خواتین کو جو مقام و مرتبہ اسلام نے دیا وہ دُنیا کی
تاریخ پیش نہیں کر سکتی ۔جب سے ہم نے اسلامی سنہری اصولوں کو پس ِ پشت ڈالا
۔ وہ رشتے جو ہر لحمہ نبھانے کے تھے اب سال میں ایک دن منانے کی نوبت آن
پہنچی ۔ عالمی یومِ خواتین کا دن منانے کا آغاز امریکہ سے ہوا۔ جہاں 08
مارچ1857 کو نیو یارک میں گارمنٹس فیکٹری کی خواتین نے کم اجرت ٗمشکل حالات
کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاجی مظاہرے پر پولیس نے تشدد کیا۔ اس
کے بعد 1908میں 1500 عورتیں مختصر اوقاتِ کار، بہتر اجرت اور ووٹنگ کے حق
کے مطالبات منوانے کے لیے نیویارک کی سڑکوں پر مارچ کرنے نکلیں۔ان کے خلاف
نہ صرف گھڑ سوار دستوں نے کارروائی کی بلکہ ان پر پتھر برسائے گئے ۔ ان میں
سے بہت سی عورتوں کو گرفتار بھی کیا گیا۔انیس سو نو میں سوشلسٹ پارٹی آف
امریکہ نے عورتوں کا دن منانے کی قرارداد منظور کی اور پہلی بار اسی سال 28
فروری کو امریکہ بھر میں عورتوں کا دن منایا گیا۔اس کے بعد 1913 ء تک ہر
سال فروری کے آخری اتوار کو عورتوں کا دن منایا جاتا رہا۔ 1910میں کوپن
ہیگن میں ملازمت پیشہ خواتین کی دوسری عالمی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں
جرمنی کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی کلارا زیٹکن نے ہر سال دُنیا بھر میں
عورتوں کا دن منانے کی تجویز پیش کی جسے کانفرنس میں شریک 17 ممالک کی 100
خواتین شرکا نے متفقہ طور پر منظور کیا۔انیس سو گیارہ میں 19 مارچ کو
آسٹریا، ڈنمارک، جرمنی اور سوئٹزر لینڈٖ میں پہلی بار خواتین کا عالمی دن
منایا گیا۔ فروری 1913 میں پہلی بار روس میں خواتین نے عورتوں کا عالمی دن
منایا تاہم اسی سال اس دن کے لیے 8 مارچ کی تاریخ مخصوص کردی گئی۔انیس سو
سترہ میں سوویت انقلاب کے بعد اس دن کو روس میں سرکاری سطح پر تسلیم کرنے
کے بعد اسے کمیونسٹ اور سوشلسٹ ممالک میں چھٹی کے طور پر منایا گیا۔انیس سو
بائیس سے اسے چین میں کمیونسٹوں اور 1936 سے ہسپانوی کمیونسٹوں کی جانب سے
بھی منایا جانے لگا۔ یکم اکتوبر 1949 میں عوامی جمہوریہ چین کے قیام کے بعد
ریاست کونسل نے23 دسمبر کو اعلان کیا کہ 8 مارچ یومِ خواتین کے طور پر نہ
صرف منایا جائے گا بلکہ اس دن سرکاری سطح پر آدھی چھٹی بھی ہوگی۔انیس سو
پچھتر کے بعد اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے رکن ممالک کو مدعو کیا اور
آٹھ مارچ کو خواتین کے حقوق اور عالمی امن کے طور پر منائے جانے کا اعلان
کیا۔ دُنیا بھر میں آج یوم خواتین منایا جا رہا ہے ۔ اس دن کے منانے کا
مقصد خواتین کو ان کے بنیادی حقوق کے بارے میں آگا ہی دینا اوران کی
معاشرتی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے کیونکہ ماں بہن بیٹی بیوی معاشرے کے یہ ہی
رشتے استحکام کی ضمانت ہیں۔آج دُنیا بھر کی خواتین متحد و متجسم ہوکر خود
پر لگائے صنفِ نازک کا ٹیگ اتار کر اپنے ضبط شُدہ حقوق کی بحالی کے لیے
جرات مندانہ آواز بلند کرنے پر مجبور ہیں۔ پاکستان ٗ اِس جیسے سماجی بدحالی
سے دوچار ممالک میں فی زمانہ خواتین چار دیواری کے اندر اور باہر یکساں
استحصال کا شکار ہیں۔ معمولاتِ زندگی میں صنفی عدم مساوات سے کہیں بڑھ کر
اب جسمانی و جنسی تشدد، اغواء، آبرو ریزی، خود کُشی پر اُکسانا، بے راہ روی
و بے غیرتی کے الزام میں قتل اور ایسے کتنے مصائب و آلام سے آگے جا پہنچی
ہے۔اِس معاشرے کے لیے دعوت فکر یہ ہے کہ بین الاقوامی سطح پر خواتین کے ان
مسائل کی نشان دہی، اُن کے سّدِباب کے لیے سفارشات اور پھر اقدامات کو
مختلف فورمز پر زیرِ بحث لایا جانا زیاں و رائگاں کیوں جاتا ہے؟ وہ کیا
وجوہات ہیں کہ عورت کی مظلومیت کا تماشا بھی بنایا جاتا ہے، اس کے نالہ و
فُغاں کا چرچا بھی کیا جاتا ہے پھر ہر برس، بغرضِ تبدیلی نعرہِ تجدیدِ
پیماں کا غُلغُلہ بھی شورمچاتا ہے۔ پھر یکسر یہ تمام صدائیں سراب سے جنم لے
کر سراب میں ہی کھوجاتی ہیں۔ کیا ہم پرلازم نہیں کہ ہم اُن مُحرکات کا
تنقیدی جائزہ لیں جو اُن اقدامات کو عملی جامہ پہنانے سے قاصر ہیں۔آج بھی
دُنیا میں خواتین بھر پور ذہنی و جسمانی صلاحیتوں کے باوجود امتیازی سلوک
سے دوچار ہیں ۔دُنیا کی دو تہائی خواتین ناخواندہ ہیں ۔یہی نہیں بلکہ
خواتین پر تشدد ٗقتل کے رحجان میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ اقوام ِ متحدہ کی
رپورٹ کے مطابق امریکہ میں ہر 15سکینڈ بعد ایک عورت تشد د کا نشانہ بنتی ہے
۔جب کہ ہر سال ایک لاکھ خواتین میں سے 36.2فیصد زنا بالجبر کا شکار ہوتی
ہیں ۔برطانیہ میں یہ شرح 8.7فیصد فی لاکھ اور جنوبی افریقہ میں 129خواتین
فی لاکھ ہیں۔عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق دُنیا بھر میں 20فیصد
خواتین مردوں کے تشدد و زیادتی کا شکار ہیں ۔اقوام متحدہ کے ڈوپلمنٹ فنڈ
برائے خواتین کی رپورٹ کے مطابق اب تک 20ہزار سے زائد مسلمان بوسینائی
عورتیں زنا بالجبر کا شکار ہوئیں ۔ جب کہ ایک اور رپورٹ کے مطابق کشمیر میں
بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 38ہزار سے زائد عورتوں کی عزت پامال ہو ئی ۔صحت
مند خواتین کی نسبت معذور ٗ مفلوج خواتین کے ساتھ زیادہ ظلم و ستم ہوتا ۔
80فیصد سے زائد اپاہج خواتین ظلم و زیادتی کے واقعات کو معمول ِ زیست سمجھ
کر قبول کر لیتی ہیں ۔ دُنیا میں ایک کروڑ سے زائد معذور خواتین میں سے صرف
17فیصد کو ملازمت کا موقع ملا۔
دُنیا کی سب سے بڑی جمہوریہ کہلوانے والی بھارتی ریاست میں سالانہ 6500سے
7000کو محض اس لیے قتل کیا جاتا ہے کہ سسرال کی طرف سے جہیز کم ملا ۔تقریباً
4کروڑ نوجوان خواتین فیملی پلاننگ کے محفوظ ذرائع دستیاب نہیں ۔ہر سال 15سے
29سال کی تقریبا ً6لاکھ خواتین دوران ِ زچگی جان کی بازی ہا ر جاتی ہیں ۔
اقوام متحدہ کی فنڈ برائے آبادی کی رپورٹ کے مطابق دُنیا میں ہر سال 5کروڑ
خواتین اسقاط ِ حمل کے مراحلہ سے گزرتے ہوئے78ہزار انتقال کر جاتی ہیں ۔ہر
سال 20لاکھ خواتین کے ختنے کرنے کے علاوہ 40لاکھ خواتین ؍لڑکیوں کو عصمت
فروشی کے دھندے میں دھکیل دیا جاتا ہے ۔ایشیاء میں 70فیصد عورتیں بغیر
تربیت یافتہ دائی کے بغیر ہی بچوں کو جنم دیتی ہیں ۔ اس عمل سے زیادہ تر
25سے 29سال تک کی خواتین گزرتی ہیں ۔ دُنیا بھر میں عورتوں کو کم اجرت دی
جاتی ہے ،07کروڑ سے زائد خواتین روزانہ بھوکی سوتی ہیں ۔ ہر سال 80لاکھ
خواتین انسانی خریدو فروخت کا شکار ہوتی ہیں ۔ وطن ِ عزیز میں عورتوں پر
تشدد ایک بحران کی شکل اختیار کر چکا ۔ پاکستان میں50فیصد خواتین جسمانی ٗ
90فیصد ذہنی تشدد کا شکار ہوتی ہیں۔ ہیومن رائٹس کی رپورٹ کے مطابق ملک میں
ہر دو گھنٹے بعد ایک خاتون سے زیادتی کی جاتی ہے ۔اس کے علاوہ ایشیا ء واچ
کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پولیس 70فیصد حراست خواتین کے ساتھ بد سلوکی
کرتی ہے ۔متعدد مقامات پر رسم و رواج بھی خواتین کو تشدد کا باعث بن رہا ہے
۔غیر سرکاری تنظیموں کی رپورٹ کے مطابق 70فیصد خواتین کو اپنی مرضی کا ووٹ
ڈالنے کا حق نہیں ٗ 67فیصد بچیوں کی پیدائش پر سسرالیوں کے تیز و تند جملوں
کی نظر ہو جاتی ہیں ۔سینکڑوں خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کیا جاتا ہے ۔ملک
میں افرادی قوت کا 28فیصد خواتین ہیں اس میں 92لاکھ 96ہزار شعبہ زراعت ٗ
32لاکھ 20ہزار خدمات اور 14لاکھ 84ہزار صنعت سے وابستہ ہیں ۔ جنوبی ایشیائی
ممالک میں سب سے زیادہ لیبر فورس بنگلہ دیش میں ہے ۔جو 42فیصد ہے ۔ بھارت
32فیصد ٗ سری لنکا 36فیصد ہے ۔1996-97کی لیبر سروے کے مطابق دیہائی علاقوں
میں 9فیصد خواتین غیر تکنیکی کام کرتی ہیں ۔ جب کہ 47فیصد مرد غیرتکنیکی
کام کرتے ہیں ۔جب کہ 1995کی رپورٹ کے مطابق 57.43فیصد بتایا گیا تھا۔شہری
علاقوں میں20فیصد خواتین پروفیشنل کام کرتی ہیں ۔5.4فیڈرل گورنمنٹ ملازم
ہیں جو زیادہ تر سوشیل سکیڑ میں کام کرتی ہیں ۔خواندگی ٗ صحت ٗمعاشی نمو کے
لحاظ سے غربت کے تعین میں 52فیصد خواتین ہیں ۔ عورتوں کی شرح خواندگی
33فیصد ہے ۔مناسب روزگار نہ ملنے کی وجہ سے لاکھوں خواتین اپنی تعلیم کا
درست استعمال نہیں کر سکتیں ۔ مادر ِ وطن میں خواتین کو صحت کی سہولیات بہت
ہی کم ہیں ۔ ہر سال حاملہ ہونی والی 50لاکھ خواتین میں سے 7لاکھ سرجری اور
دیگر طبی پیچیدگیوں کا شکار ہوتی ہیں ۔اقوام متحدہ کی فنڈ برائے آبادی کی
رپورٹ کے مطابق ملک میں ایک لاکھ زچگی کے کیسز کے دوران اموات کا تناسب
340سے 700تک ہے ۔ پاکستان میں دوران ِ حمل فوت ہونی والی خواتین کی شرح بہت
زیادہ ہے ۔ دوران ِ حمل مرنے والی 80فیصد خواتین انیمیا کا شکار ہوتی ہیں ۔
قابل ِ علاج بیماریوں میں بھی ہر 0منٹ بعد ایک حاملہ خاتون لقمہ اجل بنتی
ہے ۔ نیشنل ہیلتھ سروے آف پاکستان کے مطابق ملک میں ڈلیوری کے 83فیصد کیسز
گھروں میں روایتی دائیوں کے ہاتھوں ہوتے ہیں ۔دیہی علاقوں میں یہ تناسب
94فیصد ٗ جب کہ شہری علاقوں میں 77فیصد ہے ۔یونی سیف کی رپورٹ کے مطابق
خواتین کی ماہر افراد سے ڈلیوری کی شرح صرف 18فیصڈ ہے ۔ عورت فاونڈیشن کی
رپورٹ کے مطابق ملک کے دیہی و شہری علاقوں کی حاملہ خواتین کی بالترتیب
21اور 60تعداد ڈاکٹرز سے چیک اپ یا زچگی کی سہولت میں سے کسی ایک سے
استعفادہ کر سکتی ہیں ۔ ملک میں ہر روز 100خواتین کا حاملہ پن کی پیچیدگیوں
ٗ زچگی اور اسقاط ِ حمل کے غیر محفوظ طریقوں کے باعث مر جاتی ہیں قومی
ادارہ صحت ان ساوتھ ایشیا ء رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 45فیصد حاملہ
خواتین خون کی کمی کا شکار ہیں ۔ قومی ادارہ صحت کے مطابق ملک میں حاملہ
خواتین اوسطاً2165کیلوریز روزانہ لیتی ہیں ۔ جب کہ انہیں 2500 کیلوریز
یومیہ کی ضرورت ہوتی ہے ۔دودھ پلانے والی خواتین اوسطاً 2298کیلوریز روزانہ
لیتی ہیں جب کہ انہیں 3100 کیلوریز کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق
پاکستان میں 12سال کی عمر میں 2.2فیصد بچیوں کی شادی کر دی جاتی ہیں ۔ جب
کہ 15سال کی 33.4فیصد ٗ 18سال کی 71.9فیصد ٗ اور 20سال کی 86.3فیصد خواتین
کی شادی کی جاتی ہے ۔ پاکستان میں حمل کے دوران 200گنا زیادہ جان کا خطرہ
ہوتا ہے ۔21فیصد خواتین زیادہ خون بہہ جانے سے مر جاتی ہیں ۔ 12سے 49سال کی
عمرکی 22فیصد خواتین بچے کی پیدائش کے مراحل سے گزرتی ہیں ۔15فیصد اسقاط
حمل کے دوران فوت ہوتی ہیں ۔ پنجاب کے دیہی و شہری علاقوں میں 44فیصد
خواتین 5ماہ کے اندر اندر اور 69فیصد شادی کے 15ماہ کے دوران حاملہ ہو جاتی
ہیں اور اوسطاً ہر عورت کے 6بچے ہیں ۔ انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ایکشن واچ کی
رپورٹ کے مطابق1سے 4سال کی بچیوں کی اموات بچوں کی نسبت 66فیصد زیادہ ہے ۔
9فیصد خواتین گھرانوں کی سر براہ ہیں جن کے سرپرست یا خاوند فوت ہو چکے یا
بیرون ممالک ہیں یا پھر وہ طلاق یافتہ ہیں دو تہائی بییٹوں کو جائیداد کی
وراثت نہیں دی جاتی ۔
آج کے دن کا تقاضا ہے کہ ہم اسلام کی زریں اصولوں کو اپناتے ہوئے خواتین کا
متعین کردہ حق دیں ۔
|