میرا شوہر لاجواب ہے ۔۔۔ ایسی اداکارائیں جن کی کامیابی کا سہرا ان کے شوہر کے سر ہے

image


جس طرح ایک مرد کی کامیابی کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے اسی طرح کامیاب عورت بھی اپنے مرد کے تعاون اور اعتماد کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کر سکتی ہے ۔ ہماری شوبز سے جڑی بہت ساری اداکارائیں ایسی ہیں جن کے کیرئير کو شادی کے بعد ان کے شوہروں کے تعاون اور اعتماد کے ساتھ کامیابی ملی آج ہم آپ کو ایسی ہی اداکاراؤں کے بارے میں بتائيں گے-

عائزہ خان کے شوہر دانش تیمور
ڈرامہ میرے پاس تم ہو کی مہوش اور حقیقی زندگی کی عائزہ خان شادی سے قبل بھی شوبز سے وابستہ تھیں ۔ جب ان کی شادی دانش تیمور سے ہوئی تو لوگوں کو یہ محسوس ہوا کہ شائد شادی کے بعد وہ اپنا ایکٹنگ کیرئير جاری نہیں رکھ سکیں گی- اور لوگوں کے ان خدشات میں اس وقت مزيد اضافہ ہو گیا جب کہ شادی کے پہلے ہی سال وہ امید سے ہو گئيں اور انہوں نے اداکاری میں گیپ دیا- مگر بچے کی پیدائش کے کچھ ہی عرصے بعد عائزہ خان پہلے سے بھی زیادہ اسٹائلش ہو کر شوبز میں واپس آئيں اور اداکاری اور ماڈلنگ میں اتنا کام کیا جس نے ان کی شہرت کو آسمان تک پہنچا دیا- اس حوالے سے عائزہ خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کے لیے سب سے اہم ان کی فیملی ہے اور وہ اپنے شوہر کے تعاون کے بغیر یہ سب نہیں کر سکتی تھیں- اس کے لیے وہ دانش کی شکر گزار ہیں اپنی اس محبت کا اظہار وہ وقتاً فوقتاً اپنے سوشل میڈيا اکاؤنٹ سے بھی کرتی رہتی ہیں-

image


زارا نور عباس کے شوہر اسد صدیقی
مشہور اداکارہ اسما عباس کی بیٹی زارا نور کی زندگی میں اداکاری کے میدان میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے ایک ٹریجڈی ان کی پہلی شادی تھی جو کہ انہوں نے اداکاری کی اجازت کے خیال سے کی مگر وہ بری طرح ناکام ہوئی ۔ اس کے بعد ان کی زندگی میں اسد صدیقی آئے جنہوں نے زارا کو نہ صرف شوبز میں کام کرنے کی مکمل اجازت دی بلکہ اپنی محبت کے ساتھ ہر ہر موقع پر ان کے ساتھ کھڑے نظر آئے جس نے زارا نور عباس کے اعتماد میں بہت اضافہ کیا اور وہ شادی کے بعد پہلے سے زیادہ کامیاب نطر آئيں-

image


ندا یاسر کے شوہر یاسر نواز
مشہور ہدایت کار کاظم پاشا کی بیٹی ندا یاسر نے شادی سے قبل اداکاری کے میدان میں نہ صرف اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا بلکہ کافی شہرت بھی حاصل کی- مگر اپنے کیرئير کے عروج پر انہوں نے یاسر نواز سے شادی کا فیصلہ کر لیا اور اس کے نتیجے میں شوبز کو خیر آباد کہہ دیا اور اپنی پوری توجہ اپنے گھر اور شوہر کو دی، ایک طویل غیر حاضری کے بعد انہوں نے ایک نجی چینل میں صبح کے شو کی میزبانی سے دوبارہ سے شوبز میں قدم رکھا ۔ ان کی صلاحیتوں نے یہاں پر بھی ان کو تنہا نہ چھوڑا اور انہوں نے اس شعبے میں بھی خود کو منایا ۔ اب جب کہ وہ مستقل طور پر صبح کے شو کے میزبان کے طور پر ہر روز اسکرین پر نظر آتی ہیں تو اس حوالے سے ان کا یہ ماننا ہے کہ یہ کامیابی ان کے شوہر کے تعاون کے بغیر ممکن نہ تھی- تاہم اب بھی وہ اداکاری کو وقت نہیں دے رہی ہیں اس حوالے سے ان کا کہنا یہ ہے کہ اداکاری کل وقتی کام ہے جس سے ان کا گھر اور فیملی متاثر ہوتی ہے اس لیے وہ میزبانی پر ہی خوش ہیں-

image


حرا مانی کے شوہر سلمان مانی
حرا مانی نے شوبز میں قدم شادی کے بعد رکھا اس وقت تک مانی اپنے آپ کو منوا چکے تھے- مگر انہوں نے اپنی کامیابی کے ساتھ ساتھ اپنی بیوی کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے کیرئير کو بھی اپنے ساتھ ساتھ بڑھایا ۔ جس کے نتیجے میں گزشتہ کچھ سالوں سے حرا مانی کی کامیابیوں اور مقبولیت کا گراف مستقل طور پر اوپر ہی جا رہا ہے۔ حرا مانی کا یہ ماننا ہے کہ وہ آج جو کچھ بھی ہیں اس کا سبب صرف اور صرف ان کے شوہر مانی ہیں جن کی حوصلہ افزائی نے ان کو اعتماد بخشا اور کام کرنے کا حوصلہ دیا-

image


صنم جنگ کے شوہر سید عبدل قاسم جعفری
صنم جنگ کے شوہر کا تعلق اگرچہ شوبز سے نہیں ہے شادی سے قبل وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ شو کی میزبانی بھی کر رہی تھیں- مگر شادی کے بعد انہوں نے شوبز کو خیر آباد کہہ دیا اور بیٹی کی پیدائش کے بعد شدید ترین پوسٹ پارٹم ڈپریشن کا شکار ہو گئیں- ایسے وقت میں ان کے شوہر نے ان کا بہت ساتھ دیا اور ان کو دوبارہ سے کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ شوہر سے ملنے والے اعتماد کے سبب انہوں نے ایک بار پھر اداکاری اور شو کی میزبانی شروع کی جس کے سبب نہ صرف ان کی نفسیاتی حالت میں بہتری آئی بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ان کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوا اس بات کا ذکر وہ اکثر اپنے شو کی میزبانی کے دوران بھی کرتی ہیں کہ کس طرح ان کے شوہر نے ان دنوں ان کو سپورٹ کیا اور ان کو دوبارہ سے کام کی جانب راغب کر کے ان کی جان ان نفسیاتی مسائل سے چھڑوائی-

image
YOU MAY ALSO LIKE: