عالمی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے کھیلوں کی دنیا بھی محفوظ نہیں

image


عالمی وبا کورونا وائرس نے ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ چین، اٹلی، ایران، اسپین اور امریکہ کورونا سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک ہیں۔ دنیا بھر میں تمام کھیلوں کی سرگرمیاں خاص طور پر پروفیشنل فٹبال لیگ بھی معطل ہیں۔ یورو کپ 2020 کو ملتوی کرکے اگلے سال جولائی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیمپئنز لیگ اور یورپا لیگ کو بھی منسوخ کردیا گیا اور ابھی تک ان ایونٹس کے انعقاد کے نئی تاریخوں کا اعلان نہیں کیا گیا۔ کورونا وائرس نے کسی کو بھی نہیں بخشا۔ دنیائے کھیل سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی، منیجرز بھی اس وبا سے محفوظ نہیں رہ سکے اور جان کی بازی ہار گئے۔ کئی کھلاڑیوں میں کووڈ-19وائرس کی تشخیص ہوئی اور ان کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا جبکہ کئی پلیئرز احتیاطی طور پر آئسولیشن اختیار کرلی۔ کورونا وائرس کے باعث کئی لیگ اور بین الاقوامی مقابلے منسوخ ہوچکے ہیں جن میں ٹوکیو اولمپکس گیمز 2020، پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) بھی شامل ہے۔

اسکواش
دنیائے اسکواش سے پاکستان کے لیے 4 مرتبہ اسکواش کا برٹش اوپن جیتنے والے اعظم خان کورونا وائرس کا شکار ہوکر لندن میں انتقال کرگئے۔ اعظم خان 1959 سے 1962 تک مسلسل 4 بار اسکواش چیمپئن رہے اور وہ اسکواش کے عظیم کھلاڑی ہاشم خان کے چھوٹے بھائی تھے اور ان کا اپنا شمار بھی اسکواش کے لیجنڈز میں ہوتا تھا۔ ان کا ایلنگ ہسپتال لندن میں 95 سالہ اعظم خان کا کورونا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا تھا۔

image


کرکٹ
کورونا کے باوجود آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2020 کا شیڈول برقرار ہے میگا ایونٹ 18اکتوبر تا15نومبر تک ہونے کا شیڈول ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے سابق انٹرنیشنل کرکٹر ماجد حق عالمگیر وبا کورونا وائرس کا شکار ہوئے۔ پاکستان سپر لیگ کھیلنے والے انگلش کرکٹر ایلکس ہیلز میں بھی کورونا وائرس کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا تاہم انھوں نے برطانیہ پہنچ کر کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے کی تردید کی۔ 2020پاکستان سپر لیگ کے سیمی فائنلز اور فائنل کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ پی ایس ایل میں شریک کھلاڑیوں سمیت تمام 128 افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے۔

بنگلہ دیش کا دورہ پاکستان، انگلینڈ کا دورہ سری لنکا اور اب آسٹریلیا کا دورہ بنگلہ دیش منسوخ کردیا گیا۔ اس عالمی وبا کی وجہ سے انڈین پریمیئر لیگ بھی تاخیر کا شکار ہے۔ انگلینڈ کے مشہور کرکٹ کلب لنکاشائر کے چیئرمین ڈیوڈ ہوج کس کورونا وائرس کا شکار ہو کر چل بسے ۔ 71سالہ ہوج گزشتہ 22سال سے لنکا شائر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن تھے اور انہیں کافی عرصے سے صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔ کورونا وائرس نے سابق پاکستانی فرسٹ کلاس کرکٹر ظفر سرفراز کی جان لے لی۔ 50سالہ سابق کرکٹر کے کووڈ -19ٹیسٹ مثبت آئے تھے جس کے بعد ان کو پشاور کے نجی ہسپتال میں منتقل کیا گیا تھا اور گزشتہ تین دن سے طبیعت زیادہ خراب ہونے پر وینٹی لیٹر پر تھے۔ لیفٹ ہینڈ مڈل آرڈر بیٹسمین نے1988میں ڈیبیو کیا تھا۔

فٹبال
فٹبال کی دنیا بھی اس وبا سے محفوظ نہیں ہے، مشہور کلب انگلش پریمیئر لیگ کا رواں سیزن کورونا وائرس کے باعث معطل ہے اور سیزن کے بقیہ میچز 30اپریل سے شروع ہونگے۔ دوسری جانب ایف اے کپ کے چیئرمین رچرڈ بیون نے کہا ہے کہ لیگ دوبارہ شروع کرنے سے قبل کھلاڑیوں کے ٹیسٹ کروانے ہونگے۔ انگلش پریمیئر لیگ میں لیور پول 82 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ آرسنل کلب کے منیجر مائیکل آرٹیٹا میں کووڈ-19تشخیص ہونے کے بعد پلیئرز بھی خود آئسولیشن میں چلے گئے۔ پہلے چیلسی کے مڈفیلڈر کولم ہڈسن اوڈوئی کے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر آئی تھی۔ بعدازاں انہوں نے سوشل ویب سائٹ ٹوئٹر پر یہ انکشاف کیا کہ وہ کورونا وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔ رواں ماہ مانچسٹر سٹی کے منیجر پیپ گورڈیلا کی والدہ ڈالرز سالاکاریو ،اسپین میں 82سال کی عمر میں کورونا وائرس سے ہلاک ہوگئیں۔

اسی طرح اسپینش لالیگا اور کوپا ڈیل رے فائنل کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا اور اسپین کے کئی کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص کی تصدیق ہوچکی ہے۔ اسپینش فٹبال کوچ فرنسسکو گارشیا بھی کورونا کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ لالیگا کلب، ڈیپورٹیو الیو کے تین کھلاڑی سمیت 15 اسٹاف ممبرز کے ٹیسٹ پازیٹو آئے۔ ویلنشیا نے اعلان کیا کہ اس کے پانچ کھلاڑیوں کو کورونا وائرس پازیٹو آنے کے بعد قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔ اسپونیل، ریال میڈرڈ اور بارسلونا کے بھی کئی پلیئرز کوووڈ کا شکار ہوکر سیلف آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

image


چین کے انٹرنیشنل فٹبال وولی کورونا وائرس سے صحتیاب ہورہے ہیں۔ وولی چین کے پہلے کھلاڑی ہیں جو اسپونیل کی جانب سے کھیلتے ہیں۔ اس کے علاوہ اسپونیل کے چھ اسٹاف ممبر بھی اس وائرس کا شکار ہیں تاہم ان کے نام ظاہر نہیں کئے گئے۔ اسپین کے معروف فٹبال کلب ریال میڈرڈ کے سابق صدر لورینزو سانز 76 برس کی عمر کورونا وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ وہ کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ انہوں نے 1995 سے 2000 تک اسپینش فٹبال کلب ریال میدرڈ کےلئے بحیثیت صدراپنے فرائض انجام دیئے ۔ اٹلی کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک میں سے ایک ہے۔ اٹلی میں بھی فٹبال لیگ سری اے اور کوپا اٹیلیا کو بھی غیر معینہ مدت تک معطل کردیا گیا ہے۔ یوونٹس کے بلیسی ماتوڈی، ڈنئیل روگانی اور ڈوسن والاہوک اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔ یوونٹس کلب حکام نے باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ کھلاڑیوں سمیت 121اسٹاف ممبرز میں کورونا کی علامتیں پائی گئیں ہیں اور وہ لوگ اب قرنطینہ میں وقت گزار رہے ہیں۔ سپموڈوریا کے پانچ کھلاڑی عمر کولے، ایلبن اقبال، انتھونینو لا گومینا، مورٹین ٹورسبی اور مینالو گباڈینیی اورفورینٹینا کے پیٹرک کرٹورنے، جرمن پزیلا اور ڈاؤسن ولاووچ بھی متاثر ہوئے۔ واضح رہے کہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو بھی میڈیرا میں اس وقت قرنطینہ میں ہیں کیونکہ ان کے ایک ٹیم ممبر میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے اسٹار کیلان ماپے کے کورونا وائرس ٹیسٹ منفی آنے کے بعد فرنچ لیگ اور کوپا ڈی فرانس کے میچز بھی منسوخ کردیئے گئے۔ جرمن بنڈس لیگا کے تمام میچز بھی2 اپریل تک منسوخ کردیئے گئے تھے تاہم 2اپریل کے بعد کھلاڑیوں نے ٹریننگ شروع کردی ہے اور حکام پرامید ہیں کہ بہت جلد لیگ میچز کا انعقاد ممکن ہوسکے گا۔ چینی فٹبال کلب، شین ڈونگ لیننگ کے مورونے فیلانی کے بھی ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کو ہسپتال میں ہی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔ سابق ترک فٹبالر رستو رکبر کورونا وائرس کا شکار ہوئے، ان کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں اور ان کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ادھر بیلا روس میںکرونا کے باوجود فٹبال میچز شیڈول کے مطابق جاری ہیں۔

ٹینس
دنیائے ٹینس کا تیسرا گرینڈ سلم ومبلڈن چیمپئن شپ کورونا وائرس کے باعث ملتوی کردیا گیا۔ خیال رہے کہ فرنچ اوپن بھی عالمی وبا کی وجہ سے مسنوخ کیا گیاہے۔ اس کے علاوہ اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے نے بھی ٹورنامنٹس کی معطلی میں اضافہ کردیا ہے اور اب تمام پروفیشنل ٹینس ٹورنامنٹس 13 جولائی تک معطل رہیں گے۔ اس سے قبل اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے نے مقابلے 8 جون تک معطل کیے تھے۔ دنیائے ٹینس کا قدیم ترین ایونٹ ومبلڈن 29 جون سے 12 جولائی تک لندن میں شیڈول تھا ۔کیرولین ووزنیا کا الوداعی میچ کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیا۔ سابق ورلڈ نمبر ون کھلاڑی کو اپنے کیرئیر کے آخری میچ 18مئی کو امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کیخلاف کھیلنا تھا تاہم دنیا بھر میں جاری کورونا وائرس کی وجہ سے میچ منسوخ کرنا پڑا۔

image


دوسری جانب یو ایس اوپن ٹینس کورٹس کو عارضی ہسپتال میں تبدیل کردیا گیا۔ امریکہ میں کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعد ہسپتال کم پڑگئے ہیں، اسی مقصد کے لیے ٹینس کورٹس کو اب ہنگامی طورپر کورونا کے مریضوں کے لیے عارضی گھر کی سہولت دی گئی ہے جہاں میڈیکل اسٹاف کی نگرانی میں انہیں رکھا جاسکے گا۔

اولمپکس
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر ٹوکیو اولمپکس2020 کو ملتوی کرکے 2021میں انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب فیفا نے آئی او سی کے ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ اولمپک گیمز کا انعقاد جولائی تا24اگست تک ٹوکیو میں ہونا تھا۔ خیال رہے کہ کینیڈا نے ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا ۔25اگست 2020 سے شروع ہونے والے پیرالمپکس کو بھی ایک سال کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے اور اب گیمز کا انعقاد آئندہ سال 24اگست سے 5ستمبر 2021 تک کھیلے جائیں گے۔ ٹوکیو اولمپکس کی کوالیفائنگ ونڈو معطل کرتے ہوے یکم دسمبر سے دوبارہ آغاز کا اعلان کر دیا گیا ۔

بیس بال
کورونا وائرس کی بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کی وجہ سے ایک جانب دنیا بھر میں کھیلوں کی تمام سرگرمیاں معطل ہیں تو دوسری جانب جنوبی کوریا میں بیس بال کا آغاز کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کے کیسز میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں آہستہ آہستہ شروع کی جارہی ہیں۔ میجر لیگ بیس بال کی ٹیمیں خالی اسٹیدیم میں انٹر اسکواڈ ٹریننگ کر رہی ہیں۔ میجر لیگ بیس بال کا آغاز 28 مارچ سے ہونا تھا لیکن میچز کورونا وائرس کے باعث التوا کا شکار ہیں جبکہ منتظمین پر امید ہیں کہ مئی کے آخر میں بیس بال لیگ شروع ہو سکتی ہے۔

ٹیبل ٹینس
عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دوسری بار ورلڈ ٹیبل ٹینس ٹیم چیمپئن شپ منسوخ کردیا گیا۔ ابتدا میں ورلڈ ٹیبل ٹینس ٹیم چیمپئن شپ کا انعقاد مارچ 22-29 کو چین میں ہونا تھا تاہم ایونٹ کو جنوبی کوریا منتقل کرکے رواں سال جون میں منعقد کروانے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم دنیا بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے دوسری بار ایونٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ویٹ لفٹنگ
پاور لفٹنگ کی عالمی اور ایشین تنظیموں نے بھی دنیا میں کورونا وائرس کے باعث تمام مقابلوں کو ملتوی کردیا ہے ، پاکستان پاور لفٹنگ فیڈریشن نے پہلے ہی کورونا وائرس کے باعث تمام سرگرمیوں کو روک دیا تھا۔ ان مقابلوں میں ایشین پیسیفک کلاسک اینڈ بنچ پریس پاور لفٹنگ چیمپئن شپ جو مارچ میں تائیوان میں کھیلی جانی تھی، کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے، عالمی کلاسک ماسٹرز پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 19 سے 24 اپریل تک جنوبی افریقا میں، ایشین پاور لفٹنگ چیمپئن شپ 6 سے 10 مئی تک انڈونیشیا میں، عالمی اوپن سب جونیئر، ماسٹرز کلاسک اینڈ بنچ پریس پاور لیفٹنگ چیمپئن شپ 16 سے 23 مئی تک جمہوریہ چیک میں منعقد ہونی تھی۔

گالف
برٹش اوپن کورونا وائرس کی وجہ سے دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار منسوخ کردیا گیا ہے۔ 149 واں اوپن جولائی میں کینٹ کے رائل سینٹ جارج گالف کلب میں ہونا تھا تاہم اب جولائی 2021 میں اسی مقام پر ہوگا۔ اس سے قبل ماسٹرز اوپن گالف ٹورنامنٹ ملتوی کیا جاچکا ہے۔

image


مردوں کے مقابلوں کا سال کا بڑا ایونٹ ماسٹرز اوپن گالف ٹورنامنٹ کا 84 واں ایڈیشن جو 9 اپریل سے امریکی ریاست جارجیا کے شہر اگسٹا میں شروع ہونا تھا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر ملتوی کر دیا گیا اس سے قبل یہ ٹورنامنٹ 1943 ، 1944 اور 1945 میں دوسری جنگ عظیم کے باعث روک دیا گیا تھا۔ اس کے بعد یہ پہلی مرتبہ ہے کہ اس ٹورنامنٹ کو روکنا پڑا ہے۔

YOU MAY ALSO LIKE: