مُرغی لاکھ بُرا چاہے تو کیا ہوتا ہے

پاکستانی شوبزنس کی جتنی بھی نامی گرامی مہیلائیں ہیں ان میں سب سے بلند مقام میرا کا ہے کیونکہ وہ اپنی لال گلابی عنابی انگریزی سے مخلوق خدا کو خوب محفوظ ہونے کا موقع دیتی ہیں جو یقیناً بڑے ثواب کا کام ہے ۔ ان کی ایک اور خوبی جو انہیں باقیوں سے ممتاز کرتی ہے وہ یہ کہ کسی انٹرویو یا ٹاک شو میں جو سوال ان سے پوچھا جائے تو یہ کبھی اس کا جواب نہیں دیتیں بلکہ بات کو ایسا گھما پھرا دیتی ہیں کہ سب سامنے والے بھی گھوم کر رہ جاتے ہیں ۔ مثلاً ابھی گذشتہ رمضان ٹرانسمیشن میں ان سےپوچھا گیا کہ پہلا روزہ کس عمر میں رکھا تھا تو سیدھے سیدھے جواب دینے کی بجائے انہوں نے اپنا حسب نسب گنوانا شروع کر دیا کہ میرا تعلق ایک بہت مذہبی اور سید گھرانے سے ہے جس میں نماز کی سخت پابندی تھی وغیرہ وغیرہ اور یہ کہ ستائیسویں شب میں انہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم " ابا جی " کی کامیابی کے لئے اللہ سے بہت دعا کی ۔

ارے ہاں یاد آیا یہ ابھی کوئی مہینہ ڈیڑھ پہلے ہی کی تو بات ہے کہ مہوش حیات کو تمغہء امتیاز عطا کئے جانے والے سانحے کے باعث قوم کو لگنے والے زخم ابھی بھرے بھی نہ تھے کہ ان پر مزید نمک چھڑکنے کا موسم قریب آن پہنچا اور سوشل میڈیائی خلقت نے دہائی ڈال دی کہ رمضان ٹرانسمیشن کے پروگراموں میں شوبز نابکاروں کو لگام ڈالی جائے یہ کون ہوتے ہیں ہمیں دین سکھانے والے؟ بات تو سچ ہے مگر بات ہے حلوائی کی مارننگ شوز میں کئی کئی بار کی مطلقائیں لوگوں کو گھر بسانے کے طریقے سمجھا رہی ہوتی ہیں اور رمضان ٹرانسمیشن میں مراثنیں بڑی نیک پروینیں بن کر اللہ اللہ کر رہی ہوتی ہیں ان کی کیا اوقات کہ یہ اللہ کا نام لیں ۔ حالانکہ یہی تو مہینہ ہوتا ہے جس میں سال کے گیارہ مہینے لباس کی قلت اور دوپٹے سے محرومی کا شکار رہنے والی بیچاری غریب شوبز مہیلاؤں کو پورے کپڑے پہننے اور سر ڈھکنے کا موقع نصیب ہوتا ہے مگر شوشل میڈیائی دودھ کے دھلوں نے واویلا مچا دیا اور بہت سے جل ککڑوں نے چن چن کر ان کی ایسی ویسی تصویریں پوسٹ کیں ان کے نااہل ہونے کے ثبوت میں ۔ مگر مرغی لاکھ برا چاہے تو کیا ہوتا ہے وہی ہوتا ہے جو منظور خدا ہوتا ہے رمضان ٹرانسمیشن کے پروگرام شوبز سٹارز نے ہی ہوسٹ کئے کسی نے ان کا بائیکاٹ نہیں کیا باتیں سب کرتے ہیں دیکھنا کوئی نہیں بند کرتا ۔ ورنہ تو چند ماہ قبل پچاس سال کے عامر لیاقت نے پچیس سالہ طوبیٰ سے شادی کر لی تو کئی ایک کی شدت غم سے حالت غیر ہو گئی تھی اور وہ ایکدوسرے سے زہر مانگتے پھر رہے تھے ۔ پھر جلنے والوں کی ایک نہ چلی عامر لیاقت نے اپنی نئی نکی جئی بیگم کے ساتھ رمضان شو ہوسٹ کئے ۔ وینا ملک نے بھی سینے پر مونگ دلی انہوں نے تو خود کو تمغہء جرأت کا حقدار ثابت کر دیا ہے یہ کسی سے کوئی کم ہیں کیا (رعنا تبسم پاشا)

 

Rana Tabassum Pasha(Daur)
About the Author: Rana Tabassum Pasha(Daur) Read More Articles by Rana Tabassum Pasha(Daur): 225 Articles with 1690462 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.