پاکستان۔آسٹریلیا لٹریری فورم(پالف) کے علمی، ادبی اور ثقافتی مجلے ”سنجوگ“[PAK-AUS COONECT]کی تقریب ِ رونمائی

پاکستان۔آسٹریلیا لٹریری فورم(پالف) انکارپوریٹڈ کے علمی، ادبی اور ثقافتی مجلے ”سنجوگ“[PAK-AUS COONECT]کی تقریب ِ رونمائی

پاکستان۔آسٹریلیا لٹریری فورم(پالف) انکارپوریٹڈ کے زیرِ اہتمام علامہ اقبال کے ایک سو بیالیسویں یومِ پیدائش کے موقع پر9 نومبر کو آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں ایک رنگا نگ تقریب کا اہتمام کیا گیا اور اس موقع پر پالف کے علمی، ادبی اور ثقافتی مجلے ”سنجوگ“[PAK-AUS COONECT]کی تقریب ِ رونمائی بھی منعقد کی گئی۔مائیکل کوکسن(Michael COXON)مئیر سٹی آف ویسٹ ٹارنز اس موقع پر مہمان خصوصی نے صدر پالف افضل رضوی اور دیگر مہمانانِ گرامی کے ہمراہ ”سنجوگ“[PAK-AUS COONECT]کی رونمائی کی۔ مہمانِ خصوصی کو مجلے کی کاپی بھی پیش کی گئی۔یہ مجلہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں نکالا گیا ہے۔ اس موقع پر صدر پالف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آپ سب خواتین وحضرات سے کیا ہوا اپنا ایک اور وعدہ پورا کر دیا کیونکہ ہم وعدہ برائے وعدہ نہیں کرتے بلکہ عمل پر یقین رکھتے ہیں اور ہماری یہ کاوشیں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ ہماری ڈائریکشن درست ہے نیز ہم اپنی کمیونٹی کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔ مجلے کی مدیر(راقم الحروف)نے مجلے کی اشاعت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ”سنجوگ“ [AUSPAK CONNECT]دو تہذیبوں، دو زبانوں اور بہت سے انسانوں کے ملاپ کا نام ہے اسی لیے اس کی ترتیب و تدوین میں اس بات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا ہے کہ اردو اور انگلش ہر دو زبانوں کو مساوی اہمیت دی جائے۔اسی طرح شعر و نثر میں بھی توازن کو برقرار رکھا گیا ہے۔”سنجوگ“ کا پہلا شمارہ گزشتہ منعقد ہونے والے ”کل آسٹریلیا اردومشاعرے“ کے موقع پر نکالا گیا تھا جس میں ”کثیر الثقافتی آسٹریلیا میں پاکستا نی آسٹریلین نوجوانوں کا کردار“ کے موضوع پر منعقدہ مضمون نویسی کے مقابلے میں موصولہ مضامین میں سے بہترین مضامین کو شائع کیاگیا تھا علاوہ ازیں دیگر ثقافتی سرگرمیاں بھی اس کا حصہ تھیں۔

آج9 نومبر کو ”یومِ اقبال“ کے موقع پرشاعر ِ مشرق کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے مشاعرے کا اہتمام کیا گیا ہے اور اس موقع پر نکالا جانے والا یہ شمارہ شعراء کرام کے نام ہے جو شعر و سخن سے قومی خدمت کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں۔ کسی بھی زبان کو زندہ رکھنے کے لیے اس زبان کی نثر اور شاعری بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔لہٰذا ہم ان تمام ادیبوں اور شاعروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنی مصروف ترین زندگی سے کچھ وقت نکال کر اس میٹھی زبان کی ترویج میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں۔

اس مجلے کو یاد گار بنانے کے لیے اس میں ان تمام شعرا ء کا مختصر تعارف اور نمونہ کلام شامل کیا گیا ہے، جو دوسری ریاستوں اور پاکستان سے اس مشاعرے میں شرکت کے لیے آئے ہیں۔پالف کی انتظامیہ انہیں خوش آمدید کہتی ہے اور ان کی تشریف آوری پر ان کی شکر گزار بھی ہے۔

زبان اور کلچر کے فروغ کے لیے ہمارا کارواں رواں دواں ہے اور ستائش وصلہ کی پروا کیے بغیر نہ صرف ادبی خدمات میں مصروفِ کار ہے بلکہ بہترین سوشل پلیٹ فارم بھی مہیا کر رہا ہے۔

پالف نئے لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی اور منجھے ہوئے لکھاریوں کی عزت افزائی میں پیش پیش ہے۔اس سال مارچ 2019ء سے اب تک پالف کے زیرِ اہتمام پانچ تقاریب منعقد ہوئی ہیں۔سب سے پہلا پروگرام 23مارچ کو ”یومِ پاکستان“ کے موقع پرکراسٹ چرچ کے شہدا کی یاد میں منعقد کیا گیا۔ جون میں سالانہ جنرل میٹنگ اور عید ڈنر کا اہتمام کیا گیا پھر 14/اگست کو یومِ آزادی ئ پاکستان کو منانے کا اہتمام ہوا۔بعد ازاں 29/ ستمبر کو طارق محمود مرزا کے سفر نامے”دنیا رنگ رنگیلی“ اور ایس۔ایم۔ ناصر علی کے مجموعہ مضامین”بہ زبانِ قلم“ کی تقریبِ پذیرائی فلنڈرز یونیورسٹی میں منعقد کی گئی اور پانچویں تقریب یہ مشاعرہ ہے جس میں آپ خواتین و حضرات شریک ہیں۔

پالف ایک غیر مذہبی، غیر سیاسی اور نان پرافٹ تنظیم ہے جو اردو زبان و ادب اورمشرقی ثقافت کو زندہ رکھنے کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور اپنے تمام اخراجات اپنی مدد آپ کے تحت برادشت کررہی ہے۔اس لیے ہماری آپ سے التماس ہے کہ نئی نسل کو اپنی زبان اور ثقافت سے جڑے رہنے کے لیے ہمارا ساتھ دیجیے۔
امید ہے ہماری یہ کاوش آ پ کو پسند آئے گی اور آپ ہماری مزید حوصلہ افزائی کریں گے تاکہ ہم اپنی نسلِ نو کو اردو زبان و ادب اور مشرقی ثقافت سے وابستہ رکھنے کی اپنی کوششیں جاری رکھ سکیں۔

پالف کی سیکریٹری فائنانس مسز فوزیہ جیلانی نے کہا کہ پالف انتظامیہ نے اس کے قیام کے ساتھ ہی اس بات کا عہد کر لیا تھا کہ وہ وطن ِ عزیز پاکستان سے ہزاروں میل دور بسنے والے اپنے ہم وطنوں کو جہاں پاکستانی ادب و ثقافت سے مانوس رکھیں گے وہیں اس ملک میں اپنی پلنے بڑھنے والی نسلِ نو کوبھی قومی زبان اردو سے بہرہ مند کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ہم بڑے فخر کے ساتھ اس بات کا اعلان کر سکتے ہیں کہ ہم اپنے اس مقصد میں کامیابی کی طرف گامزن ہیں لیکن یہ کامیابی آپ کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل پالف عاطف مجید ملک نے کہا کہ ہم نے آج”سنجوگ“ کا دوسرا شمارہ شائع کرکے کامیابی کی طرف ایک اور قدم بڑھا دیا ہے۔ بعد ازاں صدر پالف افضل رضوی اورمہمانِ خصوصی مائیکل کوکسن کے ہمراہ راقم الحروف، مسزفوزیہ جیلانی،خولہ سید،یونس طاہر، اشرف شاد، عاطف مجید، مصدق لاکھانی، اشرف شاد، سید محمد ناصر علی، ڈاکٹر جیلانی، ڈاکٹر مفضل، ذکی خان اور ارشد درانی نے ”سنجوگ“ کی رونمائی میں حصہ لیا۔


 

Syeda F GILANI
About the Author: Syeda F GILANI Read More Articles by Syeda F GILANI: 38 Articles with 63227 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.