ایک شام ِ آگہی بنام ’پروفیسر ڈاکٹر رائیس احمد صمدانی‘ !

image


دنیا کا وطیرہ رہا ہے کہ اس نے ہمیشہ اس دار فانی سے گزر جانے والوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کس کس طرح سے کیا یہ بھی دنیا کے سامنے ہے ۔ اس بات کا دکھ ہمیشہ ستاتا ہے کہ ہم کسی انسان کی خدمات کا اعتراف اسکی زندگی میں کیوں نہیں کرتے کیوں ہم اشخاص کی موت کے منتظر بیٹھے رہتے ہیں ۔ اس کے جواز میں دو باتیں لکھنا چاہوں گا ایک تو اس بات کی گواہی ہے کہ ہم مردہ پرست لوگ ہیں اور دوسری بات یہ کہ انسان کو اسکی زندگی میں پذیرائی اسے تکبر کی جانب دھکیلنے کی بھی وجہ بن سکتی ہے اور ہم بطور انسان کیسے جیتے جاگتے اپنے جیسے کسی دوسرے شخص سے یہ کہہ دیں کہ جناب آپ اپنی ہستی میں ایک اہم ترین انسان ہیں ۔ شاذ و نادر ہی ایسا دیکھا جاتا ہے کہ انسان کی خدمات کا اعتراف اسکی زندگی میں کیا گیا ہو اور وہ انسان ، انسان ہی رہا ہو ۔ بات قدرے تلخ لیکن حقیقت سے قریب تر ہے ۔

ادب اور صحافت سے وابستہ افراد پر مشتمل ایک ادارے (جو کہ پاکستان میں آن لائن لکھنے والوں کا بہت بڑا ادارہ ہے) ہماری ویب رائٹرز کلب کی جانب سے انسانی خدمات کے اعتراف کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔ مختلف مکتبہ فکر لیکن علم و ادب کے فروغ کا مقصد لئے کچھ افراد پر ایک کمیٹی اس ادارے کو چلانے کیلئے بنائی گئی ۔ اس ادارے کی خاص بات یہ ہے کہ ہماری ویب ڈاٹ کام کے چیف ایگزیکٹیو جناب ابرار احمد صاحب کی علم دوستی کی وجہ سے اپنی سرپرستی میں اس ادارے کی داغ بیل 2014 میں تقریباً پانچ سال قبل ڈالی ۔ چھوٹی بڑی ادبی و صحافتی تقریبات کا سلسلہ جاری رہتا ہے جوکہ مختلف موضوعات پر ہوتی رہی ہیں ، اسکے علاوہ کمیٹی کی آپسی بیٹھک بھی سہ ماہی ہوتی رہتی ہے ۔ ہماری خوش قسمتی سمجھ لیجئے کہ ہم بھی اس کمیٹی کا حصہ ہیں جو کہ پانچ سال قبل بنائی گئی تھی ۔ کمیٹی ممبران اور سربراہ کی مشترکہ رائے سے ایک نئے پروگرام کی داغ بیل ڈالی جانی تھی جس کا عنوان ’شامِ آگہی‘ متفقہ طور پر رکھا گیا ۔ اب اس ہستی کی تلاش شروع کی گئی جس کی خدمات کا اعتراف کیا جائے اور بہت غور کرنے کے بعد طے پایا کہ پہلی شام ہم اپنی کمیٹی کے صدر جناب پروفیسر ڈاکٹر رائیس صمدانی صاحب کیساتھ منائی جائے ۔ اس طرح سے پہلی تقریب کراچی کے فاران کلب میں گزشتہ جمعہ مورخہ جنوری ۷۱، ۰۲۰۲ کو بعد نماز مغرب منعقد کی گئی ۔
 

image


تقریب میں مختلف ادبی و صحافتی شخصیات نے ڈاکٹر صاحب کے کام پر اور انکی خدمات میں بہت کچھ بیان کیا جس میں کچھ ڈاکٹر صاحب کے رفیق بھی تھے ، شاگرد بھی تھے اور ہمنواؤں کیساتھ ہماری ویب رائٹرز کلب کے ہم رکاب بھی تھے ۔ ڈاکٹر صاحب کی شخصیت کا ابھی مختصر احاطہ ہی کیا گیا تھا کہ شام کی لالی رات کی سیاہی میں بدل گئی ۔ ہم کیونکہ اپنی بات کرنے سے قاصر رہے اور ایک تشنگی کیساتھ اس محفل سے رخصت ہوتے ہوئے یہ طے کیا کہ ہم ڈاکٹر صاحب کی پذیرائی اپنے قلم سے قلب تک میں کرینگے جو کہ ہم کرنے لگے ہیں ۔

پروفیسر ڈاکٹر رائیس احمد صمدانی صاحب تقریباً ۵۴ برس سے درس و تدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں ، ابتک ۴۳ کتابیں مختلف موضوعات پر شائع ہوچکی ہیں اور یقیناً کتنی ہی ابھی اشاعت کے مراحل میں ہیں ۔ ڈاکٹر صاحب سے تعلق رکھنے والے با آسانی ایک شفیق روحانی باپ کو دیکھ سکتے ہیں اور چہرے کے تاثرات اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ حالات و واقعات سے ایک طویل جنگ کرنے کہ بعد اب کسی سالار کی طرح دیکھائی دیتے ہیں ۔ ڈاکٹر صاحب نے معاشرتی ذمہ داریوں کو ہی اپنا لبادہ نہیں بنایا ، آپ کی کامیاب ازدواجی زندگی جاری و ساری ہے جس میں دو بیٹے اور ایک بیٹی بشمول پوتے پوتیاں ، نواسے اور نواسیاں شامل ہیں ۔ ڈاکٹر صاحب بطور شوہر ایک انتہائی ملنسار اور محبت کرنے والے ہیں ایسا کہنا ہے آپ کی زوجہ محترمہ کا (جن کا پیغام ان کی آواز میں سنایا گیا ) ۔ بطور پدر آپ اپنی ذمہ داریوں سے قطعی نہیں چوکے اور اس بات کی گواہی آپ کے خوب پڑھے لکھے بچے ہیں ۔

ڈاکٹر صاحب کو علم سے محبت وراثت میں ملی تھی اور ڈاکٹر صاحب ایک وضع دار انسان ہونے کے ناطے اپنی وراثت سے کیسے منہ موڑ سکتے تھے ۔ آپ ہمیشہ وقت کے ہم رکاب رہے اور دنیا میں ہونے والی تکنیکی جدت سے ہم آہنگ ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔ ڈاکٹر صاحب کی دو اہم قابل ذکر خصوصیات جن کا تذکرہ نا کرنا آپ کی سفر حیات کیساتھ نا انصافی سمجھی جائے گی پہلی بات ڈاکٹر صاحب کی ڈاکٹریٹ کی ڈگری پاکستان میں لائبریری تحریک کے فروغ اور کتب خانوں کی ترقی میں حکیم محمد سعید شہید کا کردار کے عنوان سے منسوب ہوئی ۔ ڈاکٹر صاحب کا کہنا ہے کہ انہوں نے بہت ساری کردار سازی سے متعلق عادتیں حکیم محمد سعید شہید سے سیکھیں اور ان پر عمل پیرا ہوکر زندگی کو کامیابی کا راہ پر گامزن کیا ۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ پاکستان میں لائبریری سائنس کے حوالے سے گنی چنی شخصیات ہیں جن میں سے ایک گراں قدر شخصیت ہمارے پروفیسر ڈاکٹر رائیس احمد صمدانی صاحب بھی ہیں ۔
 

image


ڈاکٹر صاحب سے ہماری ویب کہ توسط سے وابستگی ہوئی جہاں ڈاکٹر صاحب بطور ایک لکھاری بعنوان ’رشحات قلم ‘جانے جاتے تھے، ڈاکٹر صاحب اپنی ذات میں علم کا ذخیرہ لیئے پھرتے لیکن آپ نے کبھی ہم جیسے کم علموں پر اپنے علم کا رعب ڈالنے کوشش نہیں کی ۔ ہم نے ایسے تو بہت سے دیکھے ہیں جن کا تعلیم کچھ نہیں بگاڑتی یعنی انکی شخصیت کسی بگڑے ہوئے نواب سی ہو کر رہ جاتی ہے ، لیکن پروفیسر ڈاکٹر ہونے کے باوجود تعلیم نے آپ کا بہت کچھ بگاڑ دیا ہے اور اپنے سے کہیں کم علم والوں سے بھی آپ کے ملنے کا طریقہ ایسا ہوتا ہے کہ جیسے اپنے سے کہیں عالم و فاضل سے مل رہے ہوں ۔ بھلا یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ حکیم محمد سعید شہید سے رغبت ہو اور ہمارے پیارے نبی ﷺ سے محبت نا ہوسکے ، ڈاکٹر صاحب کی خندہ پیشانی اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ آپ سچے عاشقِ رسول ہیں اور اطباع رسول کے تحت زندگی بسر کر رہے ہیں ۔ ہم اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہیں کہ ڈاکٹر رئیس احمد صمدانی صاحب کو ایمان اور صحت کیساتھ عمر خضر عطاء فرمائیں اور ہ میں انکے فیض سے مستفید ہونے کی توفیق عطاء فرمائے(آمین یا رب العالمین)

ہماری ویب اور ہماری ویب رائٹرز کلب ذمہ داران اور ممبران:جناب ابرار احمد،جناب عطاء محمد تبسم ،پروفیسر ڈاکٹر خورشید احمد، جناب محمد اعظم عظیم اعظم ، جناب ارشد قریشی ، محترمہ ثناء غوری، جناب مصدق رفیق اور شیخ خالد زاہد نے اس پروگرام کی کامیابی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا اور عہد کیا کہ ایسی تقاریب کا سلسلہ جاری و ساری رہیگا ۔ انشاء اللہ ۔ اب ہم اور ہمارا ادارہ ہماری ویب رائٹرز کلب کسی ایسے گمنام سپاہی کی تلاش میں ہیں جو ہمارے ہر دللعزیز ڈاکٹر صاحب کی طرح اپنے قلم اور قرطاس سے علمی و ادب و صحافت کے میدان میں خاموشی سے برسر پیکار ہواور علم نے ان کا بھی بہت کچھ بگاڑ رکھا ہو ۔ قارئین بھی اس معاملے میں ہماری مدد کر سکتے ہیں اور ہماری ویب رائٹرز کلب کا حصہ بھی بن سکتے ہیں ۔

YOU MAY ALSO LIKE: