ایک گولی نے کتنے چراغ بجھا دیے، شوبز ستارے جن کی موت کا سبب صرف ایک گولی بن گئی

image


اللہ تعالیٰ نے انسان کو جس وقت اس دنیا میں پیدا کیا ہوتا ہے اسی وقت اس کی تقدیر میں اس کی موت کا فیصلہ بھی ہو جاتا ہے- مگر کچھ شقی القلب انسان ایسے بھی ہوتے ہیں جو قدرت کے اس کام کو اپنے ہاتھ میں لے لیتے ہیں اور موت کو غیر فطری کر دینے کا باعث بن جاتے ہیں۔ شوبز سے جڑے لوگوں کی زندگیاں جہاں بہت رنگا رنگ ہوتی ہے وہاں کچھ ایسے لوگ بھی ہوتے ہیں جن کی موت بھی ان کی زندگی کی طرح بڑی خبر بن جاتی ہے- اور غیر فطری انداز میں ان کی موت کسی نہ کسی پوشیدہ کہانی کی جانب اشارہ کرتی نظر آتی ہے جو ان کے ساتھ ہی قبر میں اتر جاتی ہے اور لوگ اس سے بے خبر ہی رہ جاتے ہیں ایسی ہی کچھ اموات کے بارے میں ہم آج آپ کو بتائيں گے-

1: امجد صابری
امجد صابری کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے ان کی زندگی سے بھرپور آواز اور جذبہ ایمانی سے بھر پور قوالیوں نے لوگوں میں جذبہ ایمانی کی روح پھونک دی تھی- مگر شائد کچھ شیطان فطرت لوگوں کو ان کا یہ انداز ایک آنکھ نہ بھایا اور ان کی زندگی کے چراغ کو اس وقت ایک گولی سے بجھا دیا جب کہ وہ 2016 میں رمضان ٹرانسمیشن کے ایک پروگرام کی ریکارڈنگ کے لیے جا رہے تھے ان کے قاتل اب تک کیفر کردار تک نہیں پہنچ سکے-

image


2: قسمت بیگ
اسٹیج ڈرامے جو کہ زیادہ تر رات میں پیش کیے جاتے ہیں ان کی اداکاراؤں کو ہمارے شعبہ ادب میں کبھی بھی اچھا مقام حاصل نہ ہو سکا اور ان ڈراموں کو دیکھنے والے بھی ان کو عزت کی نگاہ سے دیکھنے سے کتراتے ہیں- اور کچھ ظالم افراد تو ایسے بھی ہوتے ہیں جو کہ ایسی اداکاراؤں کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں ایسا ہی کچھ اسٹیج کی مشہور اداکارہ قسمت بیگ کے ساتھ بھی ہوا جن کو 2016 میں اسٹیج ڈرامے کے بعد واپسی پر ایک پروڈیوسر نے صرف اس لیے اپنی گولی کا نشانہ بنا دیا کہ انہوں نے اس کے ڈرامے میں کام کرنے سے منع کر دیا تھا-

image


3: یاسمین
اداکارہ یاسمین جو کہ کئی ڈراموں اور فلموں میں بہترین اداکاری کرتے ہوئے شوبز میں اپنی شناخت بنانے کے مرحلے سے گزر رہی تھیں مگر ان کے شوہر نے گھریلو ناچاقی پر یاسمین کی زںدگی کا فیصلہ اپنے ہاتھوں میں لے لیا اور 1999 میں صرف ایک گولی مار کر اداکارہ یاسمین کو ہلاک کر دیا-

image


4: نادرہ
اداکارہ نادرہ کی موت فلمی دنیا میں اس لیے ہمیشہ یاد رکھی جانے والی اموات میں سے ایک ہے کیوں کہ آٹھ سال تک کی سخت محنت کے بعد جب نادرہ نے فلمی دنیا کی نمبر ون ایکٹریس کا اعزاز اپنے نام کیا تو اس وقت ان کے چاہنے والوں کی تعداد بہت زيادہ ہو چکی تھی- اور 1995 میں ان کو جب اچانک گولی مار کر قتل کیا گیا تو ان کے سوگواروں کی تعداد لاکھوں میں تھی- بدقسمتی سے ان کی موت کا سبب بھی کوئی اور نہیں بلکہ ان کا اپنا شوہر بنا جس نے گھریلو جھگڑے کی بنیاد پر نادرہ کو ایک ریسٹورنٹ سے نکلتے ہوئے گولی مار کر ہلاک کر دیا-

image


5: سلطان راہی
سلطان راہی جن کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں سب سے زیادہ فلموں میں کام کرنے والے اداکاروں میں درج ہے اپنی دریا دلی اور اداکاری کے باعث ہر شعبے میں یکساں پسند کی نظر سے دیکھے جاتے تھے- مگر ان کی موت کا باعث بھی ایک گولی بنی تفصیلات کے مطابق ایک شوٹنگ کے بعد اسلام آباد سے لاہور واپسی کے سفر میں کچھ ڈاکوؤں نے ان کو لوٹنے کی کوشش کی جس پر مزاحمت کی کوشش میں 1996 میں ایک گولی ان کے زندگی کے چراغ کو بجھانے کا باعث بن گئی-

image
YOU MAY ALSO LIKE: