ماہنامہ "دی منارٹ انٹرنیشنل"(The Minaret)

ڈاکٹر فضل الرحمن الانصاری علیہ الرحمہ دنیامیں حقیقی اسلامی زندگی کا نمونہ پیش کرنا چاہتے تھے۔آپ اس پیغام کو عام کرناچاہتے تھے کہ قرآن وسنت کی طرف لوٹ آؤ ۔یہی آپ کی زندگی کا سب سے اہم پیغام تھا اوریہی نعرہ (Slogan) آپ بلند فرماتے رہے :
ﷺ Back to Quran and Back to Muhammad
اسی نعرے کو عام کرنے کے لئے آپ نے دی منارٹ کا اجراء کیا

ماہنامہ "دی منارٹ انٹرنیشنل"(The Minaret)

ڈاکٹرمحمد فضل الرحمن الانصاری القادری علیہ الرحمہ آج کے دورمیں میڈیا کے کردار اور اس کی قوت سے بخوبی آگاہ تھے۔آپ علیہ الرحمہ کی اسی چشم بصیرت نے میڈیا کی اہمیت کے پیش نظر 1964 ہی میں ایک ماہنامہ (The Minaret)"دی منارٹ" کے نام سے انگریزی زبان میں عالمی معیار کے رسالہ رسالہ کا اجراء کیا ۔جو ابتداء میں مکمل انگریزی زبان میں تھا۔ لیکن گزشتہ پندرہ سالوں سے اس کے آخر میں چار سے چھ صفحات کا اضافہ کردیا گیا ہے جو اردو مضامین کے لئے مختص کیے گئے ہیں۔ منارٹ کا شمارہ رجسٹرڈ اور کراچی یونیورسٹی کے BASR سے منظور شدہ ہے۔

یہ رسالہ ادارہ World Federation of Islamic Missions (الوفاق العالمی للدعوۃ الاسلامیہ ) اسلامک سینٹر، بی بلاک شمالی ناظم آباد کراچی کی زیرسرپرستی کام کررہا ہے جس کے چیف ایڈیٹر صدر ورلڈفیڈریشن جناب مصطفیٰ فاضل انصاری صاحب خود ہیں۔

اس رسالہ کی پرنٹنگ ،صفحہ کا معیار بہت اعلیٰ ہے۔ سرورق انتہائی دیدہ زیب ،خوشنما اوررنگین ہوتاہے۔اس رسالہ کے تمام ایڈیٹوریل بورڈ کی تمام ترتفصیلات اس کے پہلے صفحہ پر درج ہیں۔اس ماہنامہ کا پہلے شمارہ کی اشاعت سے لے کر آج تک کا مکمل ریکارڈ موجود ہے۔ اس شمارہ میں لکھنے والے افراد کا تعلق زیادہ تر جامعہ علیمیہ کے فاضلین سے ہے۔ جو دنیا بھرسے اس شمارہ کے لیے اپنے آرٹیکل و مضامین بھیجتے رہتے ہیں۔ ان کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے نمایاں اور ممتاز افراد و دانشور حضرات بھی اپنے قلم کی روشنائی منارٹ کے صفحۂ قرطاس پر پھیلاتے رہے ہیں۔یہ خالصتاً دینی،تبلیغی ،غیر سیاسی اور بامقصد رسالہ ہے جو کسی دنیاوی نفع و لالچ سے بے نیاز ہوکر دین کی نشرواشاعت وتبلیغ میں مصروف عمل ہے۔

علامہ عبدالحکیم شرف قادری صاحب علیہ الرحمہ "دی منارٹ" پرتبصرہ کرتے ہوئے تحریرفرماتے ہیں:
آپ کی نگرانی میں انگریزی زبان میں ماہنامہ منارٹ شائع ہوتاتھا جو وقیع مضامین پر مشتمل ہواکرتاتھا۔( تذکرہ اکابر اہلسنت،علامہ محمدعبدالحکیم شرف قادریؒ، مضمون :مبلغ اسلام مولاناڈاکٹرفضل الرحمن انصاری،ص381)

جیسا کہ علامہ عبدالحکیم شرف قادری علیہ الرحمہ نے فرمایا یہ رسالہ ایسا ہی تھا اور اب بھی یہ ماہنامہ بین الاقوامی معیارکا حامل ہے اور ہر لحاظ سے ایک دینی ، اصلاحی اور منفرد رسالہ ہے۔آج کی نسل کے لیے اس سے بڑھ کر اصلاحی ، معلوماتی رسالہ شاید ہی کوئی اور ہو۔ اس شمارہ میں علوم اسلامیہ اور جدیدمسائل (کرنٹ ایشوز) پر بات کی جاتی ہے۔ خود ڈاکٹرانصاری علیہ الرحمہ نے اپنے ایک مضمون میں اس رسالہ کا تعارف کروایا ہے۔جس میں آپ لکھتے ہیں:
"عوام کی ذہنی واخلاقی تربیت کے لیے انگریزی زبان میں 1964ء سے ایک تبلیغی ماہنامہThe Minaret International شائع ہورہا ہے جو دنیا کے 70 ملکوں میں اسلام کا پیغام پہنچارہا ہے۔"( صقالۃ القلوب،دینی تعلیم ایک جائزہ، ص43)

آپ علیہ الرحمہ کافرمان عین حقیقت ہے ۔ آج بھی جب ہم اس رسالہ کے مواد(Content)کو دیکھتے ہیں تو ہمیں اس رسالہ میں علوم التفسیر، علوم الحدیث ،علوم الفقہ کے مضامین کے ساتھ ساتھ تصوف کی تجلیاں،حکمت کی باریکیاں ، فلسفہ کی موشگافیاں ،ذہانت کی رعنائیاں، علم المنطق کا زور ،علم النفس کا شعور ، علم المعاش کے رموز بھی ملتے ہیں۔ نورٌ علیٰ نور عمرانیات کی تعلیم کے ساتھ یہ رسالہ علم الاخلاق سے معمور بھی ہے،اس میں حکمت و دانش مذکور بھی ہے، حبل اللہ یعنی اللہ کی ڈور بھی ہے،ذکر سیرت وغارثور بھی ہے، ائمہ کے دُرِّمنثور بھی ہیں،تذکرہ غلمان و حور بھی ہے، مقالۂ احوال فی الفور بھی ہے،کچھ ذکر مباح و محذور بھی ہے،برائیوں سے نفور بھی ہے، یہ رسالہ باعث فرحت وسرور بھی ہے،اس میں رنگ زعفران وخوشبوئے کافور بھی ہے، سیاسی منظرنامہ پیش کرنے سے معذور بھی ہے، حق و صداقت کا بیان اس رسالہ کا طور بھی ہے، یہ رسالہ تعصبات سے دوربھی ہے، رنگین سادہ و مشہور بھی ہے،کچھ بشری کمزوریوں کا ظہور بھی ہے، جن کی اصلاح قابل غور بھی ہے ،جن پر منتظمین کی توجہ بغوربھی ہے، یہ رسالہ پڑھنے پر انتظامیہ آپ کی مشکور بھی ہے۔یہ رسالہ پڑھیں ضرور حتی المقدور ، بھرجائے گا علم کے نورسے آپ کا قلب و صدورپھر آئے گی صدا حضور، مبرورمبرور۔

گزشتہ ڈھائی تین سالوں سے ادارے کے سربراہ صدرالوفاق جناب مصطفیٰ فاضل انصاری صاحب خوداس رسالہ کی ترتیب و تدوین میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔تمام مضامین بغورپڑھ کران کے رسالہ میں شمولیت کا تعین بھی خود کرتے ہیں۔ اس رسالہ کے معیارکو بلند سے بلند کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ یہ بین الاقوامی رسالوں کے معیار سے کسی بھی طور پرکم نہ ہو۔ اس سلسلے میں آپ دیگر ممالک میں گزاری گئی عملی زندگی کے قیمتی تجربات ،مشاہدات اورتمام تر علمی قابلیت اوربہترین زبان دانی کی صلاحیت کوبروئے کار لاتے ہوئے اس رسالہ میں حُسن ونکھار پیداکررہے ہیں۔جس سے یہ رسالہ مزید دمک اٹھا ہے۔بقول شاعر
خدا کرے یہ صدا جگمگائے آکاش پر
اورروشنی بکھیرے زندگی کے قرطاس پر

الغرض قلمی جہاد کا مکمل نمونہ یہ رسالہ مسلکی ،لسانی و گروہی تعصبات سے بالا ترہوکر اسلام کا صحیح چہرہ اورتصویر پیش کررہاہے۔ اس رسالے کے لکھاری بہترین انداز میں تعلیم وتبلیغ اسلام کو پھیلانے میں ہمہ جہت مصروفِ عمل ہیں ۔

جو شخص اس رسالہ کو ایک بار پڑھ لیتا ہے وہ اس سے ضرور متاثر ہوتا ہے ۔ اس میں ان تمام مضامین و موضوعات پر قلم اٹھایاجاتاہے جو پڑھنے والے پر اثرانداز ہوں اور اس کی

روحانی،ذہنی،اخلاقی،جذباتی،معاشرتی،جمالیاتی اصلاح اور ترقی کا باعث بنیں۔آخر میں والد ماجد ابوعلی محمد رمضان نے مینارٹ کی تعریف میں کچھ اشعار تحریر کیے ہیں وہ پیش خدمت ہے:
مخزن علم ہے گنجینۂ گوہرکہیئے
حلم آموز منارٹ کا نیا نام آیا
شرحِ صدرآپ کا ہوجائے جو اس کو پڑھیئے
شارحِ مذہبِ عام سرِ عام آیا
فلسفہ دان ارے نادان توپریشاں کیوں ہے
شانۂ شانہ کشِ گیسوءِ الہام آیا

 

Abu Abdul Quddoos Muhammad Yahya
About the Author: Abu Abdul Quddoos Muhammad Yahya Read More Articles by Abu Abdul Quddoos Muhammad Yahya: 69 Articles with 161885 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.