اشک سحر گاہی

اللہ کا شکر ہے کہ ایک اور رمضان دیکھنا نصیب ہوگیا !یہ برکت والے دن ,عبادت اور نیکی میں آگے بڑھنے کے دن مل گئے _زندگی اتنی بے یقینی ہوگئ ہے کہ کب کیا ہوجاۓ ,کچھ کہا نہیں جاسکتا _

عین اس وقت ,جب امت مسلمہ رمضان المبارک کی تیاری میں اور چاند دیکھنے میں مصروف تھی ,فلسطین میں حشر بپا کردیا گیا ,شہری آبادی پہ ایسے بمباری کی گئ جیسے ہمارے یہاں آتشبازی کی جاتی ہے ,ان چھوٹے چھوٹے معصوم بچوں کے جسم دیکھے نہیں جاتے ! یہ بچے کس کے بچے ہیں ؟ یہ میرے ہیں ,یہ آپکے ہیں ,امت تو ایک جسم ہے نا ,پھر ہم ان سے لاتعلق کیسے رہ سکتے ہیں -عالمی قوانین کی رو سے شہری آبادی پہ بم یا میزائل برسانا جرم ہے ,لیکن
~ ہے جرم ضعیفی کی سزا مرگ مفاجات !
کے مصداق یہ امت اتنی کمزور ہوگئ ہے کہ عالمی قوانین کے پرخچے اڑادئیے جاتے ہیں ,لیکن کوئ پرسان حال نہیں ہے _فلسطین ,جہاں ہمارا قبلہ اول ہے ,وہاں کی عوام کو انکے اپنے گھروں سے بےدخل کردیا گیا ہے ,آۓ دن کسی نئے ظلم کی خبر آتی ہے ,کشمیر میں مسلمان اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں ,سید علی گیلانی شدید علیل ہیں ,یاسین ملک قیدو بند میں حضرت یوسف علیہ السلام کی سنت تازہ کررہے ہیں ,مصر میں عوام کی منتخب حکومت کو جیل میں ڈال دیا گیا اور پھانسیوں پہ چڑھایا گیا _بنگلہ دیش میں عوام میں مقبول جماعت اسلامی کو عدالتی طور پر قتل کیا جارہا ہے_چین میں دنیا کی سب سے بڑی خفیہ جیل مسلمانوں سے بھر دی گئ ہے _شام میں کئ سالوں تک جنگ کا ہنگامہ برپا کرکے وہاں کے خوبصورت شہروں کو کھنڈرات میں بدل دیا گیا-برما ,میانمار کے مسلمانوں کی داستانیں ناقابل بیان ہیں_میڈیا پہ انکی کوئ خبر نہیں آتی,ہمارے عوام کو روزی روٹی کے چکر میں پھنسا کے حالات کے چیلنجز سے بیگانہ کردیا گیا ہے _پاکستانی قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ ,امریکی جیل میں ہماری راہ تک رہی ہے !الہی ,میں ان حالات میں اپنے لئے کیا دعا مانگوں ؟ میرا ہر دکھ ,ہر پریشانی اپنی قوم کے دکھ کے سامنے کچھ بھی نہیں ,الہی ظلم کی رات کب تک رہے گی ,اس معصوم اور مظلوم امت کا تیرے سوا کوئ نہیں ,یا رب العالمین ! تو ہمارے لئے کافی ہو جا ,آمین !
#فکرونظر
#میری_امت
#GazaUnderAttack
#Humanity
#رمضان_حزین
تحریر :عصمت اسامہ