کپتان کی جدوجہد‎

میں مانتا ہوں کہ عمران خان نے پاؤں پر کلہاڑی نہیں بلکہ کلہاڑی پر پاؤں مار لیا ہے. میں جانتا ہوں کہ سیاسی بصیرت کے حوالے سے عمران نے غلطی پر غلطی کی ہے. مجھے اعتراف ہے کہ میرے نزدیک وہ پہلے مہنگائی ختم کریں پھر کسی انقلاب کی بات کریں. لیکن اس سب کے باوجود مجھے بھی ان سیاسی احمقوں میں شامل رکھیں جو آج بھی عمران خان کو بطور وزیر اعظم ایک سال مزید دینا چاہتے ہیں. مجھے خان جیسا سیاسی بیوقوف قبول ہے مگر وطن فروش نہیں. مجھے سیاسی پینتروں کا ماہر نہیں چاہیئے بلکہ مخلص و دیانتدار قیادت میرا تقاضا ہے.

عمران کے ساتھ اور اردگرد اس وقت یقیناً بہت سے گندے انڈے موجود ہیں مگر عمران ہمیشہ سے ایک ڈکٹیٹر رہا ہے. اسے اسکی سوچ اور نظریہ چلاتا ہے. میرے نزدیک اس ملک کو ایک ڈکٹیٹر ہی چاہیئے. جمہوریت پڑھے لکھے معاشروں میں پھلتی پھولتی ہے ، ہمارے جیسے جاہل اور دیمک زدہ معاشروں میں وہ بدترین آمریت ثابت ہوتی ہے. جب تک اس قوم کی خاطر خواہ تربیت نہیں ہو جاتی تب تک اسے ایک مخلص ڈکٹیٹر کی ضرورت رہے گی. مجھے اعتماد ہے کہ عمران کے ساتھ جو بھی کرپٹ شامل ہے وہ کبھی ویسے کھل کر کرپشن نہیں کر پائے گا جیسے ہماری دیگر نمائندہ سیاسی جماعتوں میں اپنا حق سمجھ کر کر پاتا.

عمران کو سمجھنا پہلےکرکٹ میں بھی مشکل تھا اور آج بھی مشکل ہے. آپ اسے خر کہیں یا درویش. مگر آج بھی جدید ذہن والے اسے طالبان خان کہہ کر تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور شلوار داڑھی والے اسے ناچ گانے والا زانی کہہ کر طعنے مارتے ہیں. خان کو اسکی فکر نہیں ہوتی کہ کوئی کیا کہتا ہے ؟ وہ بس اپنی دھن کا پکا ہے. جب تعلیم حاصل کی تو آکسفورڈ جیسی یونیورسٹی میں جاپہنچا، جب مغربی چمک دھمک اپنائی تو پوری دنیا کے اخباروں میں شہہ سرخی بنارہا، کرکٹ کھیلی تو اس کھیل کا اونچا ترین لیجنڈ مانا گیا، نمائندگی کی تو کبھی یونائیٹڈ نیشن کا سفیر بنایا گیا تو کبھی یونیورسٹی آف بریڈفور کا چانسلر قرار پایا، فلاحی کام کئے تو پاکستان کا پہلا کینسر ہسپتال بنا ڈالا، تعلیم پھیلانا چاہی تو نمل یونیورسٹی بنادی، سیاست میں آیا تو الیکشن کے نتیجے میں پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ بن چکا. اس تمام سفر کی روداد کو پڑھ لیں ، اسے ہمیشہ مجھ جیسوں نے تنقید کا نشانہ بنا کر ہنسی ہی اڑائ ہے. آج بھی وہی کر رہے ہیں. مگر عجب نہیں کہ جلد یا دیر سے خان وہ حاصل کرلے جو اس نے سوچ رکھا ہے. جو یہ سمجھتا ہے کہ عمران شہرت چاہتا ہے تو وہ جان لے کہ جو شہرت عمران کو دنیا بھر میں حاصل ہے اسکا عشر عشیر بھی نواز کے پاس نہیں ہے، جو یہ مانتا ہے کہ وہ اس سب سے پیسہ چاہتا ہے تو وہ جان لے کہ عمران کو پیسے کی نہ پہلے کبھی کمی تھی اور وہ یہ ٹھان چکا ہے ! وہ یہ ٹھان چکا ہے !کہ اب مزید بدعنوانی نہیں کرنے دونگا-

اضافی نوٹ۔

یہ ممی ڈیڈی بچے یہ انقلابی بیوقوف ، ان عقلمند تجزیہ کاروں سے کہیں بلند ہیں. میرا دل اور دماغ دونوں اس وقت عمران کے ساتھ دینے کو کررہا ہے .. گو کے مجھے اندازہ ہے کہ اسے ایک دنیا گالیاں دے رہی ہے ، بیوقوف ضدی بچہ کہہ رہی ہے .. وہ اس نظام کو ٹکریں مار رہا ہے ، وہ ایک بڑی جماعت کھڑی کرنے میں کامیاب ہوچکا ہے. اسے نظر آرہا ہے کہ اگر اسی نام نہاد لنگڑی لولی جمعوریت پر چلتا رہا تو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگا یہ ایک نورا کشتی ہے جو سالہا سال سے اس ملک میں جاری ہے، جہاں مقابلہ ہوتا نہیں بلکہ عوام کو دکھایا جاتا ہے. کچھ بھی کہتے رہیں مخالفین .. حقیقت یہ ہے کہ لڑکا کھیل ہی کھیل میں سب سے بڑی جماعت کا سربراہ بن چکا اور آج کرپشن کرنے والوں کے سر پر خطرہ بنا کھڑا ہے. حقیقت یہ ہے کہ زرداری سے لے کر نواز شریف تک، جنگ گروپ سے لے کر افتخار چوہدری تک اور انڈیا سے لے کر امریکہ بہادر تک سب اس کے خلاف کھڑے ہیں. اگر کوئی سمجھتا ہے کہ عمران اتنا بیوقوف ہے کہ اسے یہ نہیں اندازہ کہ اس نے ایک دشمنوں کی فوج کھڑی کرلی ہے تو اسکی عقل کو میرا سلام ہے. آج اگر عمران خالی ہاتھ بھی واپس جاتا ہے تب بھی وہ ایک بہت بڑا مقصد حاصل کر چکا اور وہ یہ کہ اب دنیا خوب آگاہ ہے کہ اسے انصاف کرنا ہوگا ، وہ اپنے ماضی کی طرح معاملات کو گھسیٹ نہیں سکتی. اب ایک ایسی جنونی شخص کی نظر اس پر ہے جو کسی طرح کے مک مکا سے نہیں مانتی.

 

Syed Haseeb Shah
About the Author: Syed Haseeb Shah Read More Articles by Syed Haseeb Shah: 53 Articles with 39522 views I am Student i-com part2.. View More