زاویہ ذوق-

مظہر کلیم ایم اے صاحب کی یاد میں

جہاں دیگر بے شمار احسانات کے ساتھ ساتھ بچپن ہی سے کتب بینی کے شوق کا جاگ لگانے پر میں اپنے والد محترم اور والدہ محترمہ کا دل سے انتہائی شکرگزاررہا ہوں وہیں اس شوق کو بڑھاوہ دینے میں سسپنس ڈائجسٹ، جاسوسی ڈائجسٹ اور عمران سیریز کا دل سے معترف ہوں۔ جب بات ہو عمران سیریز کی تو پھر اسکے مصنف مظہر کلیم ایم اے صاحب کے لئے ہمیشہ دل سے دعائیں ہی نکلتی ہیں۔ مظہر کلیم صاحب کی عمران سیریز نے بچپن و نوجوانی کے ایام سے ہی اپنی سحر انگیز تحریروں کے جال میں جکڑ لیا اور خصوصاً دین و ملک کی محبت کو ہمارا محور و مقصد بنا دیا۔اسلئے میں ہمیشہ انہیں اپنا استاد کہتا اور سمجھتا ہوں۔انکی سسپنس، جدت، نت نئی سائنسی اصلاحات و ایجادات، با مقصد ایکشن، مزاح اور خصوصاً محب وطنی کے خمیر میں گندھی تحریروں نےجہاں دل و دماغ کو روشن کیا ،سوچ و عمل کے نئے نئے در وا کئے وہیں برے سے برے حالات میں سے مثبت پہلو کو ڈھونڈنا اور معاشرے کا مدد گار و معاون بنتے ہوئے جیت حاصل کرنے کو اپنا وصف حیات بنانے میں اہم کردار ادا کیا ۔بچپن کے ہیرو علی عمران اسکے ساتھی کیپٹن شکیل، خاور، طاہر، جولیا، جوزف، جوانا، سلیمان، سر رحمان سر سلطان اور دیگر سے زندگی کے بے شمار رنگ حاصل کرکے اپنی شخصیت کے تاریک پہلووں کو منور و مزین کرنے میں ہم ہر وقت اپنے استاد مظہر کلیم ایم اےصاحب کے مشکور و ممنون رہیں گے۔ رب محمد اپنے حبیب پاک کے صدقے مظہر کلیم صاحب کے درجات بلند کرے اور اپنے پیاروں کا خصوصی ساتھ نصیب کرے آمین۔

 

Sarfaraz Zouq
About the Author: Sarfaraz Zouq Read More Articles by Sarfaraz Zouq: 5 Articles with 2929 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.