہوا تو آپ کو ضرور اچھی جاب مل جائے گی ۔ وسیلہ رزق کی تلاش اور
اﷲ سے دعا کریں تو آپ دبئی میں جاب حاصل کرنے میں ضرور کامیاب ہو جائیں گے۔
|