شہد ‘معجزاتی اثرات کا حامل

شہد اللہ تبارک تعالیٰ کی ایک ایسی عطا ہے کہ جس کے معجزاتی اثرات ہر کوئی تسلیم کرتا ہے۔ شہد کی مقبولیت‘ اہمیت اور اثرات کا نتیجہ ہے کہ یہ صدیوں سے متواتر استعمال کیا جارہا ہے ۔ترقی یافتہ ممالک میں اسے غذاکا درجہ حاصل ہے۔شہد کے بے شمار فوائد ہیں تاہم جدید طبی تحقیقات کے مطابق شہد جراثیم کش خصوصیات کا حامل ہے۔ اسے کھانے سے معدے میں موجود نقصان پہنچانے والے جراثیم ختم ہوتے ہیں۔شہد نہ صرف زخم کو جلد ٹھیک کرتا ہے بلکہ اگر جسم کا کوئی حصہ جل جائے تو شہد لگانے سے جلن کا احساس کم ہوجاتا ہے اور چھالے بھی نہیں بنتے۔

رات میں نیند نہ آئے تو پریشان مت ہوں بلکہ شہد کھائیں۔اس قدرتی غذا میں نیند لانے کی خاصیت ہوتی ہے۔شہد کی قدرتی شکر اور گلوکوزجسم کو توانائی دیتی ہے۔اس کے باقاعدگی سے استعمال سے جسم ہلکا پھلکا اور تروتازہ رہتا ہے۔شہد کھانسی پر قابو پانے کا موثر ذریعہ ہے ۔رات کو سونے سے قبل 2 چائے کے چمچے شہدکھائیں اس سے کھانسی میں آرام آجاتاہے۔

ایک طبی تحقیق کے مطابق 25 ملی لیٹر پانی کو 75 گرام قدرتی شہد کےساتھ ملا کر 15 روز تک استعمال کیا جائے تو اس سے صحت کیلئے نقصان دہ سمجھے جانے والے ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی سطح میں کمی آتی ہے جبکہ صحت کیلئے بہتر کولیسٹرول کی سطح بڑھتی ہے۔

شہد قدرتی موئسچرائزر بھی ہے کیونکہ اس میں شامل شوگر مالیکیول جلد میں پانی کو برقرار رکھتے ہیں۔ جلد کے کھردرے پن یا خرابی کی صورت میں چہرے پر شہد لگائیں‘اس سے نہ صرف جلد کا کھردرا پن دور ہوگا بلکہ رنگت صاف اور چمکدار ہوجائے گی۔

شہد کی جراثیم کش خوبیاں دانے کی سوجن کی روک تھام کرسکتی ہیں۔ شہد اور جائفل کی یکساں مقدار کو ملاکرمہاسوں پر 20منٹ تک لگا رہنے دیں ‘پھر دھولیں۔ تسلسل سے یہ عمل دہرانے سے کیل مہاسے ختم ہوجائیں گے۔

یہ جلد کی نمی بحال کرنے کیساتھ کیل مہاسوں اور بدبو کا باعث بننے والے جرثوموںکا خاتمہ کرتا ہے ۔اسے بطور باڈی واش استعمال کرنے کیلئے دو چائے کے چمچے شہد میں ایک چائے کا چمچہ زیتون کاتیل ملا کر استعمال کریں۔یہ سورج کی خطرناک شعاعوں سے جلد کی حفاظت کرتا ہے اور خشک اور بے رونق جلد کو تازہ دم کردیتا ہے۔

کیل مہاسے محض چہرے پر ہی نہیں بلکہ جسم کے دیگر حساس حصوں پہ بھی نکل آتے ہیں۔ ان سے بچنے کے لیے شہد کااستعمال بے انتہا مفید ہے۔ شہد جلد کے تباہ شدہ خلئے اوران میں موجود میل کچیل کو ختم کرکے جلد کو ترو تازہ کرتا ہے۔ شہد ایک زبردست جراثیم کش ہے جو جلد کوآلودگی سے محفوظ رکھ کر کیل مہاسوں سے بچاتا ہے ۔

روکھے اور بے رونق ہوجانے والے بالوں کیلئے شہد بہترین غذا اور علاج ہے۔ یہ خشکی دور کرکے بالوں کی نمی کو برقرار رکھتا ہے۔ اکثر بال دھونے کے بعد خشک ہوجاتے ہیں لیکن شہد کا استعمال انہیں نرم وملائم رکھتا ہے۔ شہد سے بالوں کا رنگ بھی زیادہ عرصے تک برقرار رہتا ہے۔ سفید اور گرتے بالوں کیلئے شہد کا استعمال مفید ہے۔ جو لوگ بالوں پر رنگ کرتے ہیں ان کیلئے شہد کا استعمال ضروری ہے۔ یہ نقصاندہ کیمیکل کا مقابلہ کرکے بالوں کو انکی اصل شکل میں برقرار رکھتا ہے۔شہد سے بال دھونا سر کی خشکی سے نجات دلا سکتا ہے۔ اس کیلئے شہد کو ہلکے سے گرم پانی میں ملاکر 5منٹ تک جڑوں کی مالش کریں۔یہ عمل خشکی سے نجات دلائے گا‘ شیمپو اور کنڈیشنر کا متبادل ہوگا اور بالوں کو لمبا کرےگا۔

چلتے چلتے آپ کو اصل شہد کی پہچان بتاتے چلیں ۔ شہد کو کسی بوتل میں یا ڈبے میں فریزر میں رکھ دیں ‘ اگر جم کر چینی کی شکل اختیار کرلے تو شہد اصلی ہے ورنہ نہیں۔اب پڑتال کیلئے اس جمی ہوئی شہد کی بوتل کو گرم پانی میں رکھ دیں ۔ خالص شہد اپنی اصلی حالت میں لوٹ آئے گا۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

شازیہ انوار
About the Author: شازیہ انوار Read More Articles by شازیہ انوار: 197 Articles with 287070 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.