حاکم یا محافظ

آنے والا بچہ جس گود میں آنکھ کھولتا ہے اسلام نے اس گود اور اس گھر کو مہر محبت کا مرکز بنانے کے لیے بیوی خاوند کے رشتے پر تکریم کی چادر تان دی ہے

مرد عورتوں پر محافظ ہیں اس لیے کہ اللہ نے ایک کو ایک پر بزرگی دی ہے اور اس لیے کہ مرد اپنا مال ان پر خرچ کرتے ہیں۔ ( سورۃ النساء :۳۴) اور مال خرچ کرنے کی ذمہ داری مردپر اسطرح ہے کہ جو خود کھائے وہی بیوی کو مہیا کرے۔ جب خود پہنے تو بیوی کو بھی پہنائے۔بات یہیں ختم نہیں ہوتی بلکہ بچہ کی پیدائش کے بعد اگر بچے کی ماں کسی وجہ سے بچے کو دودھ نہ پلا سکے تو یہ ذمہ داری بچے کے باپ پر ہے کہ وہ بچے کی رضاعت کا انتظام کرے۔ اور اس رضاعت کی اجرت ادا کرے جس کی مدت دو سال ہے۔ خدا کا فرمان ہے ْ اور مائیں اپنے بچوں کو پورے دوسال دودھ پلائیں۔ جو چاہے کہ رضاعت کی مدت پوری کرے اور باپ پر ان دودھ پلانے والی ماؤں کا کھانا کپڑا دستور کے مطابق واجب ہےْ (البقرہ:۲۳۳)۔ صرف دودھ پلانے والی ہی کے نان نفقہ کی ذمہ داری مرد پر نہیں ہے بلکہ بچے کے کھانے اور لباس کی ذمہ داری بھی باپ ( باپ کی عدم موجودگی میں دادا )پر ہے۔مرد کو ْ رب البیت ْ یعنی گھر کی ضروریات پوری کرنے والا بھی کہا جاتا ہے۔اسی پر بچے کی تربیت اور تعلیم کا فرض بھی عائد کیا گیا ہے۔ان مالی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ مرد کو اپنی بیوی کے ساتھ حسن سلوک کی تاکید بھی کی گئی ہے۔ یہی نہیں بلکہ باپ کے لیے لازمی ہے کہ وہ تمام اولاد کے ساتھ مساوی سلوک یقینی بنائے ۔ اصحاب رسول میں سے ایک نے اپنے بیٹوں میں سے ایک کو اپنا غلام تحفے کو طور پردیا اور چاہا کہ ان کے اس عمل پر اللہ کے رسول ﷺ بھی شاہد ہوں تو رسول اللہ ﷺ نے دریافت فرمایا کہ کیا سب بیٹوں کو ایک ایک غلام دے دیا گیا ہے تو عرض کیا نہیں تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا ْ میں ایسے ظالمانہ تحفہ پر گواہ نہ بنوں گا-
ْ
اسلام کی ، مسلمان خاندان کی عورت کو عطا کردہ اس معاشی آزادی کے نتائج یہ نکلے کہ حضرت عمر بن خطاب فرماتے ہیں کہ ایک دفعہ میں نے اپنی بیوی کو ڈانٹا تو اس نے بھی برابر کا جواب دیا۔ حالانکہ اسلام سے پہلے ہم عورتوں کو کسی گنتی اور شمار میں نہیں لاتے تھے۔اسلام آیا تو اس نے عورتوں کے بارے میں احکام اتارے اور ان کے حقوق مقرر کیے۔اسلام نے قدر و منزلت میں عورت کو اس حد تک بڑہایا کہ رسمی طور پر عورت کو مرد کے برابر کر دیا۔ مگر اخلاقی طور پر مردوں کی برتری قائم رکھی اور اس برتری کے بدلے مرد پر سماجی اور معاشی ذمہ داریاں عائد کر دیں۔البتہ ان مالی ذمہ داریوں نے مرد کو کچھ حقوق بھی عطا کیے۔ ان حقوق میں اولیں مرد کے ساتھ عورت کی وفا کا تقاضا ہے۔مذکورہ آیت کے اگلے حصے میں ہے کہ نیک بیویاں فرمان بردار ہوتی ہیں۔ اور غائبانہ نگرانی کرتی ہیں کہ خدا نے ان کی حفاطت کی ہے ْ یعنی اپنے خاودند کی عزت و آبرو اور مال کی محافظ ہوتی ہے ۔اب کسی مرد کا فعل ان ہدایات کے منافی ہے یا عورت کا عمل اس میزان پر پورا نہیں اترتا تو ذمہ داری ادا کرنے سے حقوق بھی سلب ہو جاتے ہیں۔ ایسے مرد جو عورت کے مال پر تکیہ کرتے ہیں یا بچوں کے کپڑے اور تعلیم کے اخراجات کے لیے بچوں کی ماں کے مالی طور پر محتاج ہوتے ہیں ان کا گھر پر حکمرانی کا حق سلب ہو جاتا ہے۔
اسلام نے والدین کے رشتے کے بعد سب سے اہم رشتہ بیوی خاوند کے رشتے کو قرار دیا ہے۔ قران پاک نے ان لوگوں کی سر عام مذمت کی ہے جو اس رشتے میں رخنہ اندازی کی کوشش کرتے ہیں۔ عام طور پر خیال کیا جاتا ہے بیوی خاوند کے تعلقات میں رخنہ ڈالنے والے جادو گروں کی قبیل کے لوگ ہوتے ہیں۔ مگر اس مذمت میں مرد اور عورت کے وہ قریبی رشتے دار بھی شامل ہیں جو بستے گھر کو اجاڑنے کی سازشیں کرتے ہیں۔

بیوی خاوند کا رشتہ خاندان کی بنا ہے۔اس رشتے کی توصیف کرتے ہوئے بیوی خاوند کو ایک دوسرے کے لیے لازم ملزوم ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے کا پردہ پوش بتایا ہے۔دونوں ایک دوسرے کی تکمیل کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے کی زینت بتائے گئے ہیں۔اکثر رشتوں اور ناتوں کی جڑ یہی ایک رشتہ ہے اسی لیے اس رشتے کو پاک دامنی کا ذریعہ کہا گیا ہے۔ آنے والا بچہ جس گود میں آنکھ کھولتا ہے اسلام نے اس گود اور اس گھر کو مہر محبت کا مرکز بنانے کے لیے بیوی خاوند کے رشتے پر تکریم کی چادر تان دی ہے۔ اور اس رشتے کو قائم رکھنے کے لیے بدخواہوں کی مذمت کے بعد مناقشے کی صورت میں فریقین کو تاکید کی ہے کہ ْ میاں بیوی اللہ کی حدود کو قائم رکھیں ْ (البقرہَ:۲۳۰)

Dilpazir Ahmed
About the Author: Dilpazir Ahmed Read More Articles by Dilpazir Ahmed: 135 Articles with 151374 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.