متحدہ قومی موومنٹ کا تاریخی جلسہ عام

اس تاریخی جلسہ عام نے اصل پاکستان کا منظر پیش کیا

لاہور متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے پنجاب کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے لوگوں! بلوچستان کو پاکستان سے الگ ہونے سے بچا لو، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم اقتدار میں آکر سرائیکی، ہزارہ اور بہاولپور صوبوں کے قیام کیلئے ریفرنڈم کرائے گی، ملک میں انقلاب کو اسٹیبلشمنٹ سمیت دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی، ملک کو خود مختار، خوشحال اور کرپشن سے پاک کرنا چاہتے ہیں،میں کسی قومیت کا نہیں ملکی دولت لوٹنے والے جاگیرداروں، وڈیروں اور سرداروں کا دشمن ہوں، ایم کیو ایم برسراقتدار آکر بڑی بڑی جاگیریں ختم کر کے زمین غریبوں میں تقسیم کریگی، میٹرک تک لازمی اور مفت تعلیم دینگے، آزاد خارجہ پالیسی اور احتساب کا موثر نظام لائینگے۔ یہ بات انہوں نے لاہور میں قذافی اسٹیڈیم سے متصل فٹ بال گراوٴنڈ میں ایک عظیم الشان ”استحکام پاکستان “جلسہ عام سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔ جلسہ عام میں زندہ دلان لاہور کے علاوہ صوبہ پنجاب کے تمام اضلاع سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے کارکنان اور ہمدرد عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس میں خواتین بھی ہزاروں کی تعداد میں شامل تھیں۔ شرکاء کی بہت بڑی تعداد کے باعث پنڈال میں تل دھرنے کی بھی جگہ نہیں تھی جبکہ جلسہ گاہ کے اطراف کی سڑکیں بھی کھچاکھچ بھری ہوئی تھیں۔ الطاف حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں دنیا کی عالمی طاقتوں کو دکھانا چاہتا ہوں کہ پاکستانی قوم غیرت مند ہے اور میں پاکستانی قوم کو اتنا منظم بنانا چاہتا ہوں کہ کوئی بھی ملک پاکستان پر ڈرون حملے کرنے اور وطن عزیز پر میلی نگاہ ڈالنے کی جرأت نہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہر لاہور میں ہونے والا یہ جلسہ کوئی عام جلسہ نہیں ہے بلکہ یہ جلسہ پاکستان کو مثبت انداز میں خوشحال بنانے کیلئے انقلاب کا آغاز ہے ۔پاکستان میں انقلاب کو آنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔الطاف حسین نے پنجاب کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں لیڈر نہیں بلکہ آپ میں سے ہی ہوں ، میں نے پرائمری تعلیم ٹاٹ پر بیٹھ کر حاصل کی ، بسوں میں لٹک کر اسکول ، کالج اور یونیورسٹیوں تک سفر کیا، ٹھیلے لگا کر محنت مزدوری کی اور ٹیوشن پڑھا کر اپنی تعلیم کے اخرجات پورے کئے ، میں نے غریبوں کے مسائل خود دیکھے ہیں ،میں سونے کا چمچہ منہ میں لیکر پیدا نہیں ہوا بلکہ میں نے غربت دیکھی ہے اسی لئے میں غریب عوام کے مسائل سے اچھی طرح واقف ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں غریبوں کی بات کرتا ہوں اسی لئے مجھے پنجاب میں روکنے کیلئے ایم کیوایم پر ملک دشمنی کے الزام لگائے گئے اور ایم کیوایم کو مختلف قومیتوں کا دشمن قراردیا گیا۔ میں کسی بھی قومیت کا دشمن نہیں بلکہ قومی دولت لوٹنے والے جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرداروں کا دشمن ہوں۔ الطاف حسین نے کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک ہے لیکن امریکہ ، برطانیہ اور دیگر ممالک کے لوگ ڈکٹیٹ کر کے ہماری پالیسیاں بناتے ہیں، جس کا دل چاہتا ہے ڈرون حملے کر کے پاکستانیوں کو شہید کردیتا ہے یہ کیسی آزادی اور خود مختاری ہے ؟ میں پاکستان کو ایسا آزاد اور خودمختار ملک بنانا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم آئے دن آئی ایم ایف ، ورلڈ بینک اور دیگر مالیاتی اداروں کے آگے ہاتھ پھیلاتے ہیں ، ہم پاکستان کو امداد اور قرضوں کی لعنت سے پاک کرنا چاہتے ہیں ۔ پاکستانی قوم خود بھوکی رہ کر ملک کو معاشی طور پر اتنا مضبوط بناسکتی ہے کہ پاکستان لینے کے بجائے دینے والے ممالک میں شامل ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم جو کہتی ہے وہ کر کے دکھاتی ہے اگر عوام نے ایم کیوایم کو اقتدار میں آنے کا موقع دیا اور ملک کی بڑی طاقتوں نے ہمیں عوام کی خدمت اور ایم کیو ایم کے انقلابی پروگرام کو نافذ نہیں ہونے دیا تو ہم بلاتاخیر اقتدار کو ٹھوکر مار دیں گے۔ ایم کیو ایم بیلیٹ کے ذریعہ پرامن عوامی انقلاب چاہتی ہے ، ایم کیوایم چاہتی ہے کہ جمہوری طریقے سے ملک میں انقلاب آئے، ایم کیوایم اقتدار میں آکر آئین میں پاکستان کے ہرشہری کیلئے سود مند تبدیلیاں کریگی،شرح خواندگی میں اضافہ کیلئے پاکستانی شہری کیلئے میٹرک تک تعلیم لازمی قرار دی جائیگی اور میٹرک تک مفت تعلیم کی سہولیات فراہم کریگی۔بچوں کو اسکول بھیجنے کے بجائے ان سے محنت مشقت کرنے والے والدین کیلئے پارلیمنٹ سے سزا تجویز کرائے گی ،ایم کیوایم اقتدار میں آکر دوہرا تعلیمی نظام ختم کرکے ملک بھر میں یکساں تعلیمی نظام قائم کریگی، پاکستان کو صحیح معنوں میں جمہوری ملک بنانے کیلئے ملک سے جاگیردارانہ ، وڈیرانہ ، سردارانہ نظام اور بے لگام سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کردیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے دور میں آزاد خارجہ پالیسی بنائی جائیگی جو حقیقتاً خود مختاری پر مبنی ہوگی، ڈرون حملے ، بیرونی مداخلت ، ڈکٹیشن بند کردی جائیگی، آئی ایم ایف ، ورلڈ بینک دیگر مالیاتی اداروں سے قرضے اور بھیک لینے کا سلسلہ ختم کر کے ایسی معاشی پالیسیاں بنائی جائینگی جس کے ذریعے ملک بھر میں کاٹیج انڈسٹریز کا جال بچھایا جائیگا اور عوام کی معاشی صورتحال بہتر بنانے کیلئے انہیں قرضے دیکر چھوٹی صنعتوں اور کاروبار کے مواقع فراہم کئے جائینگے۔ ایم کیوایم نہ صرف بیروزگاری کا خاتمہ کریگی بلکہ بیروزگار نوجوانوں کو حکومت کی جانب سے بے روزگاری الاؤنس دیگی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائیگا ، ایم کیوایم حکومت میں آکر63برسوں سے کھربوں روپوں کے قرضے لیکر معاف کرانے والوں، ملک اور بیرون ملک محلات اور جاگیریں بنانے والوں سے لوٹی ہوئی دولت واپس لیکر قومی خزانے میں جمع کرائیگی، پاکستان کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے انقلابی نظریات اور تعلیمات کے مطابق اسلامی جمہوریہ پاکستان بنایا جائیگا جہاں پاکستان میں بسنے والے غیرمسلموں کو مسلم شہریوں کے برابر حقوق میسر ہونگے۔ ایم کیوایم اقتدار میں آکر ملک کی آبادی کا 51 فیصد خواتین کیخلاف رائج سیاہ قوانین کا خاتمہ کریگی، کارو کاری ، وٹہ سٹہ ، غیرت کے نام پر قتل اور بچیوں کی قرآن سے شادی پر پابندی عائد کردی جائیگی، بھٹہ کے مزدوری، چائلڈ لیبر پر پابندی لگا دی جائیگی، جاگیردارانہ، وڈیرانہ، بے لگام سرمایہ دارانہ نظام ختم کردیا جائیگا، ملک بھر میں گاؤں، گوٹھ، قصبہ اور دیہات میں بڑے اسپتال اور صحت کے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ، عدالتوں کو آزاد اور مکمل خود مختار بناناچاہتی ہے ، سرائیکی، ہزارہ اور بہالپور صوبے کے قیام کیلئے عوام کی خواہشات کے مطابق ریفرنڈم کرایا جائیگا اور ان علاقوں کے عوام کے مطالبات انکی خواہش کے مطابق پورے کئے جائیں گے ۔جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ ناانصافیوں اور زیادتیوں کا خاتمہ کیا جائیگا۔مسئلہ کشمیر انشاء اللہ ایم کیوایم کے دور حکومت میں حل ہو گااور ایم کیوایم، کشمیر کے عوام کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق یہ مسئلہ باعزت طریقے سے حل کرائیگی۔ الطاف حسین نے کہا کہ ایم کیوایم درس وتبلیغ کے ذریعہ ملک سے موروثی خاندانی سیاست کا خاتمہ کریگی، مزدوروں ، ہاریوں ، کسانوں ، محنت کشوں اور غریبوں پر مظالم ڈھانے والوں کیخلاف قانون بنا کر انہیں کڑی سزائیں دلائیگی، بڑی بڑی جاگیریں ختم کر کے زمین کی حد مقرر کردی جائیگی اور باقی زمین ہاریوں اور کسانوں میں تقسیم کردی جائیگی ۔انہوں نے پنجاب کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور ڈالیں کہ صوبہ بلوچستان کا مسئلہ طاقت کے بجائے بات چیت اور مذاکرات سے حل کریں۔ انہوں نے گلوگیر آواز میں کہا کہ خدارا بلوچستان کو پاکستان سے علیحدہ ہونے سے بچا لو۔ انہوں نے پیشکش کی کہ بلوچستان کے عوام کی محرومیاں دور کرنے اور انہیں پاکستان کے ساتھ رکھنے کیلئے ایم کیوایم غیرمشروط طور پر اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کی وجہ سے صنعتیں بند پڑی ہیں ،ہم اس کی ترسیل کا ایسا نظام بنائیں گے کہ ملک سے گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کو اقتدار کا موقع ملا تو اسٹریٹ کرائمز ، اغواء برائے تاوان ، جبری بھتہ اور منشیات فروشی کی روک تھام کیلئے وفاقی سطح پر قانون بنایا جائے گا تاکہ ان جرائم میں ملوث عناصر کو ایسی کڑی سزا دی جاسکے کہ کوئی دوسرا یہ جرم کرنے کی جرأت نہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کڑے احتساب پر یقین رکھتی ہے اور ایم کیوایم کو موقع ملا تو ہم احتساب کا موثر ادارہ بنائیں گے۔ انہوں نے ملک بھر کے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام سے کہا کہ اگر وہ پاکستان اور اس کے عوام کی حالت بدلنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنے الطا ف بھائی کا ہاتھ تھامنا ہوگا۔ایم کیوایم کے منتخب نمائندوں میں کوئی جاگیردار ، وڈیرہ ، بے لگام سرمایہ دار نہیں ہے اگر ایم کیوایم غریب ومتوسط طبقہ کے ان افراد کو اسمبلیوں میں لاسکتی ہے تو ہم پنجاب سے پڑھے لکھے ،ایماندار اور باصلاحیت افراد کو منتخب کر کے سینٹ ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ایوانوں میں کیوں نہیں لاسکتے ۔ الطاف حسین نے جلسہ عام کے انتظامات میں دن رات مصروف ایم کیو ایم پنجاب کے کارکنان کو دل کی گہرائیوں سے زبردست خراج تحسین پیش کیا اور پنجاب کے ساتھیوں کی رہنمائی کرنے پر رابطہ کمیٹی کے ارکان ، منتخب عوامی نمائندوں اور ایم کیوایم کے تمام شعبہ جات کے ذمہ داران کو شاباش اور تحسین پیش کیا۔
Shakir Ali
About the Author: Shakir Ali Read More Articles by Shakir Ali : 3 Articles with 2230 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.