بحیثیت مسلمان ہمیں اچھے اعمال و افعال اور نیک
نامی میں آگے ہونا چاہئے، مگر اس کے برعکس ہمارے معاشرے کاایک خاص طبقہ
بددیانتی اور لوٹ مار میں آگے نظر آتا ہے۔ نا جائز منافع خوری ، ناپ تول
میں کمی ، اشیاء خورد و نوش میں ملاوٹ و مہنگائی ہمارا وطیرہ بن چکا ہے ۔
اشیائے خورد و نوش میں سب سے سستا نمک ہے مگر صد افسوس کہ ملٹی نیشنل
کمپنیوں کے پیک شدہ نمک کی فروخت بڑھانے کے لئے عام خوردنی نمک میں بھی
پتھر کی ملاوٹ کی جارہی ہے ۔ چنے کے چھلکوں سے چائے کی پتی اور پھر اس میں
جانوروں کا خون اور مضر صحت رنگ ۔ بیکریوں میں گندے انڈوں کا استعمال ، آٹے
میں میدے کی آمیزش ، سرخ مرچوں میں چوکر،اینٹوں ولکڑی کا بورا،کالی مرچوں
میں پپیتے کے بیج کی ملاوٹ ، معروف برانڈ کی کمپنیوں کے ڈبوں میں غیر
معیاری اشیاء کی پیکنگ جیسی دھوکہ دہی ہمارے معاشرے میں عام ہے۔ ملاوٹ
مافیا کہیں خطرناک کیمیکل، سوڈیم کلورائیڈ، فارمالین، ڈٹرجنٹ اور پانی کی
آمیزش سے دودھ تیار کرکے فروحت کررہے ہیں تو کہیں دودھ کی مقدار کو بڑھانے
کے لئے اس میں پروٹین، چکنائی، کوکنگ آئل، یوریا اور دیگر مضر صحت کیمیکلز
کو شامل کیاجارہا ہے ۔ اسی طرح ٹافیوں، پرفیوم، شیمپو، میک اپ کے سامان میں
مختلف بیماریوں کا باعث بننے والی اشیاء کی ملاوٹ کی جارہی ہے۔ کہیں گوشت
کا وزن بڑھانے کے لیے ذبیحہ کی شہ رگ میں پانی کا پریشر استعمال کیا جارہا
ہے تو کہیں گدھے، گھوڑے، کتے اور مردار کا گوشت مدغم کر کے فروخت کیا جا
رہا ہے۔ ایسا گوشت عام طور باربی کیو اور ہوٹلوں پر پر مرغن او مصالحہ دار
بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔ مرغیوں کی چربی سے بنے ناقص گھی اور تیل میں بیسن
کی بوندیاں اور بچوں کے کھانے کی چیزیں تلی جارہی ہیں ۔ جبکہ ہماری نہروں
میں شہر بھر کے گٹروں کا پانی ڈالا جارہا ہے جو کہ بعد ازاں نہروں سے
کھیتوں میں جاتا ہے ، اورپھر اسی گندے اور زہریلے پانی میں سبزیاں کاشت کی
جارہی ہیں۔
اشیائے خورد و نوش کی اس گھمبیر صورتحال کے نتیجے میں بچوں کی نشوونماء
متاثر ہورہی ہے، اور شہریوں بالخصوص بچوں میں بیماریاں پھیل رہی ہیں، اور
ہر چوتھا پاکستانی منہ،جگرکے کینسر، ہیپا ٹائٹس، گردوں کے امراض ،شوگر،
بلڈپریشر،جلدی امراض اور معدے کے عارضوں میں مبتلاہے۔ ملک بھر میں سرکاری و
نجی اسپتالوں پر مریضوں کا رش دیکھ کر یوں محسوس ہوتا ہے جیسے ملک میں کوئی
خطرناک وبا پھوٹ پڑی ہے ، شاید ہی کوئی گھر ایسا ہو جس میں کوئی مریض نہ ہو۔
اس پر ستم ظریفی یہ کہ مضر صحت اشیاء کے ہاتھوں بیمار ہونے کے بعد خالص
دوائیں تک دستیاب نہیں ہوتیں، کیونکہ ادویات میں بھی ملاوٹ کی بھرمار ہے۔
بہت سے تاجر اور دکاندار گاہک کو بظاہر پوری چیز دیتے ہیں لیکن حقیقت میں
مقدار سے خاصی کم ہوتی ہے۔آہ! کس کس چیز کا ذکر کیا جائے غرضیکہ آج بہت سے
انسان دونوں ہاتھوں سے ناجائز دولت سمیٹنے کے لیے ہر وہ قدم اٹھا رہے ہیں
جس کی منزل دنیا میں حصول زر اور آخرت میں جہنم کا ایندھن کے علاوہ کچھ
نہیں۔ انسان کی خودغرضی نے اسے اسقدر حریص بنا دیا ہے کہ وہ انسانیت کی
تمام حدیں پار کرنے اور دوسروں کی جان لینے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔ حالانکہ
ہر صوبے میں کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ موجود ہے، پنجاب میں بھی صارفین کے حقوق
و مفادات کے تحفظ اور غیرمعیاری اور ناقص اشیائے خور و نوش، مصنوعات اور
پبلک سروسز کے متعلق شکایات کے ازالہ کے لیے کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2005ء
نافذالعمل ہے۔ تعزیرات پاکستان کے باب 14 میں بھی اس حوالے سے قانون موجود
ہے اور پیور فوڈ آرڈیننس 1960ء میں بھی سزائیں تجویز کی گئی ہیں مگر طبیعت
میں خباثت ہوتو قانون کی حیثیت ہی کیا رہ جاتی ہے۔ مردہ ضمیر لوگ چند پیسوں
کے لالچ میں انسانی زندگیوں سے کھیلتے ہی چلے جا رہے ہیں ، ان کو خوف خداہے
نہ فکر آخرت۔ کچھ عرصے سے پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ مافیا کے خلاف اور
اشیائے خورد و نوش کا معیار بہتر بنانے کے لئے حرکت میں آئی ہے جو کہ اس
کھٹا ٹوپ اندھیرے میں چراغ کی مانند ہے۔بلاشبہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے
جرمانوں کے بعد بیکریوں اور ہوٹلوں میں صحت و صفائی کا معیار کسی حد تک
بہتر ہوا ہے لیکن ایسے غیر انسانی فعل پر ملاوٹ مافیا کو محض تھوڑا بہت
جرمانہ یا عارضی طور پر ان کا کاروباربند کیا جاناکافی نہیں ، ضرورت اس امر
کی ہے کہ انہیں عبرتناک سزائیں دی جائیں اور اس سلسلے مذید سخت قانون بنا
یاجائے تاکہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے ان بے ضمیروں کا قلع قمع ہوسکے۔
اگر بددیانتی کی سزا سزائے موت مقررکردی جائے اور ایسے غیر مذہبی اور غیر
انسانی فعل پر محض چند افراد کو تختہ دار پر لٹکادیا جائے تو بگڑے معاشرے
کی صورتحال خود بخود ٹھیک ہوسکتی ہے ۔ بلاشبہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے
کسی رعائت کے مستحق نہیں ۔ اﷲ تعالیٰ نے قرآن مجید فرقان حمید میں حضرت
شعیب علیہ السلام کی قوم کا قصہ ذکر فرمایا۔ ملاوٹ، دھوکہ دہی اور ناپ تول
میں کمی جیسی برائیاں اور قباحتیں حضرت شعیب علیہ السلام کی قوم ’’قوم مدین
‘‘ میں پائی جاتی تھیں، انہی بری عادتوں کے باعث ان پر اﷲ تعالیٰ کا عذاب
نازل ہوا اور پوری قوم تباہ و برباد ہو گئی۔ اس واقعے میں امت محمدیہ کے
لئے ملاوٹ مافیا اور ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے عبرتناک انجام کا عندیہ
ہے۔ ایک بار حضور نبی کریم صلی اﷲ علیہ وسلم نے گندم کے ایک ڈھیر میں ہاتھ
ڈالا تو وہ نیچے سے بھیگا ہوا نکلا، تو آپ صلی اﷲ علیہ و سلم نے فرمایا
’’جس نے ملاوٹ کی وہ ہم میں سے نہیں‘‘۔دوسری حدیث میں حضور نبی کریم صلی اﷲ
علیہ و سلم نے بہت سخت وعید ارشاد فرمائی ہے، فرمایا ’’جو شخص عیب دار چیز
فروخت کرے اور اس کے عیب کے بارے میں وہ خریدار کو نہ بتائے کہ اس کے اندر
یہ خرابی اور عیب ہے تو ایسا شخص مسلسل اﷲ تعالیٰ کے غضب میں رہے گا اور
ملائکہ ایسے شخص پر مسلسل لعنت بھیجتے رہتے ہیں۔‘‘ (ابن ماجہ) بلکہ اسلام
نے تو مسلمانوں کو عدل سے بھی اگلے درجے یعنی احسان اور ایثار کی ہدایت
فرمائی ہے۔
آج شریعت میں ممانعت اور سخت عذاب کی وعید اور ملک میں قانون موجود ہونے کے
باوجود جابجا ملاوٹ مافیا اور کم تولنے والوں کی بھر مار ہے۔ اندازہ کیجئے
وہ کیسے مسلمان ہیں جنکے ہولناک کارناموں سے انسانیت بھی شرما رہی ہے؟ یہ
نہ تو مسلمان ہیں، نہ ہی انسان ، بلکہ درندے ہیں۔ ایسے وحشی جن سے اصل
درندوں کو بھی خوف آئے۔ وطن عزیز میں اشیائے خوردو نوش اور ادویات میں
ملاوٹ کرنے والوں ، جعلی اور ناقص اشیاء تیار و فروخت کر کے لوگوں کی
زندگیوں سے کھیلنے والوں کے لئے کم از کم پھانسی جیسی سخت ترین سزا ہونی
چاہئے تاکہ پاکستان سے ملاوٹ مافیا کا قلع قمع ہوسکے۔ اس کے علاوہ لوگوں کی
اصلاح کے لئے ریاست کے چوتھے ستون میڈیا اور علماء کو کردار ادا کرنا چاہئے
، تاکہ عوامی سطح پر لوگوں کی ذہن سازی اور تجارت کے شرعی اصولوں سے آگاہی
ہوسکے۔ شریعت نے ہمیں دیانت داری ، پورا تولنے، ملاوٹ سے بچنے اور جھوٹ سے
پرہیز کی تلقین کی ہے، اور بلاشبہ یہ سنہری اصول اپنا کر ہی ہماری پوری قوم
ہر طرح کی مصیبتوں اور آفات سے نجات پاسکتی ہے، اس عمل سے جہاں ہمارے مسائل
حل ہوں گے،وہاں کاروبار میں برکت اورلوگوں کا اعتماد بھی حاصل ہوگا۔ اﷲ
تعالیٰ ہمیں اس حقیقت کا ادراک نصیب فرمائے، اور ملاوٹ و ناپ تول میں کمی
اور اس کے عذاب سے بچنے کی حقیقی فکر نصیب فرمائے۔
|