ایک بدوی صحابی کا آنحضرت ﷺسے دینی سوالات پوچھنے میں سخت لہجہ اختیار کرنا

حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ ہم (صحابہ کرامؓ) نبی پاک صلی اللہ علیہ و سلّم کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک شخص اونٹ پر سوار وہاں آیا اونٹ کو بٹھایا اور اسکی اگلی ٹانگ کو باندھ دیا اور پوچھا کہ تم میں سے محمد صلی اللہ علیہ و سلّم کون ہے؟ اور آپ صلی اللہ علیہ و سلّم اس وقت اپنے بازؤوں پر تکیہ لگائے آرام فرمارہے تھے، ہم نے اس سے کہا کہ یہ جو سفید نورانی چہرے والے آرام فرمارہے ہیںیہی ہیں۔

وہ شخص آپﷺ سے مخاطب ہو ا اور کہا ’’اے عبد المطلب کے بیٹے!‘‘(میں آپ سے کچھ سوالات کرنا چاہتا ہوں) تو انھوں نے جواب دیا کہ کہو کیا کہنا چاہتے ہو میں یہاں تمہارے سوالوں کے جوابات دینے کیلئے موجود ہوں۔

اس شخص نے کہا کہ میں نے آپ سے کچھ سوالات کرنے ہیں اور میں اور میں پوچھنے میں سختی کروں گا مگر آپ محسوس نہ کیجئے گا۔ تو آپ صلی اللہ علیہ و سلّم نے فرمایا کہ پوچھو کیا پوچھنا چاہتے ہو؟

اس نے کہا کہ میں آپ کو آپ کے رب اور انکا بھی رب جو آپﷺ سے پہلے تھے کا نام دے کر پوچھتا ہوں کہ کیا آپکو اللہ تبارک و تعالیٰ نے تمام لوگوں کیلئے نبی اور رسول ﷺ بنا کر بھیجا ہے؟تو آپﷺ نے جواب دیا کہ اللہ کی قسم ایسے ہی ہے۔

اس نے پھر سوال کیا کہ میں آپ کو اللہ تعالیٰ کا نام دے کر پوچھتا ہوں کہ کیا اس نے آپکو دن اور رات میں پانچ نمازیں پڑھنے کا حکم دیا ہے؟ تو آپﷺ نے جواب دیا کہ اللہ کی قسم ایسے ہی ہے۔

اس نے پھر سوال کیا کہ میں آپ کو اللہ تعالیٰ کا نام دے کر پوچھتا ہوں کہ کیا اس نے آپکو اس سال کے اس مہینہ (رمضان المبارک) کے روزے رکھنے کا حکم دیا ہے؟ تو آپﷺ نے جواب دیا کہ اللہ کی قسمّ ایسے ہی ہے۔

اس نے پھر سوال کیا کہ میں آپ کو اللہ تعالیٰ کا نام دے کر پوچھتا ہوں کہ کیا اس نے آپکو یہ حکم دیا ہے کہ آپﷺ امیروں سے زکوٰۃ وصول کریں اور اسے غریبوں میں تقسیم کریں؟ تو آپﷺ نے جواب دیا کہ اللہ کی قسم ایسے ہی ہے۔

آپﷺ کے جوابات سن کراس نے کہا کہ میں ان تمام چیزوں پر ایمان لاتا ہوں جس کے لئے آپ بھیجے گئے ہیں اور میں ضمام بن ثعلبہؓ ہوں اور اپنی قوم بنی سعد بن بکر کی طرف سے نمائندہ بناکر بھیجا گیا ہوں(متفق علیہ)۔

اس حدیث شریف میں ایک صحابی کے آپ ﷺ سے دین اسلام کے بارہ میں کچھ سوالات پوچھنے کا ذکر ہے اور سوالات کچھ سخت لہجہ میں پوچھے گئے ہیں کیونکہ وہ ا بھی مسلمان نہیں ہو ا تھا اور وہ یہ آزمانا چاہتا تھا کہ کیا آپﷺ واقعی اللہ کے سچے نبی ہیں اور سوالوں کے جواب دینے میں کوئی ایسا لہجہ تو اختیار نہیں کرتے کہ جس سے سننے والا شک میں پڑ جائے یا تذبذب میں مبتلا ہو جائے ؟ اور جب وہ آپ کے جوابات سے مطمئن ہو گیا تو آپ پر ایمان لے آیا اور دین اسلام قبول کر لیا۔

اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اسلامی تعلیمات پر پوری طرح عمل پیرا ہونے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
 

Muhammad Rafique Etesame
About the Author: Muhammad Rafique Etesame Read More Articles by Muhammad Rafique Etesame: 195 Articles with 320648 views
بندہ دینی اور اصلاحی موضوعات پر لکھتا ہے مقصد یہ ہے کہ امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کے فریضہ کی ادایئگی کیلئے ایسے اسلامی مضامین کو عام کیا جائے جو
.. View More