کچھ ایسے ہنر جن میں ملازمت سے زیادہ آمدنی ہے

image


گزشتہ دن فیس بک کی ایک پوسٹ نظر سے گزری جس کے مطابق اس سال بھی کراچی میں دس ہزار گریجویٹ پاس آؤٹ ہوئے اور ان کے لیے نوکریوں کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں- ایسی صورتحال میں بے روزگار رہنے کے بجائے نئی نسل کو آمدنی کے ایسے ذرائع کی طرف دیکھنا چاہیے جن کی مدد سے وہ اپنے گھر والوں کو سپورٹ کر سکیں-

تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے مگر وہ ڈگری جو صرف نوکری کے حصول کے لیے حاصل کی جائے آج کل بوجھ بنتی جارہی ہے- اس لیے اپنی سوچ کو تبدیل کرنے کا وقت ہے اور ہمیں اپنی نئی نسل کو ڈگری کے حصول کے ساتھ ساتھ ہنر کے سیکھنے کی طرف بھی لے کر آنا ہوگا- تاکہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ان کے پاس روزگار کے حصول کے لیے صرف ڈگری پر انحصار کم ہو سکے اور وہ با ہنر ہو کر اپنے گھر چلا سکیں- آج ہم آپ کو ایسے ہی کچھ پیشوں کے بارے میں بتائيں گے جنہیں اختیار کر کے انسان کبھی بھی نوکری کے آسرے میں بے روزگار نہیں رہ سکتا بلکہ فری لانسر کام کر کے نوکری سے زيادہ پیسے کما سکتا ہے-

1: الیکٹرونکس
ہمارے گھروں میں عام طور پر بجلی سے چلنے والی مصنوعات موجود ہوتی ہیں جن میں وقت کے ساتھ ساتھ خرابی ہونا ایک لازمی امر ہے- ان میں ٹیلی وژن ، فریج ، ائیر کنڈیشن وغیرہ شامل ہیں- ان مصنوعات کے مہنگے ہونے کے سبب لوگ ان میں موجود خرابی کو دور کروانے کے لیے ایسے افراد سے رجوع کرتے ہیں جو کہ اس کا کام جانتے ہیں- اس کام کو سیکھنے کے لیے کئی ایسے ادارے موجود ہیں جو کہ دو سال میں اس کا کورس کروا کر ڈپلومہ دیتے ہیں- اس کے علاوہ اس کام کو سیکھنےکے لیے کئی تجربہ کار افراد ایسے بھی موجود ہیں جو بچوں کو اپنے پاس رکھ کر کام سکھاتے ہیں تو اپنے فارغ وقت میں اس کام کو سیکھ کر آسانی سے انسان اپنا کام شروع کر کے گزر بسر کر سکتا ہے-

image


2: مکینک
گاڑی یا موٹر بائیک رکھنا شوق کے ساتھ ساتھ ضرورت بنتا جا رہا ہے- اور ہر انسان جس کے پاس سواری ہوتی ہے لازمی طور پر اس کو صحیح کروانے کے لیے ہفتہ پندرہ دن میں لازمی مکینک کے پاس لے کر جاتا ہے- اور مکینک کے پاس لے جا کر اس کی ڈگری کے بارے میں پوچھنے کے بجائے اس کے کام میں اس کی مہارت کو دیکھتا ہے ۔ مکینک کے کام کو سیکھنے کے لیے بھی مختلف اداروں سے دو سالہ ڈپلومہ لیا جا سکتا ہے- یا پھر کسی بھی ماہر استاد کے ساتھ کچھ عرصے تک کام کر کے اس کام کو نہ صرف سیکھا جا سکتا ہے بلکہ اس میں مہارت حاصل کر کے اچھے خاصے پیسے کماۓ جا سکتے ہیں-

image


3: پلمبر
ہر گھر میں پانی کی فراہمی کو بہم پہنچانے کے لیے پانی کی لائںیں ضروری موجود ہوتی ہیں جن میں وقت کے ساتھ خرابی بھی پیدا ہو جاتی ہے- ایسی صورت میں پلمبر کی ضرورت اور اس کی اہمیت سے ہر کوئی واقف ہے- اس کام کو سیکھنا قطعی دشوار نہیں ہے اور نہ ہی اس کام کو کرنے کے لیے بہت مہنگے اوزاروں کی ضرورت ہوتی ہے اس ہنر کے ذریعے بھی آسانی سے پیسہ کمایا جا سکتا ہے-

image


4: الیکٹریشن
اس کام کے لیے بھی ڈپلومہ دینے والے ادارے دو سالہ ڈپلومہ بھی دیتے ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ اس کام کو عملی طور پر بھی سیکھا جا سکتا ہے- اور اس کام کو کرنے والے گھروں کے اندر سرکٹ کی تیاری سوئچ بورڈ وغیرہ کی تنصیب اس کے علاوہ فیوز وغیرہ کے کام بھی کر سکتے ہیں اور فری لانس کام کر کے اچھی رقم کما سکتے ہیں -

image


5: کمپیوٹر اور موبائل ہارڈ وئیر کا کام
موجودہ دور کمپیوٹر اور موبائل کا ہے ہر گھر میں ان کی موجودگی لازمی ہے- اس لیے ان کے ماہر افراد کی اہمیت بھی اسی طرح بہت زیادہ ہے اور لوگ اکثر اوقات اس کام کے ماہرین کی تلاش کرتے ہوئے نظر آتے ہیں اس لیے یہ کام بھی با آسانی سیکھ کر انسان روزگار کما سکتا ہے -

image
YOU MAY ALSO LIKE: