میرے والد مجھے فوجی بنانا چاہتے تھے مگر میں ان کی خواہش پوری نہ کر سکا --- ایسے سیلیبریٹی جن کے والدین تعلیم کی اہمیت سے واقف تھے

image


تعلیم کی اہمیت ہر دور میں تسلیم کی جاتی رہی ہے انسان کا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو تعلیم کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہی رہتی ہے- پڑھے لکھے والدین کی ہمیشہ یہی کوشش ہوتی ہے کہ ان کی طرح ان کے بچے بھی تعلیمی میدان میں ایسے ہی کارنامے انجام دیں جیسے کہ ان کے والدین کر چکے ہیں- مگر یہ لازم نہیں ہے کہ پڑھے لکھے والدین کے بچے بھی اپنے والدین کی طرح اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوں ایسے ہی کچھ شوبز کے افراد کے بارے میں ہم آپ کو بتائیں گے کہ جنہوں نے شوبز میں کامیابی تو حاصل کر لی مگر تعلیمی میدان میں اپنے والدین کی طرح کامیاب نہ ہو سکے-

1: مرینہ خان
مرینہ خان کے والد کا تعلق پاکستان ائیر فورس سے تھا اور ان کی والدہ ایک انگریز خاتون تھیں مگر چونکہ ان کے والد کا ٹرانسفر ہر دو سال بعد ہو جاتا تھا- اس وجہ سے وہ بار بار اسکول تبدیل کرنے کے سبب تعلیمی میدان میں بہت اعلی ڈگریاں حاصل نہ کر سکیں اور شو بز کے شعبے میں انتہائی کم عمری میں اپنی دوست کی مدد سے قدم رکھ دیا ان کا پہلا ڈرامہ ائیر فورس کے پس منظر پر بنایا گیا ڈرامہ تنہائیاں تھا-

image


2: صنم سعید
صنم سعید کے والد انٹیرئیر ڈیزائنر جب کہ ان کی والدہ آرٹ ٹیچر تھیں انہوں نے او لیول کا امتحان کراچی کے ایک بڑے اسکول سے پاس کیا- اس کے بعد اے لیول میں کامیابی کے بعد مزید تعلیم کے بجائے ماڈلنگ اور اداکاری کے شعبے میں قدم رکھ دیے- اور اسی شعبے میں نام بنانا شروع کر دیا اور تعلیم کا سلسلہ تھم سا گیا-

image


3: بلال عباس
بلال عباس کا تعلق کراچی سے تھا ان کے والد کراچی پولیس میں ڈی ایس پی کے عہدے پر فائز رہے- ان کی خواہش تھی کہ بلال اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے فوج میں جائے اس وجہ سے انہوں نے بلال کو مری کے بورڈنگ اسکول میں بھی رکھا- جہاں سے واپس آنے کے بعد ان کے والد نے جب ایک بزنس اسکول میں اعلیٰ تعلیم کے لیے داخل کروایا تو اس وقت بلال عباس نے ہمیشہ سے اپنے شوق اداکاری کو اپنانے کا فیصلہ کیا- اور بزنس اسکول کی کلاسز کو شام میں تبدیل کروا کر صبح میں ایکٹنگ کی کلاسز کا آغاز کر دیا اور اداکاری کو بطور پروفیشن اپنا کر تعلیم کے سلسلے کو روک دیا-

image


4: شہریار منور
شہریار منور کا تعلق انتہائی تعلیم یافتہ خاندان سے ہے ان کے والد ریٹائر ائیر کموڈور تھے اور ان کو ان کی اعلیٰ خدمات کے سبب ستارہ امتیاز اور تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا تھا- مگر شہریار منور نے اے لیول کے بعد بزنس ایڈمنسٹریشن کے شعبے میں گریجوئشن کرنےکے بعد شو بز کو بطور پروفیشن جوائن کر لیا اور مزید تعلیم کے سلسلے کو منقطع کر دیا-

image


5: علی کاظمی
علی کاظمی مشہور اداکار راحت کاظمی اور سائرہ کاظمی کے بیٹے ہیں- راحت کاظمی نے سی ایس ایس کا امتحان پاس کیا اور سرکاری نوکری کو چھوڑ کر اداکاری کے شعبے کو چنا- اس کے ساتھ ساتھ ایک کالج میں بطور پروفیسر اپنی خدمات بھی انجام دیتے رہے جب کہ علی کاظمی نے صرف گریجوئشن پر ہی اکتفا کیا اور ٹورنٹو سے اداکاری کے شعبے میں ڈپلومہ حاصل کیا-

image
YOU MAY ALSO LIKE: