صدقے کے طور پر کیۓ جانے والے ایسے اعمال جن کے اجر کا
وعدہ اللہ تعالیٰ نے بہت بڑا فرمایا ہے
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے ۔یہ صرف چند عبادتوں کا نام نہیں ہے بلکہ
اسلام قبول کرنے کا مطلب دین میں پوری طرح داخل ہو جانے کا نام ہے ۔ انسان
کا اٹھنا بیٹھنا بولنا چالنا غرض ہر ہر عمل کے متعلق نہ صرف اللہ تعالیٰ نے
پوری رہنمائی فرمائی ہے بلکہ اس کے اجر سے بھی آگاہ کیا ہے ۔
ایسے ہی اعمال میں سے صدقہ بھی ایک ایسا ہی عمل ہے جس کا اجر اللہ تعالیٰ
نے بہت بڑا عطا کرنے کا وعدہ فرمایا ہے مگر عام طور پر لوگ یہ خیال کرتے
ہیں کہ صدقہ بڑی رقم کی صورت یا جانور ذبح کر کے ہی دیا جا سکتا ہے مگر یہ
غلط فہمی ہے ۔ کچھ ایسے چھوٹے چھوٹے اعمال بھی ہیں جن کو ہم اپنی روزمرہ
زندگی کا حصہ بنا کر صدقہ کا ثواب حاصل کر سکتے ہیں ان میں سے کچھ اعمال ہم
آپ کو آج بتائيں گے-
پرندوں کے لیۓ دانہ پانی ڈالنا
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا"ہر جاندار کے ساتھ نیکی کرنے کا
ثواب ملتا ہے "صحیح بخاری 5: 2238
ہمارے پیارے نبی نے واضح طور پر فرمایا کہ بے زبانوں کے ساتھ کی جانے والی
نیکی بھی اللہ تعالی کی بارگاہ میں قبولیت پاتی ہے اور بڑے اجر کا سبب بنتی
ہے
درخت لگانا
حضرت انس بن مالک سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
ہے کہ "جو مسلمان بھی کوئی پھل دار درخت لگاتا ہے یا کھیتی باڑی کرتا ہے
پھر اس میں سے پرندے ،انسان اور مویشی کھاتے ہیں تو وہ اس کی طرف سے صدقہ
لکھا جاتاا ہے "صحیح بخاری 2: 817
نمازیوں کی سہولت کے لیۓ مسجد میں پیسے
دینا
مسجد کو دین اسلام میں خصوصی اہمیت حاصل ہے اس کو اللہ کا گھر بھی کہا گیا
ہے نمازیوں کی سہولت کے لیۓ یہاں پر پانی کا انتظام کرنا اور دیگر سہولیات
فراہم کرنے کے لیۓ پیسہ دینا صدقہ نافلہ کے زمرے میں آتا ہے اور اللہ تعالیٰ
اس کے اجر سے بھی انسان کو محروم نہیں کرتا ہے-
مسکرا کر بات کرنا
فرمان رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے کہ" اپنے بھائی سے مسکرا کر بات کرنا بھی
صدقہ ہے "ترمذی شریف
اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ اچھے اخلاق کا مظاہرہ اس نیت سے کرنا کہ اس
سے مسلمان بھائی کی خوشی مطلوب ہو صدقہ ہے اور بڑے ثواب کا سبب ہے -
اپنے گھر والوں پر خوش دلی سے خرچ کرنا
حدیث شریف میں ہے کہ "اپنے گھر والوں اپنے عزیز و اقارب پر اپنا مال خرچ
کرنا بھی صدقہ ہے "نسائی
اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ایک جانب تو اپنا مال اپنے قریبی رشتے داروں پر
خرچ کرنے سے ان کی محبت حاصل ہوتی ہے تو دوسری جانب اس سے صدقے کا ثواب بھی
حاصل ہوتا ہے
علم سکھانا
اسلام میں علم کے حصول پر بہت زور دیا گیا ہے اور اس کی اشاعت و ترویج کو
باعث ثواب قرار دیا گیا ہے ابن ماجہ میں فرمان رسول ہے کہ " علم پھیلانا
بھی صدقہ ہے " -
راستے سے پتھر اور رکاوٹ ہٹانا
ہمارا دین رحمتوں کا دین ہے اس کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ راہ چلتے کسی
رکاوٹ یا پتھر کو ہٹانا یا کسی راہ سے کانٹے ہٹا دینا بھی باعث ثواب ہے
صحیح مسلم میڑ روایت ہے کہ ہمارے پیارے نبی نے فرمایا کہ :راستے سے پتھر ،کانٹا
یا ہڈی ہٹانا صدقہ ہے "
پانی پلانا
پیاسے کو پانی پلانا بہت زیادہ ثواب کا سبب ہے اور حدیث کے مطابق پیاسے کو
پانی پلانا صدقہ ہے اور اس کا اجر اللہ تعالی خود عنایت فرمائیں گے -
یہ تمام اعمال بظاہر بہت چھوٹے چھوٹے ہیں مگر ان کو صدقہ قرار دیۓ جانے کا
مطلب یہ ہے کہ ان کا ثواب اللہ تعالی اپنی بارگاہ سے عطا فرماۓ گا ۔
|