انگلینڈ : الیکشن میں کتنے برٹش پاکستانی حصہ لے رہے ہیں؟

image


پاکستانی شہری یا پاکستانی تارکین ِ وطن اپنی صلاحیتوں سے دیارِ غیر میں وطنِ عزیز کا نام روشن کرتے رہتے ہیں۔ بالخصوص انگلینڈ کے پاکستان نژاد شہری تو اس معاملے میں اس لحاظ سے آگے ہیں کہ وہ مقامی سیاست میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں اور نہ صرف یہ کہ حصہ لیتے ہیں بلکہ ان میں خاطر خواہ کامیابی بھی حاصل کرتے ہیں۔ ان کو ٹکٹ ملنا اور ان کا کامیاب ہونا ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس وقت لندن کے مئیر بھی ایک برٹش پاکستانی صادق خان ہیں۔ لندن چونکہ ایک بڑا شہر ہے اس لیے صادق خان کا نام دنیا بھر میں مشہور ہوا لیکن کئی دیگر شہروں میں بھی کئی پاکستانی بطور مئیر منتخب ہوکر اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں مثال کے طور پر لارڈ مئیر آف مانچسٹر افضل خان،لارڈ مئیر آف برمنگھم محمد عظیم، لارڈ مئیر آف برمنگھم چوہدری عبدالرشید وغیرہ ۔ اس کے علاوہ موجودہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ برطانیہ کے سب سے پہلے پاکستانی MP ( ممبر پارلیمنٹ ) ہیں۔
 

image


12 دسمبر کو انگلینڈ میں ایک بار پھر انتخابات ہونے والے ہیں۔ ان انتخابات اس دفعہ ریکارڈ تعداد میں برٹش پاکستانی حصہ لے رہے ہیں اورموجودہ برطانوی انتخابات میں حصہ لینے والے برٹش پاکستانیوں کی تعداد 70 ہے جو ماضی کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔ پارٹی نے سب سے زیادہ پاکستانیوں کو ٹکٹ دیا ہے۔ کنزروییٹوکی جانب سے 20 برٹش پاکستانی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ بات بتاتے چلیں کہ برطانیہ کی پہلی مسلم خاتون MP سعیدہ وارثی کا تعلق بھی کنزرویٹوپارٹی سے ہی تھا۔ بورس جانسن کی کابینہ کے اہم رکن ساجد جاوید کا تعلق بھی کنزرویٹیو پارٹی سے ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ اسمبلی میں وزیر برائے ٹرانسپورٹ نصرت غنی کا تعلق بھی اسی پارٹی سے ہے۔ کنزر ویٹیو امیدواروں میں برٹش پاکستانی نوجوان ثاقب بھٹی بھی شامل ہیں۔ ثاقب بھٹی گریٹر برمنگھم کی چیمبر آف کامرس ک صدر ہیں۔ انہیں چیمبر کی تاریخ کے پہلے مسلم اور سب سے کم عمر صدر ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔
 

image


دوسری پارٹی جس نے سب سے زیادہ پاکستانیوں کو ٹکٹ دیا ہے ، وہ ہے لیبر پارٹی۔ لیبر کے 631 امیدواروں میں سے 19 برٹش پاکستانی ہیں۔پہلے پاکستانی MP چوہدری محمد سرور کا تعلق بھی لیبر پارٹی سے تھا، جب کہ موجودہ مئیر لندن صادق خان کا تعلق بھی لیبر پارٹی سے ہے۔گزشتہ اسمبلی میں پاکستان نژاد اراکین کی بڑی تعداد کا تعلق بھی لیبر پارٹی سے تھا۔مانچسٹر کے سابق لارڈ مئیر افضل خان MP بھی لیبر پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔خالد محمود سب سے سینئر ترین پاکستانی نژاد مسلمان رکن پارلیمنٹ ہیں جو 2001 سے منتخب ہوتے چلے آرہے ہیں، ان کا تعلق بھی لیبر پارٹی سے ہے۔2015 اور 2017 کے برطانوی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی ناز شاہ بھی لیبر پارٹی کی ممبر ہیں اور ان کی جانب سے امیدوار بھی ہیں۔
 

image


لبرل ڈ یمو کریٹس پارٹی کی جانب سے 12 برٹش پاکستانیوں کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ ان میں حنا بخاری (سٹن اینڈ چیم)، حمیرا ملک (برمنڈزی اینڈ سدرک )، طارق محمود (ایلنگ-ساؤتھ آل )، حنا ملک (ہیسٹن اینڈ فیلتھم )،خلیل یوسف (کرالی)، ملٹن کینز نارتھ اینڈ ساؤتھ سے عائشہ میر اور صالحہ احسن ، ظفر حق (ہاربرو)، وحید رفیق (برمنگھم ہوج ہل)، کامران حسین (لیڈز)، جاوید بشیر (کالڈر ویلی) اور فیضان رحمان (سٹرلنگ-سکاٹ لینڈ) شامل ہیں۔
 

image


اس کے علاوہ بریگزٹ پارٹی ، گرین پارٹی ، دیگر چھوٹی جماعتوں اور آزاد حیثیت سے بھی کئی برٹش پاکستانی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
 

image


اگرچہ ان تمام کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو لیکن یہ بات طے شدہ ہے کہ ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ یہ لوگ ہر موقع پر پاکستان، کشمیر اور امتِ مسلمہ کے لیے اپنی آواز بلند کرتے ہیں۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو کامیابی عطا فرمائے اور یہ تمام لوگ اپنی صلاحیتوں اور مثبت طرزِ عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں۔

YOU MAY ALSO LIKE: