کورونا سے عافیہ کو بھی خطرہ

30مارچ ،یوم سیاہ ۔پاکستانی قوم کا فخر ،سچی ہمدرد اور غمگسار بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے اغواء کا دن، جب کچھ اقتدار اور طاقت کے نشے میں چُور عناصر نے چند سکوں اور مفادات کے عوض ایک معصوم پاکستانی کو اس کے تین بچوں سمیت دشمن کو تھالی میں رکھ کر پیش کر دیا۔30 مارچ 2020 کوعافیہ صدیقی کے اغوا ء کو سترہ برس ہو جائیں گے۔ایک ماں کے لئے اس کی بیٹی کی جدائی کے تکلیف دہ اور صبر آزما سترہ برس۔ کہنے کو سترہ برس اور سہنے میں سترہ صدیاں۔ ان گزرے 17سالوں میں ملک کے ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے عافیہ کو کبھی فخرپاکستان کے نام سے پکاراتوکبھی قوم کی بیٹی کہہ کر۔ کبھی عورتوں کے عالمی دن کو ہی عافیہ صدیقی کے نام سے منسوب کر دیاگیا،جن میں ہمارے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاست دان پیش پیش رہے ہیں۔وہ سیاستدان جو الیکشن سے قبل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو، ان کی رہائی کو انتخابی نعرے کے طور پر قوم کی ہمدردیاں سمیٹنے کے لئے تو استعمال کرتے ہیں لیکن اقتدار کے ایوانوں میں پہنچنے کے بعد سرے سے بھول ہی جاتے ہیں۔یا جان بوجھ کر اس موضوع سے صرف نظر کرتے ہیں جس کا عملی مظاہرہ موجودہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اپنے امریکی دوروں کے موقعہ پر کیا۔ لیکن اس سب کے باوجود پاکستانی عوام کے دلوں میں خصوصا عافیہ صدیقی کے اہل خانہ کے دلوں میں امید کی ایک کرن آج بھی روشن ہے کہ یقینا کوئی محمد بن قاسم آئے گا جو ایک مظلوم اور بے گناہ بیٹی کی فریاد سن کر داد رسی کرے گا۔عافیہ صدیقی ارباب اختیار کو پرکھنے کی کسوٹی ہے، گزرے سترہ سالوں میں کئی حکمران اس کسوٹی پر پرکھے جا چکے ہیں ، لیکن کوئی بھی حکمران متعدد مواقع ہونے کے باوجود اس کسوٹی پر پورا نہیں اتر سکا۔ اب باری وزیر اعظم پاکستان عمران خان صاحب کی ہے۔عمران خان وزیر اعظم بننے سے قبل کئی بار پاکستانی حکمرانوں کی بے حسی کا رونا رو چکے ہیں کہ اگر میں اقتدار میں ہوتا تو کبھی پاکستانی بیگناہ بیٹی کو امریکی جیل میں نہ رہنے دیتا۔اﷲ پاک نے عمران خان کو موقع فراہم کیا ہے کہ اپنے دعوے کو سچ ثابت کر دکھائیں۔آج ساری دنیا کو کورونا وائرس کی وجہ سے زندگی کا خطرہ ہے۔ حکومتیں اپنے ملک کو اپنی عوام کو اس وبا سے بچانے کے لئے تمامتر احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہیں۔ جیلوں میں قید افراد کو رہا کر رہی ہیں ۔CNNکی حالیہ رپورٹ کے مطابق امریکہ میں یہ وائرس جیلوں تک پہنچ چکا ہے اور اس کی تباہ کاریوں کے نیتجے میں کئی ا موات متوقع ہیں۔اس تما م صورتحال میں ڈاکٹر عافیہ کی فیملی انتہائی پریشا ن ہے کیونکہ گذشتہ تین سال سے ان کا ڈاکٹر عافیہ سے کوئی رابطہ نہیں ہے، نہ تو ویڈیو کال کے ذریعے اور نہ ہی فون کال کے ذریعے، جو کہ ایک قیدی کا حق ہوتا ہے۔انہیں نہیں معلوم کہ ان کی بیٹی عافیہ کس حال میں ہے؟ آپ کے اخبار کے توسط سے میں ارباب اختیار خصوصا اپنے وزیر اعظم کی توجہ اس جانب مبذول کرانا چاہوں گی کہ آپ عافیہ کی رہائی کے دو مواقع ضائع کر چکے ہیں، خدارا یہ تیسرا سنہری موقع ضائع نہ کیجئے گا۔ اپنے انتخابی دعووں کے برخلاف ابھی تک عافیہ کی رہائی کیلئے آپ نے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ خدارا اب تو اپنے وعدے کو پورا کیجئے۔ ڈاکٹر عافیہ کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے باضابطہ طور پر خط لکھ کر عافیہ کی رہائی کا پُرزور مطالبہ کیجئے ، کیونکہ یہ وقت کا تقاضہ بھی ہے ۔دوسرے ممالک کے حکمران اپنے قیدیوں کی امریکی جیلوں سے رہائی کے لئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں ۔عافیہ کی جان کو بھی کورونا وائرس سے خطرات لاحق ہیں، آپ بھی اپنی قوم کا کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کے عافیہ صدیقی کی رہائی کے لئے بھرپور آواز بلند کیجئے، یقین مانیے اس جدو جہد میں پوری قوم ٓاپ کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ کورونا وائرس سے ڈاکٹر عافیہ کی جان کو بھی خطرہ ہے، اس سے قبل کہ بہت دیر ہوجائے اور تاریخ میں آپ کا نام بھی پاکستانی مظلوم بیٹی کے مجرم کے طور پر لکھ دیا جائے، ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لئے کئے گئے اپنے وعدے اور اپنے فریضے کو پورا کیجئے ، ان کی بحفاظت امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی ممکن بنائیں۔
 

Aziz Fatima
About the Author: Aziz Fatima Read More Articles by Aziz Fatima: 2 Articles with 1575 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.