پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 45 موجودہ بین
الاقوامی اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو آن لائن سیشن کے ذریعے ان کے
’بڑوں‘ کی مدد سے سکھایا جائے گا۔
منصوبے کے تحت جاوید میانداد، راشد لطیف، وسیم اکرم، محمد یوسف، مشتاق
احمد، شعیب اختر، معین خان اور مصباح الحق سمیت دیگر تجربہ کار سابق
کرکٹرز ویڈیو لنک کے ذریعے ان موجودہ کھلاڑیوں سے ملیں گے اور انھیں
کرکٹ کے گُر سکھائیں گے۔
یہ آن لائن سیشن بین الاقوامی کرکٹ آپریشنز ڈیمارٹمنٹ کے اشتراک سے
رکھے جارہے ہیں جہاں تجربہ کار کھلاڑیوں کو منفرد اندار میں استعمال
کرنے سے متعلق اظہار خیال ہوتا ہے۔ اس میں یہ کوشش کی جاتی ہے کہ
مستقبل کے کھلاڑی اپنا تجربہ شیئر کر سکیں اور نوجوان کھلاڑیوں کو سکھا
سکیں۔
جاوید میانداد، محمد یوسف اور یونس خان پاکستان کے 21 نوجوان کھلاڑیوں
سے ویڈیو لنک پر بات کریں گے جبکہ وسیم اکرم اور شعیب اختر 13 فاسٹ
بولرز کو لیکچر دیں گے۔
چھ سپنرز کو مشتاق احمد جبکہ معین خان اور راشد لطیف پانچ وکٹ کیپروں
کو گر سکھائیں گے۔
اس موقع پر جاوید میانداد، جو 1992 اور 1987 میں پاکستان کی جیتنے والی
ٹیم کا حصہ تھے، کا کہنا تھا کہ: ’مجھے ان کھلاڑیوں سے ملنے میں دلچسپی
ہے اور امید ہے کہ میں انھیں ایک نئے زاویے کے ذریعے ان کی انفرادی اور
ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد فراہم کر سکوں گا۔‘
|