سچے عاشق رسول صلی اللہ علیہ
وآلہ وسلم کی پہچان (٢) -------- منجانب: صوفی محمد اسحاق شاہ صاحب -----
سلسلہ عالیہ -- قادریہ -- چشتیہ --- پاکستان
حضورصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کل
عالم کے لیے سراپا رحمت ہی رحمت ہیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نہ صرف
مسلمانوں بلکہ تمام بنی نوع انسان اور تمام جاندار مخلوق کیلیے باعث رحمت
ہیں۔ یہاں تک کہ مشرکین مکہ کی تمام تر گستاخیوں ایزا رسانیوں کو صلہ رحمی
کے تحت عفو درگزر سے کام لیتے ہوئے معاف فرماتے رہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنے حسن سلوک سے ہمیشہ لوگوں کو عفودر گزر،
برداشت، نرمی، رحمدلی اور معافی کی تلقین فرمائی۔
نبی آخر الزماں رحمتہ اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سچا پیروکار
اور سچا عاشق وہی ہے جو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اسوہ حسنہ کی پیروی
کرے۔
اور جو اپنے کردار میں انسانیت بلکہ الله تعالی کی تمام مخلوق کیلیے درد دل
اور محبت رکھتا ہو۔ اور جس کا دل سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی
نسبت سے نرمی، عاجزی و انکساری، برداشت، درگزر، رحمدلی اور معافی کے مادہ
سے سرشار ہو، نہ کہ اپنی نفسانی خواہشات (شیطانی وسوسوں) کا غلام بن کر رب
تعالیٰ کی مخلوق کو ستانے والا پتھر دل، سخت خو ہو۔ یہی میزان ہے سچا عاشق
رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہونے کا۔
درد دل کے واسطے پیدا کیا انسان کو
ورنہ اطاعت کیلے کچھ کم نہ تھے کرو بیاں
کسی بھی غلطی یا خطا کو سدھارنے کیلیے اصلاح کا موقع دینا بھی عین سنت رسول
کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات
مبارکہ ایسے بےشمار حوالوں سے مزین ہے۔
شیطان کا ازل سے مقصد ہی نفس کی تسکین اور پوجا کروانا ہے جبکہ نبی کریم
رحمتہ العالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت انسان کو رب تعالیٰ کے فضل
و کرم سے انسانیت کی معراج یعنی عاجزی و انکساری، نرمی اور دوسروں کو اصلاح
کا موقع فراہم کرنے کی طرف لے جاتی ہے۔ انسان کا قلبی طور پر نرم مزاج ہونا اس
بات کا ثبوت ہے کہ رحمتہ اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سنت کی
پیروی انسان کو انسانیت کی معراج کی طرف مائل کر رہی ہے۔ جبکہ ان جذبوں کا
فقدان کھلی دلیل ہے کہ ابھی تک انسان شیطانی بہکاوے میں ہے اور انسانیت سے
نفرت اور سخت مزاجی کا اظہار کر کے اپنے نفس اور شیطان کو خوش کر رہا ہے۔
معاشرے میں موجود انتشا ر، ہٹ دھرمی اور شدت پسندی کا خاتمہ اسلامی تعلیمات
کی حقیقی روح اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اسی سنہ مبارکہ پر
عمل پیرا ہوتے ہوے کیا جا سکتا ہے۔
اسلام زندہ باد
پاکستان زندہ باد
صوفی ازم زندہ باد
انسانیت زندہ باد |