مرد مجاہد

تحریر: محمد ارسلان رحمانی
ایک مرتبہ حضرت جعفر طیارؓ ایک قلعہ کو فتح کرنے کے لیے تنہا اس قوت سے حملہ آور ہوئے کہ معلوم ہوتا تھا گویا وہ قلعہ ان کے گھوڑے کے تالو کے سامنے ایک کھونٹ کے برابر ہے۔ یہاں تک کہ قلعے والوں نے خوف سے قلعہ کا دروازہ بند کرلیا اور کسی کی تاب نہ ہوئی کہ مقابلہ کے لیے ان کے سامنے آئے۔ بادشاہ نے وزیر سے مشورہ کیا کہ اس وقت کیا تدبیر کرنی چاہیے۔ وزیر نے کہا کہ، ’’تدبیر صرف یہی ہے کے آپ جنگ کے تمام منصوبوں اور ارادوں کو ختم کرکے اس باہمت شخص کے سامنے تلوار اور کفن لے کر حاضر ہوجائیے اور ہتھیار ڈال دیجیے‘‘۔

بادشاہ نے کہا، ’’آخر وہ تنہا ایک شخص ہی تو ہے ، پھر ایسی رائے مجھے کیوں دی جاتی ہے؟‘‘ وزیر نے کہا کہ، ’’آپ اس شخص کی تنہائی کو بے وقعتی کی نگاہ سے نہ دیکھیے، ذرا آنکھیں کھولیے اور قلعہ کو دیکھیے کہ سیماب (پارہ) کی طرح لرزاں اور کانپ رہا ھے اور اہل قلعہ کو دیکھیے کہ بھیڑوں کی طرح گردنیں نیچی کیے، سہمے ہوئے ہیں۔ یہ شخص اگرچے تنہا ہے لیکن اس کے سینے میں جو دل ہے وہ عام انسانوں جیسا نہیں ہے۔ اس کی عالی ہمتی دیکھیے کے اتنی بڑی مسلح اکثریت کے سامنے تنہا ننگی تلوار لیے کس ثابت قدمی اور فاتحانہ انداز میں اعلان جنگ کررہا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مشرق و مغرب کی تمام فوجیں اس کے ساتھ ہیں، وہ تنہا بمنزلہ لاکھوں انسانوں کے ہے۔ کیا آپ نہیں دیکھتے کہ قلعے سے جو سپاہی بھی اس کے مقابلہ کے لیے بھیجا جاتا ہے وہ مقتول ہوکر اس کے گھوڑے کی ٹاپ کے نیچے پڑا نظر آتا ہے۔

جب میں نے ایسی عظیم الشان انفرادیت دیکھ لی تو پھر اے بادشاہ! آپ کی اس اکثریت سے کچھ بھی نہ بن پائے گا۔ آپ کثرت عدد کا اعتبار نہ کریں، اصل چیز جمعیت قلب ہے اور یہ قوت اس شخص کے قلب میں بے پناہ اور بہت زیادہ موجود ہے۔ یہ نعمت اس وقت حاصل ہوتی ہے جب اﷲ تعالی کے راستے میں اپنے نفس کے گناہوں والی خواہشات کو کچلنے کے بعد اﷲ تعالی کا محبت و عظمت بھرا تعلق حاصل ہوجاتا ہے۔ اس نعمت کو تم حالت کفر میں ہرگز حاصل نہیں کرسکتے، لہذا تمھارے لیے اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ اس جانباز مرد مومن کے سامنے ہتھیار ڈال دو اور قلعے کا دروازہ کھول دو کیوں کہ یہ اکثریت بالکل بے کار ہے‘‘۔

یہ شان ہے مسلمان کی اور یہ عظمت ہے کہ اﷲ کی راہ میں جہاد کرنے والوں کی کے کفر پر لرزہ طاری کیے رکھتے ہیں۔ ان کا سہارا ان کے ہتھیار نہیں بلکہ ان کا ایمان اور اﷲ پریقین کامل ہوا کرتا ہے۔ یہی وہ ایمان والے تھے جو تین سو تیرہ ہوکر بھی غالب رہے۔ جنہوں نے قیصر و کسری فتح کیا، جنہوں نے جذبہ ایمانی کی بدولت ہر محاذ پر کفر کا ڈٹ کر سامنا کیا۔ ایسے ہی جانباز مومنین کے لیے اقبال نے کہا ہے،
کافر ہو تو شمشیر پر کرتا ہے بھروسہ
مومن ہو تو بے تیغ بھی لڑتا ہے سپاہی

 

Maryam Arif
About the Author: Maryam Arif Read More Articles by Maryam Arif: 1317 Articles with 1141729 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.