آدابِ تدفین

آداب۔ سب سے پہلے قارئین کا شکریہ کہ آپ لوگوں نے کمنٹس کئے اور مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا۔ آپ کے کمنٹس سے مجھے دل کی گہرائیوں سے خوشی ہوئی کہ میری محنت رائیگاں نہیں جا رہی۔ مگر آپ کی اطلاع کے لئے بتا دوں کہ میں ایک ہندو ہوں مگر پاکستانی ہونے اور اردو سے واقفیت کی بنا پر اسلام کا مطالعہ تسلی بخش حد تک ہے۔ آپ لوگوں کی درخواست پر ایک آرٹیکل لکھ رہی ہوں۔ اُمید کرتی ہوں کہ پسند آئے گا

ڈاکٹر شاکرہ نندنی، پُرتگال

قبرستان میں کسی عزیز کی موت پر تدفین کے لئے لوگ جمع تھے، سلیں رکھی جا چکی تھیں اور مٹی ڈالنے کا عمل شروع ہوچکا تھا۔ ایسے میں پیچھے سے آواز آئی کہ مٹی ڈالتے وقت کونسی آیات پڑھتے ہیں؟

وہاں موجود لوگوں میں خاموشی سی چھا گئی، اکثر کو آتی ہی نہ تھی، کچھ کو کچی پکی یاد تھی اوریقیناً کچھ کو آتی بھی ہوگی۔ لیکن ان سب سے پہلے سولہ سترہ سالہ گورکن کا بیٹا جو مٹی ڈالنے کے عمل میں بیلچہ سے شریک تھا، سیدھا ہوا اور کمال اعتماد سے بلند آواز میں اُن آیات کی تلاوت شروع کردی۔ اس کے صاف تلفظ سے لوگوں کوخوشگوار حیرت ہوئی۔ یہ آیات پڑھنے کے دوران بھی وہ اپنے کام میں مصروف رہا۔

ہمارے ذہن میں یہ سوچ آسکتی ہے کہ اس کا بچپن بھی اسی ماحول میں گزرا، اس لئے اسے یاد ہوگئی ہوگی۔ بہرحال اس کے پڑھنے میں لوگوں کو ایک شوق اور رغبت محسوس ہوئی۔

اصل بات یہ نہیں کہ اسے کیسے یاد تھی؟؟؟

بلکہ سوچنے کی بات یہ ہے کہ ہم بھی یاد کرلیں تو کتنا خوب ہوجائے۔ یہ سولہویں پارے میں موجود سورہ طٰہٰ کی آیت نمبر پچپن 55 ہے۔ تین دفعہ دونوں ہاتھوں میں مٹی بھر کرقبر پر ڈالنی ہے۔
پہلی دفعہ ڈالتے ہوئے پڑھنا ہے۔
مِنْهَا خَلَقْنَاكُمْ۔۔۔۔۔
ترجمہ: اسی زمین سے ہم نے تمھیں پیدا کیا

دوسری دفعہ ڈالتے ہوئے پڑھنا ہے۔
وَفِيْـهَا نُعِيْدُكُمْ۔۔۔۔۔
ترجمہ:اوراسی میں ہم تمھیں واپس (بعد موت) لے جائیں گے۔۔۔۔۔۔

تیسری دفعہ ڈالتے ہوئے پڑھنا ہے۔
وَمِنْهَا نُخْرِجُكُمْ تَارَةً اُخْرٰى۔۔۔۔۔
ترجمہ:اور(قیامت کے روز) پھر دوبارہ اسی سے ہم تم کو نکال لیں گے۔۔۔۔
آیت بھی بہت آسان ہے اوربرکت بھی بہت ہے۔
 

Dr. Shakira Nandini
About the Author: Dr. Shakira Nandini Read More Articles by Dr. Shakira Nandini: 280 Articles with 243676 views Shakira Nandini is a talented model and dancer currently residing in Porto, Portugal. Born in Lahore, Pakistan, she has a rich cultural heritage that .. View More