سوشل میڈیا پر ایسے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ کشمیر سے تعلق
رکھنے والی اداکارہ زائرہ وسیم ایک بار پھر فلمی دنیا میں واپس لوٹ رہی
ہیں۔
|
|
زائرہ وسیم نے 15 برس کی عمر میں فلم ’دنگل‘ سے اپنے کریئر کا آغاز کیا اور
عمدہ اداکاری دکھانے پر انھیں بہترین معاون اداکارہ کے نیشنل فلم ایوارڈ سے
نوازا گیا تھا۔
سوشل میڈیا پر کیے جانے والے دعوؤں کے مطابق مستقبل قریب میں وہ اپنی نئی
فلم 'دی سکائی از پنک' میں جلوہ افروز ہوں گی۔
زائرہ وسیم نے چند ماہ قبل یہ کہہ کر فلمی دنیا کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا
کہ اس پیشے کی وجہ سےان کا 'دین کے ساتھ رشتہ خطرے میں پڑ رہا ہے۔'
فلم ساز رونی سکریو والا اور سدھارت رائے کپور نے حال ہی اپنی نئی فلم ’دی
سکائی از پنک‘ کے پوسٹر جاری کیے ہیں۔
فلم پوسٹر میں زائرہ وسیم کو اداکارہ پرینکا چوپڑا، فرحان اختر اور روہت
صراف کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
|
|
اس فلمی پوسٹر کے علاوہ پرینکا چوپڑا نے ٹوئٹر پر ایک فوٹو شیئر کی جسے
زائرہ وسیم کی فلمی دنیا میں واپسی کی شہادت کے طور سوشل میڈیا پر شیئر کیا
جا رہا ہے۔
پچھلے چند دن میں زائرہ وسیم کی فلم میں واپسی اور ان کے مذہب کے بارے میں
سوشل میڈیا پر کافی لمبی بحث جاری رہی ہے۔
کئی لوگوں نے سوشل میڈیا پر ایسے دعوے بھی کیے کہ زائرہ وسیم نے حال ہی میں
فلم کی پروموشن کی ایک تقریب میں بھی شرکت کی ہے۔
بی بی سی کی فیکٹ چیک ٹیم کی تحقیق میں سامنے آیا ہے کہ زائرہ وسیم کی فلمی
دنیا میں واپسی کے حوالے سے دعوے غلط ہیں اور جن تصاویر کی بنیاد پر یہ
دعوے کیے جا رہے ہیں وہ پرانی تصاویر ہیں۔
’زائرہ فلم پروموشن کی تقریب میں شریک نہیں تھیں‘
ہدایتکار شونالی بوس کی ’فلم دی سکائی از پنک‘ کی تشہر ' ٹری شل‘ نامی
کمپنی کر رہی ہے۔
اس کمپنی نے فلم سازوں سے مشاورت کے بعد بی بی سی کو بتایا کہ زائرہ وسیم
نے فلم کی پروموشن کی کسی تقریب میں شرکت نہیں کی ہے۔
|
|
کمپنی کے مطابق اس فلم کی شوٹنگ مارچ اور اپریل 2019 میں ختم ہو گئی تھی جب
زائرہ وسیم نے فلمی دنیا کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد فلم ٹیم کا
زائرہ وسیم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔
کمپنی نے یکم جولائی کو جاری ہونے والی اس پریس ریلیز کا بھی حوالہ دیا جس
میں کہا گیا تھا کہ 'زائرہ وسیم ایک عمدہ اداکارہ ہیں جو ہماری فلم ’دی
سکائی از پنک‘ میں عائشہ چوہدری کےکردار میں نظر آئیں گی۔'
پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ' فلم کو پچھلے ماہ مکمل کر لیا گیا ہے جس
میں زائرہ وسیم نے انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں کام کیا۔ اب انھوں نے جو
فیصلہ کیا ہے (فلمی دنیا چھوڑنے کا) یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے اور ہم اس کی
قدر کرتے ہیں۔ ہم ان کی ہر انداز میں حمایت کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔‘
وائرل تصاویر کی حقیقت
زائرہ وسیم کی پرینکا چوپڑا، فرحان اختر اور روہت صراف کے ساتھ جس تصویر کو
سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے وہ فروری 2019 کی ہے۔
فرحان اختر کی ٹیم اور فلم ساز کمپنی نے بی بی سی کو اس کی تصدیق کی ہے۔
زائرہ وسیم کی آخری سوشل میڈیا پوسٹ؟
|
|
زائرہ وسیم نے آخری ٹویٹ پانچ اگست 2019 کو کی تھی۔ وہ دن جب انڈین حکومت
نے کشمیر سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔
زائرہ وسیم نے یکم جولائی کے بعد سے فیس بک پر کچھ پوسٹ نہیں کیا ہے۔
اپنی آخری پوسٹ میں زائرہ وسیم نے لکھا تھا کہ وہ کسی ایسی پوسٹ پر یقین
نہیں کرتیں کہ ان کا فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہو گیا ہے۔
تیس جون کو فیس بک پر ایک لمبی پوسٹ میں زائرہ وسیم نے لکھا تھا کہ وہ بالی
وڈ کو خیرباد کہہ رہی ہیں کیونکہ ان کا 'دین کےساتھ رشتہ خطرے میں پڑ رہا
تھا۔'
|