قصہ جسے تحریر کیا جاتا ہے

والدین کی خدمت گزاری اور اطاعت ایک قصہ ہے جسے بچوں نے آپ کو پڑھ کر سنانا ہے، جتنا اچھا تم یہ قصہ تحریر کرو گے اتنا ہی اچھا تمھیں سنتے ہوئے لگے گا ْ

اللہ کے نبی موسی علیہ السلام کے وقت کی ایک حکائت ہے کہ قوم بنی اسرائیل میں ایک بہت ہی شریر شخص تھا جو اپنی بد اعمالیوں سے باز نہ آتا، اہل شہر اس کی بد اعمالیوں سے عاجزتھے اورخدا سے دعا کرتے تھے کہ اس کے شر سے عافیت دے۔ خدا نے اپنے نبی کو وحی بھیجی کہ اس شریر کو شہر بدر کر دو۔ وہ ایک غار میں جا بسا، جب اس کا آخری وقت قریب آیا اور بیمار و لاچار ہو کر زمین پر گرپڑا تو اس نے کہا آج میری ماں میرے پاس ہوتی تو میری تیمارداری کرتی اور میرا باپ میرے پاس ہوتا تو مجھ پر مہربانی کرتا۔
والدین اولاد کے لیے مجسم مہربانی ہوتے ہیں۔اس کا سبب یہ ہے کہ خدا نے والدین کے دل اولاد کی محبت سے لبریز کر دیے ہیں مگر اولاد کے دل میں یہ مادہ نہیں رکھا بلکہ اولاد کو حکم دیا ہے ْ اور ہم نے انسان کو اس کے والدین کے بارے میں تاکید کی ، اس کی ماں نے اس کو تکلیف اٹھا کر اپنے پیٹ میں رکھا اور دو برس تک اس کو دودھ پلایا ْ ( سورۃ لقمان:۱۴) ۔

اللہ کے رسول ﷺ نے جہاد پر جانے کے متمنی سے فرمایا تم والدہ کی خدمت سے چمٹے رہو کہ جنت اس کے پاوں کے پاس ہے۔ اور والد کی ناراضگی کو خدا کی ناراضگی بتایا۔ خدا نے اولاد کو والدین کے سامنے ادب سے جھکے رہنے اور اف تک نہ کہنے کی نصیحت فرمائی ہے۔ اور ان کی خدمت، اطاعت ، دلجوئی اور مدد کو فرض قرار دیا ہے۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دعا مانگی تھی ْ اے مرے رب مجھے اور میرے والدین کو بخش دے ْ (سورۃ ابراہیم: ۴۱ ) ایسی ہی دعا حضرت نوح علیہ السلام نے بھی مانگی تھی ( سورۃ نوح:۲۸) ۔ والدین کی خدمت وہ آب مصفا ہے جو انفرادی گناہوں کی فرد کو مٹا دیتا ہے۔ تعلیمات نبوی ﷺ ہے کہ سب سے بڑا گناہ شرک اور اس کے بعد والدین کی نا فرمانی ہے ۔

حضرت عبداللہ بن عمر بن خطاب کی ایک بیوی تھی، جس سے وہ راضی تھے مگر ان کے والد کو بہو پسند نہ تھی، اس اختلاف نے خانگی جھگڑے کی صورت اختیار کر لی۔ اللہ کے رسول ﷺ نے عبداللہ کو مشورہ دیا کہ اپنے باپ کی اطاعت کرو۔

عبداللہ بن عمر نے نہ صرف مشورہ مانا بلکہ ان سے مروی ہے کہ میں کبھی اس مکان کی چھت پر نہیں چڑھا جس میں میرے والد صاحب ہوں۔

ایک شخص نے خراسان سے اپنی ضعیف ماں کو کندھوں پر اٹھایا ، اسے بیت اللہ میں لایا، حج کے مناسک ادا کیے اور پوچھا کیا میں نے والدہ کا حق ادا کر دیا تو ابن عمر نے کہا ْ نہیں ۔ ہر گز نہیں ، یہ سب تو ماں کے اس ایک چکر کے برابر بھی نہیں جو اس نے تجھے پیٹ میں رکھ کر لگایا تھا ْ امام حسن بن علیؓ سے پوچھنے والے نے پوچھاوالدین کے ساتھ حسن سلوک کس طرح کیا جائے ، فرمایا ْ تو ان پر اپنا مال خرچ کر اور جو حکم دین اس کی تعمیل کر ْ عبدللہ بن عباس کا قول ہے ْ تم ان کے سامنے اپنے کپڑے بھی نہ جھاڑو، کہیں کپڑوں کا غبار اور دھول انھیں نہ لگ جائے ْ امیر المومنین علی مرتضی کا حکیمانی قول ہے ْ اگر والدین کی بے ادبی میں اف سے کم درجہ ہوتا تو بھی اللہ تعالیٰ اسے حرام قرار دیتے ْ ۔ مجاہد ؒ کا قول ہے کہ بوڑہے والدین کا پیشاب دھونا پڑے تو اف مت کہنا کہ وہ تمھارا پیشاب دہوتے تھے ۔ حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں کہ ایک شخص خدمت اقدس نبوی ﷺ میں حاضر ہوا ، اس کے ساتھ ایک بوڑھا آدمی تھا۔ پوچھا یہ کون ہے کہا میرا والد ہے آپ ﷺ نے نصیحت فرمائی اس کے آگے نہ چلنا ، مجلس میں اس سے پہلے نہ بیٹھنا ، ان کا نام لے کر مت پکارنا ، ان کو گالی مت دینا۔

خدا کا فرمان ہےْ و قل لہا قول کریم ْ ان سے خوب ادب سے بات کرنا ، حضرت سعید بن مسیب نے خدا کے اس فرمان کی تشریح میں کہا ہے خطا کار اور زر خرید غلام ، سخت مزاج اور ترش رو آقا سے جس طرح بات کرتا ہے یہ قول کریم ہے۔

حضرت عروہ ؒ کا کہنا ہے کہ تو ان کو ترچھی نگاہ سے بھی مت دیکھ کہ آدمی کی ناگواری اول اس کی آنکھوں سے ظاہر ہوتی ہے۔ حضرت انسؓ سے مروی ہے کہ اللہ کے رسول ﷺ نے فرمایا جو شخص یہ چاہے کہ اس کی عمر دراز کر دی جائے اور رزق میں اضافہ ہو تو اسے چاہیے کہ والدین کے ساتھ بھلائی کا معاملہ کرے۔امام محمد بن سیرین نے لکھا ہے کہ حضرت عثمان کے دور میں کھجور کے ایک درخت کی قیمت ایک ہزاردرہم تک پہنچ گئی تھی۔حضرت اسامہ نے یہ درخت بیچنے کی بجائے اندر سے کھود کر درخت کو کھوکھلا کر دیااور اس کا گودا نکال کر اپنی ماں کو کھلا دیا۔لوگوں نے پوچھا آاپ نے ایسا کیوں کیا، انھوں نے کہا میری والدہ نے کھجور کا گودا مجھ سے مانگا تھا اور میری عادت یہ ہے کہ جب میری ماں مجھ سے کچھ مانگتی ہے اور اس کا دینا میرے بس میں ہو تو میں وہ چیز ضرور ان کو دیتا ہوں۔حضرت ابو امامہ سے روائت ہے کہ ایک شخص نے نبی اکرم ﷺ سے عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ والدین کا ان کی اولاد پر کیا حق ہے آپ ﷺ نے فرمایا وہ دونوں تیری جنت یا جہنم ہیں۔اور یہ بھی فرمان ہے کہ تین دعائیں مقبول ہیں والدین کی اولاد کے لیے دعا، مسافر کی دعا اور مظلوم کی دعا۔

حضرت اویس قرنی کے بارے میں آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ اویس کی والدہ ہے، اس کے ساتھ انھوں نے حسن سلوک کیا ہے اگر اویس کسی بات میں اللہ کی قسم کھا لیں تو اللہ تعالی ضرور ان کی قسم پوری فرمائے۔مزید اویس کو خیر التابعین بتایا اور عمر و علی نے ان سے امت کے لیے دعا کرائی تھی۔

عبداللہ بن ابی بن سلول کے بیٹے ایسے جان نثار صحابی تھے کہ ایک بار انھوں نے عرض کیا یا رسول اللہ اس ذات کی قسم جس نے آپ پر کتا ب اتاری اگر آپ چائیں تو میں اس کا سر لا کر آپ کی خدمت میں پیش کر دوں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا نہیں ، ایسا نہ کرو بلکہ والد کے ساتھ نیکی کرواور ان کے ساتھ حسن سلوک کرو ۔
میرے ایک دوست نے لکھا تھا ْ والدین کی خدمت گزاری اور اطاعت ایک قصہ ہے جسے بچوں نے آپ کو پڑھ کر سنانا ہے، جتنا اچھا تم یہ قصہ تحریر کرو گے اتنا ہی اچھا تمھیں سنتے ہوئے لگے گا ْ-

Dilpazir Ahmed
About the Author: Dilpazir Ahmed Read More Articles by Dilpazir Ahmed: 135 Articles with 169562 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.