میک اپ ایک اداکارہ کو اسکرین پر خوبصورت ترین بنا کر پیش
کرتا ہے اس لیے ماضی کی اداکارائیں بغیر میک اپ کے کسی کے سامنے آنے کا سوچ
بھی نہیں سکتی تھیں- جیسے مشہور گلوکارہ نور جہاں ، مشہور ہیروئین انجمن یہ
لوگ میک اپ کے بغیر کبھی بھی سامنے نہیں آئے تھے بھلے سین سو کر اٹھی ہوئی
لڑکی کا ہی کیوں ہوتا- اداکارہ اس کو فل میک اپ کے ساتھ ہی شاٹ کرواتی تھی-
مگر اب جب کہ حالات تبدیل ہو چکے ہیں اور مقابلے کی فضا نے میک اپ کے بجائے
اداکارانہ صلاحیتوں کو اہمیت دینی شروع کر دی ہے تو ہماری کچھ اداکارائیں
بھی ایسی ہیں جو کہ سین کی ڈیمانڈ کے مطابق بغیر میک اپ کے سامنے آئیں اور
بہت خوبصورت لگیں- آج ہم آپ کو ان ہی اداکاراؤں کے بارے میں بتائيں گے-
1: سارہ خان( ڈرامہ یار بے وفا)
سارہ خان کا شمار ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو کہ نہ صرف بہترین لباس پہننے
کا ہنر جانتی ہیں بلکہ اس کے ساتھ ہلکے اور بھاری میک اپ کو متوازن کرنا ہے
اس فن سے بھی واقف ہیں- یہی وجہ ہے کہ وہ ہمیشہ اسکرین پر جب بھی نظر آئیں
پہلے سے بہتر ہی لگیں ۔ ڈرامہ یار بے وفا میں انہوں نے آمنہ کا کردار ادا
کیا ۔ اس کردار کو بہترین ترین طریقے سے پیش کرنے کے لیے سارہ خان نے کسی
بھی قسم کا میک اپ استعمال نہیں کیا ۔ اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے
پروڈیوسرز کو بھی یہ پیغام دیا کہ وہ بہترین کردار نبھانے کے لیے کچھ بھی
کرنے کو تیار ہیں- |
|
2: ثمینہ پیرزادہ( ڈرامہ بلا)
ثمینہ پیر زادہ ماضی میں بھی کافی ایسے کردار ادا کر چکی ہیں جن میں انہوں
نے کسی بھی قسم کا میک اپ نہیں کیا- ان کا ماضی کا ڈرامہ دریا اس کی ایک
عمدہ مثال تھا مگر اس کے ساتھ ساتھ ثیمنہ پیرزادہ نے ایسے ماڈرن کردار بھی
ادا کیے جن میں بھاری میک اپ کے ذریعے انہوں نے اپنے کردار میں مزید جان
ڈال دی- مگر ڈرامہ بلا میں شمع کے کردار میں ایک نفسیاتی ماں کے روپ میں جب
میک اپ کی ضرورت نہ تھی تو اس پورے ڈرامے میں ثمینہ پیر زادہ نے میک اپ سے
اجتناب برتا اور اپنے کردار میں جان ڈال دی-
|
|
3: صبا قمر (ڈرامہ چیخ)
صبا قمر کی صلاحیتیں کسی میک اپ کی محتاج نہیں ہیں اور ہر آنے والے دن کے
ساتھ ان کے رتبے میں اضافہ ہی دیکھنے میں آرہا ہے جس کا سب سے اہم سبب ان
کا اپنے کام کے ساتھ اخلاص اور پروفیشنلزم ہے- ڈرامہ چیخ میں منت کے کردار
میں ان کو بہت سارے حالات سے گزرتے دکھایا گیا جس میں ہر سین کی ڈیمانڈ
مختلف تھی جن کو صبا قمر نے انتہائی مہارت سے نبھایا- اس ڈرامے میں زیادہ
تر مناظر میں صبا قمر نے یا تو میک اپ نہیں کیا اور اگر کیا بھی تو بہت
معمولی کیا۔ اور پورے ڈرامے کے بیشتر مناظر میں وہ اپنی نیچرل بیوٹی کے
ساتھ نظر آئیں-
|
|
4: سامعہ ممتاز (ڈرامہ اڈاری)
سامعہ ممتاز کا شمار پاکستان ٹیلی وژن کی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو بہت
سارا کام کرنے کے بجائے کم اور معیاری کام کو ترجیح دیتی ہیں- ان کے ڈرامے
میری ذات ذرہ بے نشان ، صدقے تمھارے ، ماۓ نی ، اور پھر اڈاری یہ تمام ایسے
پروجییکٹ تھے جن میں سامعہ نے نہ صرف یادگار ترین اداکاری کی بلکہ انہوں نے
ان میں سے زیادہ تر کرداروں میں میک اپ کرنے سے بھی اجتناب برتا- اور دھلے
ہوئے چہرے کے ساتھ اسکرین پر نظر آئیں-
|
|
5: یمنیٰ زیدی (ڈرامہ ذرا یاد کر)
یمنیٰ زیدی کا شمار نئی ابھرتی ہوئی ان اداکاراؤں میں ہوتا ہے جو کہ گلیمر
کے بجائے اپنے کام کے ذریعے جگہ بنانا چاہتی ہیں- یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے
کردار کی ضرورت کے مطابق میک اپ کو اہمیت دیتی ہیں- جیسے کہ گزشتہ سال کی
ان کی مقبول ڈرامہ سیریل ڈر سی جاتی ہے صلہ میں اور ذرا یاد کر میں عظمیٰ
کے کردار میں یمنیٰ نے میک اپ کے بغیر اسکرین کے سامنے آنے کا فیصلہ کیا
اور اپنی نیچرل اداکاری کے ذریعے دیکھنے والوں کو حیران کر دیا -
|
|
6: سجل علی (ڈرامہ الف)
سجل علی کا شمار بھی ایسی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جن کی شخصیت کے لیے میک اپ
لازم و ملزوم ہوتا ہے- مگر حالیہ دنوں میں پیش کیے جانے والے ڈرامے الف میں
سجل علی نے اپنے چاہنے والوں کو حیران کر دیا- کیوں کہ اس ڈرامے میں اگرچہ
سجل علی ایک ابھرتی ہوئی اداکارہ کا کردار نبھا رہی ہیں مگر اس کے باوجود
انہوں نے کم سے کم میک اپ یا بغیر میک اپ اسکرین پر آنے پر اکتفا کیا ہے
اور دیکھنے والوں کو بہت پسند آئی ہیں-
|
|
7: صبا فیصل (ڈرامہ ذرا یاد کر)
صبا فیصل آج کل ہر ٹی وی ڈرامے میں کسی نہ کسی کردار میں نظر آرہی ہیں اس
میں اہم کردار ان کی اداکاری اور اس کے ساتھ ساتھ کردار کے ساتھ انصاف ہے-
ان کو دیکھ کر یہی محسوس ہوتا ہے کہ وہ ہر کردار میں ڈھل سی جاتی ہیں-
ڈرامہ ذرا یاد کر میں ایک بیوہ عورت کے کردار کو نبھانے کے لیے صبا فیصل نے
بالکل میک اپ کا استعمال نہیں کیا-
|
|
8: شگفتہ اعجاز (ڈرامہ رشتے بکتے ہیں)
شگفتہ اعجاز نے ہمیشہ ٹی وی اسکرین پر اپنی خوبصورتی سے ایک گہرا تاثر
چھوڑا ہے- مگر اس خوبصورتی میں ان کے میک اپ کے حصے سے انکار نہیں کیا جا
سکتا ہے- مگر حالیہ دنوں میں ڈرامے رشتے بکتے ہیں میں کچھ مناظر میں شگفتہ
اعجاز نے اپنے کردار کو بہترین ترین انداز میں نبھانے کے لیے بغیر میک اپ
کے اسکرین پر آنے کا فیصلہ کیا اور خود کو ایک بہترین اداکارہ ثابت کیا-
|
|