پاکستان استعفوں سے چلے گا

عدل ، احتساب اور ابلاغ کے ذرائع پر کنٹرول حاصل کرنے کی خواہش سب سے پہلے معیشت کو ڈبوتی ہے ۔ معاشی مسائل بھاشنوں سے نہیں عملی اقدامات سے ٹھیک ہوا کرتے ہیں ۔۔۔۔۔

دھوکہ ہمارے ساتھ ہی کیوں ہوتا ہے ۔ دھوکہ باز شاطر ہیں یا ہمیں دھوکہ کھا کر سکون ملتا ہے ۔ جس شخص کو 8 سال تک لائق ترین ، معاشیات کا ماہر ، مانا پہچانا سی آی آو، بلکہ جس کے بارے میں خود عمران خان نے کہا کہ اس سے زیادہ لائق پوری پی ٹی آئی میں کوئی نہیں ہے ۔ سب کو پتہ تھا کہ اس نے وزیر خزانہ بننا ہے ۔ اس کے بارے میں جب ایک صحافی نے لکھا " کہہ دیا گیا ہے کہ یہ آدمی خزانے کا وزیر نہیں رہ سکتا " کہ خزانہ ہی نہیں رہا ۔ تو سب سے پہلے اسد عمر نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام داغا ۔ نشانہ سابقہ وزیر خزانہ تھا مگر امرت عوام کے کانوں میں گھولا جا رہا تھا کہ یہ "لفافے لینے والوں " کا جھوٹا پروپیگنڈہ ہے .15 اپریل کو دبنگ فواد چوہدری نے ان خبروں کو " جھوٹ " بتایا .صرف دو دن بعد 17 اپریل کو کہہ دیا گیا " ملک ان سے نہیں چلے گا ان کے استعفوں سے چلے گا " . "ان" میں تو پانچ لوگ شامل ہیں باقی چار کب جائیں گے ۔ یا اپریشن رد و بدل کر کے "فیس سیونگ " کی جائے گی . کیا فیس سیونگ ممکن بھی ہے ۔ جو شخص کروڑ نوکریاں کے لالی پاپ ٹوکری میں لے کر ایا تھا۔ اس کی ٹوکری ہی کا پتہ نہیں ہے ۔ اسی قابل ترین نے کہا تھا میٹرو 8 ارب میں بنا سکتا ہوں ۔ اس وقت عمران خان کے اس قابل تریں کو ماہرین نے نظریں اتھا کر دیکھا تو خود عمران خان اس کے دفاع کے لیے آگے بڑہے ۔ BRT کے نام سے میٹرو پر اب بھی کام جاری ہے اور شائد جاری ہی رہے ۔ ریحام خان کے دل میں عمران خان بارے بغض کا الزام مان بھی لیا جائے تو کیا اس کا یہ کہنا غلط ہے کہ جب کاروبار تباہ ہوتا ہے توCEO اس کی ذمہ داری لیتا ہے ۔ یہ گمان کہ عمراں خان اچھا ہے ان کی کابینہ ، چیف منسٹر اور ارد پھیلے لوگ کرپٹ اور نا اہل ہیں ۔ غیر منطقی ہے ۔ ان نااہلوں کو لگانے والا کون ہے ۔ اسد عمر کی لوگوں کے گھروں باورچی خانے چولہے اور موٹر سائیکلوں کی پترول؛ والی ٹنکی تک پہنچائی گئی مہنگائی کا ذمہ دار تو سابقہ وزراء خزانہ بتائے جاتے رہے ہیں ۔ کیا نیا آنے والا اس معااشی تباہی کا ذمہ دار اسد عمر کو ٹھرائے گا ۔ اس کے جان نشیشوں کی فہرست میں شامل شوکت ترین نے تو معذرت کر لی ہے ۔ اب دو ڈاکٹروں میں سے کون آگے بڑھ کر مہنگائی کے اس منہ کھولے اژدہے کو واپس پٹاری میں بند کرے گا ۔ کیا یہ ممکن بھی ہے ؟ یا آنے والا بھی اپنی ساکھ اور قابلیت داو پر لگا کر چلتا بنے گا ۔

بیڑا غرق “ ہونے “ اور “ کرنے “ کا فرق اب سب کی سمجھ میں آ گیا ہے ۔ آگر مقصد “ کرنے “ ہی کا ہے تو پھر لگے رہو منا بھائی ۔ لیکن ایک بات یاد رہے اپ تبدیلی لائےیا نہیں مگر لوگوں کا ذہن تبدیل ہو رہا ہے ۔ کنٹینر پر کھڑے ہو کر بھاشن دینے والا عمران خان اور مہاتما بن کر “گھبرانا نہیں “ کی تلقین کرنے والے وزیر اعظم کے قول و فعل میں تضاد ہے ۔ ہر وہ کام جس کی کنٹینر پر کھڑے ہو کر مذمت کی جاتی تھی ۔ باری باری وہ سارے کام کیے گئے ۔ اب تو پچھلی حکومتوں کی مزمت کرتے کرتے بات یہاں تک آ پہنچی ہے کہ “ نہ سابقہ حکومت جعلی طور پر معیشت مضبوط رکھتی ، نہ مصنوعی طریقے سے ڈالر کو کنٹرول کرتی، نہ مہنگائی کنٹرول کرنے کا ڈرامہ کرتی نہ ہمیں یہ دن دیکھنے پڑتے “ ۔

ملک چلانے کی بجائے عدل ، احتساب اور ابلاغ کے ذرائع پر کنٹرول حاصل کرنے کی خواہش سب سے پہلے معیشت کو ڈبوتی ہے ۔ معاشی مسائل بھاشنوں سے نہیں عملی اقدامات سے ٹھیک ہوا کرتے ہیں ۔ ذاتی دشمنیوں کو گھر کے طاق میں چھوڑنا ہوتا ہے ۔ ایک یا پانچ وزیر ہٹانے سے مسائل حل ہونے والے نہیں ہیں ۔ معیشت نزع کے عالم میں ہے ، کاروبار ٹھپ پڑے ہیں ، لاکھوں لوگوں کی نوکریوں ختم ہونے کی خبریں گرم ہیں ۔ معاشی ماہرین آنے والے بجٹ سے ڈرا رہے ہیں ۔ وزراء جو بیان دیتے ہیں 48 گھنٹوں میں اس کی عملی تردید آ جاتی ہے۔ تازہ ترین کارنامہ یہ ہے کہ پنجاب میں ضلعی حکومتوں کو اجازت کے بغیر ترقیاتی کاموں سے روک دیا گیا ہے ۔ نیا پاکستان کیا بننا ہے حالت پرانے سے بھی بدتر کر دی گئی ہے ۔ خدا را قائد اعظم کے پاکستان کو اس راہ پر نہ چلائیں ۔ ہر سیاسی مخالف کو چور، حق گو کو لفافہ بردار اور عدلیہ کو لوہار کورٹ کے طعنے دینا وہ راہ ہے جس کے آخر میں کھائی آتی ہے ۔ وہ عوام جس کو میرٹ، انصاف، تعلیم ، عزت نفس اور برابری کا لولی پاپ دیا گیا تھا ۔ وہ تو کسی دوسرے لالی پاپ سے وقتی طور پر بہل جائے گی مگر اس ملک میں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو نہ قانوں کی مانتا ہے، نہ آئین کو مقدس رکھتا ہے ، نہ خدمات کا صلہ عطا کرتا ہے، نہ رحم دل ہے مگر اس قابل ہے کہ اپنی مرضی کے اخبار میں کسی دن یہ سرخٰی لگوا دے “ پاکستان استعفوں سے چلے گا “-

Dilpazir Ahmed
About the Author: Dilpazir Ahmed Read More Articles by Dilpazir Ahmed: 135 Articles with 169357 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.