خوبصورتی کیا ہے؟

ظاہری خوبصورتی کی بجائے باطنی خوبصورتی کو تلاش کریں کیونکہ اصل خوبصورتی یہی ہوتی ہے جو انسان کو خوبصورت بناتی ہے۔

کیا وہ گورا رنگ کہ جس کی سفیدی سے آنکھیں چندھیا جائیں؟ یا وہ حسین صورت کہ جس پر اتفاقاً نظر پڑ جائے تو ہٹائے نہ ہٹے؟

تو اس کا جواب ہے نہیں۔ یہ تو ظاہری تراش خراش ہے اور بنانے والے کی قدرت ہے کہ اس نے جسے جیسے چاہا تخلیق کر دیا۔

میری نظر میں خوبصورتی وہ لہجہ ہے جو سامع کو متاثر کرے، وہ بات ہے جس میں الفاظ اپنے سننے والے کو سحرزدہ کر دیں، وہ اخلاق ہے جو کسی کے دل میں خوشی جگائے اور وہ سوچ یا وہ خیال بھی خوبصورتی ہے جس میں کسی کا بھلا سوچا اور تصور کیا گیا ہو۔

دراصل میرے نزدیک خوبصورت ہونا 'خوب سیرت' ہونا ہے۔ ظاہری چمک دھمک دیکھنے والی آنکھ صورت ہی کا اچھا ہونا دیکھتی ہے لیکن اگر اس نظر کی بصارت سے آگے بڑھیں تو بصیرت رکھنے والی آنکھ بھی ہے جو اندر کی خوبصورتی کو تلاش کرتی ہے۔

ضروری نہیں کہ آپ خوبصورت تب ہی لگیں گے جب آپ دکھتے بھی اچھے ہوں گے۔ یقین مانیں ایسے حسین لوگ بھی دیکھے ہیں جن سے ایک بار ہم کلام ہوں تو پھر دوبارہ انکی صورت دیکھنے کا بھی دل نہیں چاہتا اور ایسے لوگ بھی ہیں جو معمولی شکل و صورت رکھتے ہیں مگر جب بات کرتے ہیں تو دل میں اتر جاتے ہیں۔

ایسا اس لئے ہے کہ انسان کے الفاظ، اسکا لہجہ، اسکا انداز، اسکا اخلاق اور اس کی سوچ ہی اسے خوبصورت بناتی ہے اور ان سب چیزوں کا اثر دیرپا ہوتا ہے ورنہ یہ وجود اور صورت تو خاک سے بنی ہے اور خاک میں مل کر خاک ہی ہو جانی ہے پھر شاید ہی صورت کسی کو یاد رہے مگر وہ تمام چیزیں ہمیشہ یاد رہتی ہیں۔

اس لئے اپنی سوچ کو خوبصورت بنائیں، اپنے الفاظوں کو سنواریں اور اپنا لہجہ اچھا کرلیں۔ آپ بےحد خوبصورت لگیں گے۔

Kanwal Ghulam Hussain
About the Author: Kanwal Ghulam Hussain Read More Articles by Kanwal Ghulam Hussain: 5 Articles with 11592 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.