ابھی نواسی کی پیدائش کی مٹھائیاں ہی بٹ رہی تھیں کہ پتہ چلا کہ میری بیٹی چل بسی۔۔۔فنکاروں کے چھپے ہوئے دکھ

image
فنکار ہمارے لئے اپنے غموں کو کہیں دل کے کسی صندوق میں دبا کر مسکراتے ہیں اور پھر ہمیں ہمارے دکھوں سے نکال لیتے ہیں۔۔۔لیکن کہیں ان کے اندر غموں کا وہ طوفان چھپا ہوتا ہے جسے وہ نا بھی بیان کریں لیکن وہ کہیں نا کہیں ان کی آنکھوں سے جھلکتا ہے۔۔۔شوبز میں ایسے کئی نام ہیں جنہوں نے اپنوں کا درد سہا ہے اور اب وہ درد ان کی آنکھوں میں ہی بستا ہے۔۔۔
محسن گیلانی
پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایک بہت سینئر نام ہے محسن گیلانی۔۔۔جنہوں نے تقریباً چالیس سال اس انڈسٹری کو دیئے ہیں۔۔۔آپ نے اکثر ان کو مختلف ڈراموں میں شفیق یا کبھی کبھی سخت دل باپ کی حیثیت سے دیکھا ہے ۔۔۔لیکن اسکرین کا یہ ستارہ اپنی اصل زندگی میں بیٹی کے حوالے سے ایک بہت بڑا دکھ دیکھ چکا ہے۔۔ان کی بہت ہی لاڈلی بیٹی کی شادی ہوئی اور پھراﷲ نے اسے بیٹی کی رحمت سے نوازا۔۔۔پنڈی کے ہسپتال میں خوشیوں کا سماء تھا، مٹھائیاں بٹ رہی تھیں اور اچانک پتہ چلا کہ ان کی پیاری بیٹی ہی اس دنیا سے چلی گئی۔۔۔محسن گیلانی اور ان کی بیگم اس صدمے سے آج تک مکمل طور پر نکل نہیں پائے ہیں۔۔۔اسماء عباس اس موقع پر ان کے ساتھ تھیں اور انہوں نے اس تکلیف دہ وقت میں محسن گیلانی کا بہت ساتھ دیا۔۔۔ان کی نواسی اپنے ددھیال میں ہی رہتی ہے لیکن کبھی کبھی ان کے پاس ملنے کے لئے بھیج دی جاتی ہے۔۔۔اس بات کو کم و بیش ڈھائی سال کا عرصہ گزر چکا ہے۔۔۔
image
ساجد حسن
پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایک اور بہت بڑا نام ہیں ساجد حسن ، جو آج کل حالات سے کافی دلبرداشتہ ہیں اور انہوں نے ایک شو میں روتے ہوئے یہ کہا کہ وہ اب اس ملک سے چلے جائیں گے۔۔۔روتا ہمیشہ وہی ہے جس کے پاس دکھوں کی مقدار خوشیوں سے ذرا زیادہ ہوجاتی ہے۔۔۔۲۰۰۹ میں یہ آرٹسٹ اپنی زندگی کے سب سے مشکل ترین دور سے گزرا۔۔۔جب عاشورہ بلاسٹ میں انہوں نے اپنے باپ جیسے بڑے بھائی اور بھابھی کو کھو دیا۔۔۔یہ وہ دن تھا جب وہ جلوس میں جانانہیں چاہتے تھے لیکن ان کے بڑے بھائی نے جن سے انہیں شدید عقیدت تھی، انہوں نے زور دیا کہ ساجد تمہیں اس جلوس میں چلنا ہوگا۔۔۔وہ راضی ہوئے اور ان کا خود کا بچنا بھی ایک معجزہ تھا کیونکہ وہ سبیل کا دودھ پینے نیچے بیٹھے اور ان کے سامنے کھڑے وہ تین نوجوان بچے جو انہیں دودھ پلارہے تھے شہید ہوگئے۔۔۔ساجد حسن ان بچوں کے سامنے آنے کی وجہ سے معجزاتی طور پر بچ ضرور گئے لیکن ان کے بڑے بھائی اور بھابھی کی موت نے انہیں اندر سے کھوکھلا کردیا۔۔۔
image
زیبا شہناز
یوں تو انڈسٹری کی اس ہنستی مسکراتی اور ہر طرح کے کردار سے خود کو منواتی اداکارہ نے زندگی میں بڑے دکھ دیکھے ، لیکن حال ہی میں وہ زندگی کے سب سے مشکل دور سے گزریں جب ان کے بھتیجے کو لندن میں اغواہ کرنے کے بعد قتل کردیا گیا۔۔۔زیبا شہناز کا یہ جواں سال بھتیجا ایک ماہ کی بچی کا باپ تھا اور جب اسے اغواہ کیا گیا تو اس کی شادی کو صرف تین ماہ ہی گزرے تھے۔۔۔اس تمام عرصے میں اس آرٹسٹ نے لندن جاکر بھی تلاش کی۔۔۔لیکن کوئی سراغ نا ملا۔۔۔اور سال کے اس آخری مہینے میں نوجوان کی باڈی بھی مل گئی اوریہ بھی پتہ چل گیا کہ مارنے کی وجہ مرحوم کا اپنے پیسوں کا مطالبہ تھا۔۔۔اور مجرمان پیسے دینے کو تیار نہیں تھے۔۔۔اس لئے ستائیس سالہ نوجوان کی جان لے لی۔۔۔زیبا شہناز اس صدمے کے ساتھ اب زندگی کے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہیں۔۔۔
image
اسمعیل تارا
دنیا کو ہنسانے والا یہ ستارہ اپنی اولاد کے ایک ایسے غم سے گزرا جس نے اسے اندر سے ہی توڑ دیا تھا۔۔۔وسیم بادامی کے ایک شو میں اسمعیل تارا نے بتایا کہ ایک اسٹیج شو میں ہزاروں کا مجمع تھا، ہمارے نام سے پبلک جمع تھی اور میں ہسپتال میں تھا جہاں میرے آٹھ سالہ بیٹے کی موت ہوچکی تھی۔۔۔میں بچے کی باڈی کو چھوڑ کر اپنا کام کرنے گیا۔۔۔کیونکہ وہاں سب جمع تھے۔۔۔اپنی ہنسنے ہنسانے والی پرفارمنس دی، اور پھر پبلک کو بعد میں بتایا کہ میں کس درد میں ڈوبا ہوں۔۔۔گھر گیا اور پھر بچے کی تدفین کی۔۔۔یہ واقعہ فلمز یا ڈراموں کا نہیں بلکہ اس ستارے کی زندگی کی حقیقت ہے۔۔۔
image
سنبل شاہد
اداکارہ سنبل شاہد جو بشریٰ انصاری کی بہن بھی ہیں اور اپنی حس مزاح کی وجہ سے لوگوں کو کافی پسند بھی ہیں۔۔۔کچھ عرصہ قبل اپنے جوان بیٹے کی موت کے صدمے سے گزریں۔۔۔ان کا پینتیس سالہ بیٹا پیرا گلائیڈنگ کے دوران پیراشوٹ نا کھلنے کی وجہ سے گرا اور جان سے چلا گیا۔۔۔اس صدمے سے سنبل شاہد، بشری انصاری، اسماء عباس خود بھی نہیں نکل پائی ہیں اور ان مسکراتے ہوئے چہروں پر ہمیشہ کے لئے غم نے اپنا پہرہ بٹھا دیا ہے۔۔۔
image
YOU MAY ALSO LIKE: