پاکستانی فوج کا بھارتی دعوؤں کے حوالے سے بڑا بیان

پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ ’بار بار جھوٹ بولنے سے سچ نہیں بن جاتا۔‘

’کہتے ہیں کہ ایف 16 گرانے کا ثبوت ہے لیکن سامنے نہیں لاتے۔ پاکستان کا ایف 16 طیارہ گرانے اور ثبوت کی موجودگی کا دعویٰ کرنے کے باوجود انڈین فضائیہ کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی۔‘
 

image


پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ گذشتہ روز انڈین فضائیہ کی جانب سے جاری کیے جانے والی ریڈار تصاویر اور ان سے جڑے دعوؤں کو رد کر رہے تھے۔

پیر کے روز ایک پریس کانفرنس میں انڈین فضائیہ کے ائیر وائس مارشل آر جی وی کپور نے مؤقف اختیار کیا کہ انڈیا کے پاس پاکستانی ایف 16 طیارے کو مار گرانے کے حوالے سے ٹھوس شواہد موجود ہیں، لیکن سکیورٹی خدشات کی بنا پر یہ تفصیلات منظر عام پر نہیں لائی جا رہیں۔
 

image


اپنی پریس بریفنگ میں ایئر وائس مارشل آر جی وی کپور نے کہا تھا کہ ریڈار سے لی جانے والی تصاویر سے واضح ہے کہ لائن آف کنٹرول کے مغرب میں ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کا سامنا پاکستان کے ایف 16 جنگی طیارے سے ہوا تھا۔

’دوسری تصویر پاکستان کے ایک ایف 16 طیارے غائب ہونے کے دس سیکنڈ بعد لی گئی تھی۔ پاکستان نے اسی ایف 16 جنگی طیارے کو گنوایا تھا۔‘
 


میجر جنرل آصف غفور نے پیر کی شب سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انڈین حکام کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے انڈین فضائیہ کو ہونے والے نقصان پر ڈھول نہیں بجائے۔ ’خاموشی کو نظر انداز نہ کیا جائے۔‘

ترجمان نے کہا: ’حقیقت یہ ہے پاکستانی فضائیہ نے انڈیا کے دو طیارے گرائے جن کا ملبہ زمین پر سب نے دیکھا۔‘
 


اس سے پہلے امریکی جریدے فارن پالیسی نے کہا تھا کہ امریکہ کے محکمۂ دفاع کے اہلکاروں نے حال ہی میں پاکستانی ایف 16 طیاروں کی گنتی کی ہے اور وہ تعداد میں پورے ہیں۔

امریکی اہلکار نے فارن پالیسی کو بتایا کہ انڈیا اور پاکستان کے حالیہ تنازعے کی وجہ سے کچھ طیارے معائنے کے لیے فوری طور پر دستیاب نہیں تھے اور اسی وجہ سے تمام طیاروں کی گنتی میں امریکی حکام کو چند ہفتے لگے۔

امریکی عہدیدار کے مطابق اب گنتی مکمل ہو چکی ہے اور 'تمام طیارے موجود تھے اور ان کا معائنہ کر لیا گیا ہے۔'

امریکی حکام کی جانب سے یہ بیان اس انڈین اس دعوے کے منافی ہے جس میں انڈین فضائیہ نے کہا تھا کہ انھوں نے فروری میں ہونے والی جھڑپ کے دوران ایک پاکستانی ایف 16 طیارہ مار گرایا تھا۔

انڈین فضائیہ کے حکام نے اس فضائی جھڑپ سے متعلق بیانات میں کہا تھا کہ پاکستانی طیاروں کا نشانہ بننے والے انڈین پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتھمان نے اپنا طیارہ گرنے سے قبل پاکستان کا ایک ایف 16 طیارہ مار گرایا تھا۔

پاکستان نے اس دعوے کو متعدد بار مسترد کیا تھا۔
 

image


جمعے کو پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ کی جانب سے امریکی جریدے کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ 'یہی پاکستان کا مؤقف بھی رہا ہے اور یہی سچ ہے۔'

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ 'انڈیا کی جانب سے حملے اور اس کے اثرات کے بارے میں بھی دعوے جھوٹے ہیں اور وقت آ گیا ہے کہ انڈیا اپنی طرف ہونے والے نقصان بشمول پاکستان کے ہاتھوں اپنے دوسرے طیارے کی تباہی کے بارے میں سچ بولے۔'


Partner Content: BBC URDU

YOU MAY ALSO LIKE:

Rejecting India’s latest reiteration of its claim that it downed a Pakistani fighter jet in February, Inter-Services Public Relations (ISPR) chief Maj Gen Asif Ghafoor on Monday said that false claims do not turn into truths no matter how many times they are repeated. He said that India only made false claims and could not present to the world any proof to support those claims.